Saturday, July 27, 2024
Hazaribag News

مظلوموں کے مسیحاجناب الحاج گلزاراحمداعظمی کے انتقال پر جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کا اظہارِ تعزیت

 

ہزاری باغ 20اکتوبر:
جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے جمعیۃ علماء ہند کے بے لوث خادم، مظلوموں کے مسیحاجناب الحاج گلزاراعظمی رحمہٗ اللہ کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ اور پسماندگان سے اظہارتعزیت کیاہے۔
 جناب الحاج گلزاراحمداعظمی ؒکی خدمات تقریباً ساٹھ سال پر محیط ہیں،وہ مظلوموں کے مسیحاتھے۔ انھوں نے اسلاف واکابر شیخ الاسلام مولانا حسین احمدمدنیؒ،سحبان الہند مولانا احمدسعیددہلویؒ، مجاہد ملت مولانا حفظ الرحمن سیوہاروی ؒکے زیر تربیت رہ کر جمعیۃ علماء ہند کے پلیٹ فارم سے ملی خدمات کا آغازکیا، اور جہد ِ مسلسل کے ساتھ سرگرمِ عمل رہے،اور آخری سانس تک اس پر قائم رہے۔وہ مظلومین کے لیے ایک آوازتھے اور سینکڑوں بے سہاراخواتین کاسہارابھی،مظلوموں کی رہائی کاجو بیڑاانھوں نے اٹھایاتھا، اس سے کبھی بھی ایک قدم پیچھے نہیں ہٹے،وہ بے باک اور عزم واستقلال کے پہاڑ تھے۔بے قصوروں کی رہائی کے لیے ان کی جدوجہد جنون کی حدتک تھی،اس سلسلہ میں ان کی ہر تگ ودواخلاص وللہیت اور استقامت وعزیمت کی تصویرتھی۔ جمعیۃعلماء ہند،دارالعلوم دیوبند،اور اکابر واسلاف سے محبت وعظمت ان کی طبیعت ثانیہ تھی۔ جمعیۃ علماء ہند ان کی ذات میں رچی بسی تھی،کسی بھی کام میں اسلاف کے نشانِ راہ کو مضبوطی سے تھامے ہوئے تھے۔
ملک میں جب دہشت گردی کے الزام میں مسلم نوجوانوں پرقیدوبند اور گرفتاری کی مصیبت آن پڑی، اس وقت وہ ان کے لیے آہنی دیواربن کرقانونی امدادفراہم کی اور ان کی ایسی فریاد رسی کی،جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔مظلوموں کی مدد کرناان کا سب سے بہترین اور محبوب مشغلہ تھا۔ خدمت سے خداملتاہے، اس راز کو انھوں نے سمجھ لیاتھااوراس لذت سے بھی آشناتھے۔اسی وجہ سے کسی بھی وقت وہ نہ گھبرائے نہ قدم پیچھے ہٹایا،اور آخری سانس تک اس محاذ میں ڈٹے رہے،ساتھ ہی ساتھ مظلوموں کے اہل خانہ کی بھی خبر گیری کرتے رہے۔ وہ قانونی امدادی کمیٹی کے سربراہ تھے اور بانی بھی۔ ملک بھرمیں کسی بھی مظلوم کے لیے وہ ایک سہاراتھے۔
الحاج گلزاراحمداعظمی ؒکا انتقال بلاشبہ ملت اسلامیہ کے لیے ایک عظیم سانحہ ہے،جس سے ہرفرداشکبارہے۔اللہ تعالیٰ مرحوم کی بال بال مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاکرے،پسماندگان کو صبر جمیل کی دولت سے نوازدے،اور ان کی خدمات کو ان کے لیے ذخیرۂ آخرت،مغفرت اور رفعِ درجات کا ذریعہ بنائے اورملت کو ان کا نعم البدل عطاکرے۔
جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے صدر مولاناحبیب الرحمن قاسمی اورجنرل سکریٹری مفتی محمدشہاب الدین قاسمی نے ضلعی جمعیتوں کے ذمہ داران،کارکنان، ارباب مدارس،ائمۂ مساجد اور عام مسلمانوں سے مرحوم کے لیے ایصال ثواب اور دعائے مغفرت کی اپیل کی ہے۔

Leave a Response