Saturday, July 27, 2024
Dhanbad News

رابطۂ مدارسِ اسلامیہ صوبۂ جھارکھنڈ کا اجلاس عاملہ اختتام پذیر

۶ صفر المظفر ۱۴۴۵ ہجری مطابق 24 اگست 2023 بروز جمعرات بوقت 10 بجے دن جامعہ ابی بکر صدیق رحمت گنج دھنباد میں بصدارت استاذ العلماء حضرت مولانا محمد اسحاق صاحب قاسمی، صدر رابطہ مدارس اسلامیہ صوبہ جھارکھنڈ و مہتمم مدرسہ اصلاح المسلمین سرکارڈیہ دھنباد رابطہ کا اجلاس عاملہ منعقد ہوا ، پروگرام کی ابتدا مدرسہ اصلاح المسلمین سرکارڈیہ کے جید استاذ قاری محمد حیدر صاحب قاسمی کی تلاوت اور جامعہ ابی بکر صدیق کے ایک ننہا طالب علم محمد نعمان سلمہ کی نعت سے ہوئی جبکہ خطبہ استقبالیہ قاضی شہر حضرت مفتی شاہد صاحب قاسمی نے نہایت ہی مختصر جچے تلے انداز میں پیش کیا،اس کےبعد صوبۂ جھارکھنڈ کے ناظم عمومی حضرت مولانا محمد رستم صاحب قاسمی نے تمام اہم ایجینڈوں کی وضاحت فرمائی اور جتنے بھی اشکالات رونما ہوئے بہت وقار اور اطمینان کے ساتھ ان کا جواب عنایت فرمایا، صوبے کے نامور عالمِ دین استاذی حضرت مفتی محمد سیف اللہ قاسمی نے نہایت ہی سلیقہ مندی متانت و سنجیدگی اور مقتضٰی حال کے مطابق نظامت کے فرائض انجام دیے ، ضلع گڈا کےنمائندے حضرت مفتی محمد اقبال صاحب قاسمی نے ضلعی انتخاب کے طریقہ کار پر اپنے بیش بہا قیمتی مشوروں سے نوازا، ، ضلع ہزاری باغ کے ایک بزرگ عالمِ دین نے اس بات پر زور دیا کہ ہماری ابتدائی تعلیم یعنی ( نورانی قاعدہ ) بہت مضبوط ہو اس لیے کہ یہی اصل ہے اوراساس ہے ،اگر یہاں کمزوری رہی تو آگے بھی کمزوری رہےگی تمام ایجنڈوں پر گفتگو ہوئی ان میں ایک اہم ایجنڈا تھا کہ مشترکہ امتحان کو کامیاب کیسےبنایاجائے؟تمام اہل مجلس کا اس بات پر متفقہ فیصلہ ہوا کہ مدارس اسلامیہ کا نظام تعلیم و تربیت اور انتظام و انصرام مستحکم ہو جتنے مدارس مربوط ہیں سب کو جوڑ کر مشترکہ امتحان کے لیے چار امتحانی سینٹر بنائےجائیں، بعدہ کامیاب ہونے والے طلباء کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامی جلسہ بھی منعقد کیا جائےاوربھی کئی اہم قراردادیں پاس ہوئیں۔
اس موقع پر شہرِ دھنباد کے علماء کرام ،اہل خیرحضرات خصوصاً الحاج محمد انور صاحب وغیرہ نے صوبہ جھارکھنڈ سے آنے والے تمام مہمانوں کا گرم جوشی سے استقبال کیا اورپرتکلف ناشتےاورلذیذکھانےکا انتظام کیا،فجزاھم اللہ خیرا۔
آخری خطاب اس ریاست کے ناموراور قدیم عالمِ دین حضرت مولانا محمد ابراہیم صاحب قاسمی مدظلہ العالی کا ہوا،انہوں نے اپنے روح پرور خطاب میں فرمایا کہ ہمیں اخلاص کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے ،اخلاص کے بغیر ہمارے اعمال کی کوئی حیثیت نہیں ہے،نیزانہوں نے رابطہ کو مضبوط کرنے کی بھی پرزور اپیل کی، آخر میں رابطہ کے صدر باوقار منکسر المزاج شخصیت حضرت مولانا محمد اسحاق صاحب قاسمی نے مدارس اسلامیہ کی تعلیم و تربیت حسن انتظام اور حساب وکتاب کی شفافیت پر غیر معمولی زور دیتے ہوئے رابطہ کو پورے صوبے میں فعال ومتحرک کرنے پر روشنی ڈالی نیز آنے والے تمام مہمانان کرام کا بصمیمِ قلب شکریہ ادا کیا اور بفضلہ تعالی صدر صاحب کی دعا سےبحسن وخوبی اس اہم مجلس کا اختتام ہوا۔

محمد آفتاب قاسمی استاذ مدرسہ اصلاح المسلمین سرکارڈیہ دھنباد جھارکھنڈ

Leave a Response