Saturday, July 27, 2024
Dhanbad News

جمعیۃ علماءجھارکھنڈ کی مجلسِ منتظمہ کے تیسرے زون کے اجلاس سے مولانا سید اسجد مدنی کا خطاب

دین وشریعت کی بقا کے لیے مکاتبِ دینیہ کا قیام ضروری

اربابِ مدارس اپنےاپنے دائرۂ عمل میں اس خدمت کو انجام دیں

دھنباد 25 فروری
آج یہاں مدرسہ جامع العلوم مہاراج گنج دھنباد میں جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کی مجلسِ منتظمہ کے تیسرے زون کا اجلاس حضرت مولانا حبیب الرحمن صدر جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے جگرگوشۂ شیخ الاسلام حضرت مولانا سید اسجد مدنی نائب صدر جمعیۃ علماءجھارکھنڈ شریک ہوئے، ساتھ ہی ساتھ نو اضلاع دھنباد، بوکارو، گریڈیہ، جامتاڑا، دیوگھر، دمکا، پاکوڑ، گڈا اور صاحبگنج کے سینکڑوں صوبائی اور ضلعی اراکین بھی شریک ہوئے۔


مولانا سید اسجد مدنی نے اپنے پر مغز خطاب میں کہا کہ جمعیۃ علماء ہند کی فکر کے بانی حضرت شاہ ولی اللہ محدث دہلوی ہیں، اور اس کا پلیٹ فارم”جمعیۃ علماء ہند” کے نام سے 1919 میں وجود میں آیا، مولانا مدنی نے جمعیۃ کی دوسوسالہ تاریخ سے اراکین کو روشناس کراتے ہوئے کہا کہ آپ تاریخ اٹھاکر دیکھیں، ملت نے جب بھی کسی چیزکی ضرورت محسوس کی، اکابرواسلاف نے اپنی خدمات پیش کی۔ مولانا مدنی نے جمعیۃ علماء ہند کی تاسیس سے لےکر آج تک اس کے صدوراور قائدین کے اسماء سے بھی اراکین کو متعارف کرایا۔ انہوں نے اکابر کی خصوصیات اخلاص، استقامت، اتباعِ رسول، اور خدمتِ خلق کو جمعیۃ علماء ہند کی اساس وبنیاد قرار دیا۔


مولانا مدنی نے بدلتے ہوئے حالات کے تحت اعلیٰ تعلیمی اداروں کے قیام، اسپتالوں اور مسلم بچیوں کے لیے الگ تعلیمی ادارے کے قیام پر زور دیا، انہوں نے اپنی تقریر میں جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کی مختلف میدانوں میں جاری خدمات اور جدوجہد کو سراہتے ہوئے مزید فعالیت کی طرف اراکین کو متوجہ کیا، اور ممبر سازی مہم کو گھر گھر تک پہنچانے کی اپیل کی۔
جمعیۃ علماء اتر پردیش کے نائب صدر حضرت مولانا مفتی محمد اشفاق اعظمی نے اپنے خطاب میں تنظیمی استحکام اور دستورِ اساسی جمعیۃ علماء ہند کی روشنی میں اصول وضوابط کی تشریح کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی جماعت و تنظیم اس کے بغیر مؤثروفعال نہیں ہوسکتی، جس قدر ذیلی اکائیاں مضبوط ہوں گی، ضلعی، صوبائی اور مرکزی جمعیۃ مضبوط وفعال ہوگی، انہوں نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند جن بنیادوں پر قائم ہوئی تھی، آج ںمبھی ان ہی بنیادوں ملک و ملت کی خدمت کررہی ہے، مفتی صاحب نے کہا کہ ضرورت ہے کہ آپ اپنی اپنی جگہ متحرک وفعال ہوجائیں، اور جہاں تک ہوسکے ملت کی خدمت کریں، انہوں نے اجلاس کے انعقاد پر ذمہ داروں کو مبارکباد بھی پیش کی۔
صدر جمعیۃ علماء جھارکھنڈ جناب مولانا حبیب الرحمن قاسمی نے جمعیۃ علماء ہند کی خدمات منظوم پیش کی، اور پیرانہ سالی کے باوجود اپنے عزم واستقامت کا پرزور لفظوں میں اظہار کیا۔


سید عنایت الرحمن مشاہیر مجلسِ منتظمہ جمعیۃ علماءجھارکھنڈ نے بھی اپنی خدمات جاری رکھنے کے عزم کا اعلان کیا، واضح رہے کہ جمعیۃ کے پلیٹ فارم سے ان کی وقیع خدمات سے مسلمانوں کو فائدہ پہنچتا رہتا ہے۔
جمعیۃ علماء ہند کے پرانے بے لوث خادم جناب حافظ محمد یعقوب نے اجلاس کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور اپنی دعاؤں سے نوازا۔
جناب مفتی محمد شہاب الدین قاسمی جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے دوسالہ کارکردگی اور خدمات کو پیش کرتے ہوئے اصلاح معاشرہ عشرہ، سیرت النبی کے جلسے مسجدوں میں منعقد کرنے کی جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کی تحریک کو مزید استحکام کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے مکاتب دینیہ کے قیام کی طرف بھی اراکین کو متوجہ کیا، ساتھ ہی ساتھ صوبہ میں پانچ لاکھ ممبر سازی کے ہدف کو پورا کرنے کی اپیل کی۔


اجلاس میں مسلم خواتین میں بڑھتے فتنۂ ارتداد، اصلاحِ معاشرہ، مظلومین کی قانونی امداد، قیامِ مکاتبِ دینیہ، اعلی تعلیم کے لیے وظائف، نئی قومی تعلیمی پالیسی، عصری تعلیمی اداروں کے قیام، ہجومی تشدد، قومی یک جہتی، تنظیمی استحکام سمیت گیارہ تجاویز منظور کی گئیں۔


تجاویز پیش کرنے والوں میں جناب مفتی عبدالحی قاسمی صدر جمعیۃ علماء دھنباد، مولانا اکرم قاسمی صدر جمعیۃ علماء گریڈیہ، مولانا ادریس مظاہری صدر جمعیۃ علماء گڈا، مولانا اسلام الدین قاسمی صدر جمعیۃ علماء دیوگھر، جناب عزیر صاحب صدر جمعیۃ علماء بوکارو، مولاناعبدالمعید قاسمی صدر جمعیۃ علماء جامتاڑا، مولانا معین الدین قاسمی صدر جمعیۃ علماء پاکوڑ، مولانا عبدالرؤف قاسمی صدر جمعیۃ علماء دمکا کے نام خصوصیت کے ساتھ قابلِ ذکر ہیں۔ تجاویز کی تائید مولانا محمد محمد سہراب جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء دھنباد، مولانا رستم قاسمی جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء گریڈیہ، مفتی عباد الرحمٰن قاسمی جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء گڈا، حافظ اختر جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء دیوگھر، مولانا مصدق قاسمی جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء بوکارو، مفتی صدیق مظاہری جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء جامتاڑا، مولانا ابوبکر قاسمی جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء دمکا، مولانا جوہر مظاہری نائب صدر جمعیۃ علماء گریڈیہ، مفتی الیاس قاسمی خازن جمعیۃ علماء دمکانے کی۔


اخیر میں مولانا مدنی نے مولانا رستم قاسمی کے جواں سال صاحب زادے حافظ عفان رحمہ اللہ کے انتقال پرملال پر اظہارِ تعزیت کیا اور ان کے لیے جملہ حاضرین نے ایصالِ ثواب کیا، اور دعاءِمغفرت کی۔
قاری سلیم کی تلاوت سے اجلاس کا آغاز ہوا، نعتِ پاک مولانا شرف الدین قاسمی نے پیش کی،اجلاس کے آغاز سے پہلے فلک شگاف نعروں کے ساتھ مولانا مدنی کا استعمال کیا گیا، اورترانۂ جمعیۃ کے ساتھ رسمِ پرچم کشائی کی گئی۔مولانا مدنی کی دعاؤں سے اجلاس کا اختتام عمل میں آیا ۔

Leave a Response