Saturday, July 27, 2024
Ranchi Jharkhand News

جامعہ رشید العلوم چترا میں ششماہی امتحان کے کامیاب طلبہ کے درمیان ہزاروں روپے بطور انعام تقسیم

چترا(نامہ نگار)جھارکھنڈ کی معروف و مرکزی درس گاہ جامعہ رشید العلوم چترا میں ششماہی امتحان کے نتائج کا اعلان اور ممتاز طلبہ کے درمیان تقسیم انعامات کی تقریب کا انعقاد جامعہ کے مہتمم و شیخ الحدیث مفتی نذر توحید المظاہری کے زیر صدارت مولانا رحمت اللہ مسجد میں کیا گیا۔
صدر مجلس نے نمایاں نمبرات سے کام یاب ہونے والے طلبہ کی کد و کاوش،محنت و کوشش اورجہد و سعی کو جہاں سراہا،وہیں کوئی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر پانے والے طلبہ کو بھی حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ:
گرتے ہیں شہسوار ہی میدانِ جنگ میں
وہ طفل کیا گرے جو گھٹنوں کے بل چلے
انہوں نے درس نظامی میں شامل عربی ادب کی مشہور کتاب مقامات حریری کے حوالے سے ایک سطر نقل کی کہ “عند الامتحان،یکرم الرجل او یہان”(امتحان یا تو عزت افزائی کا سبب بنتا ہے یا ذلت کا۔)چنانچہ جن طلبہ نے بہر صورت اپنی توجہ درس و مذاکرے پر مرکوز رکھی،تیقظ و بیداری کو حرز جان بنایا اور حاصل شدہ فرصت و وقت کو غنیمت جان کر اس کی قدر دانی کی انہیں توفیق ملی،انہوں نے اس امتحان میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انعامات حاصل کیے،جس کے نتیجے میں ان کی وقعت میں اضافہ ہوا،ٹھیک ایسے ہی جنہوں نے لایعنی مصروفیات و مشغولیات میں اپنا وقت گزارا اور پڑھنے لکھنے سے پہلو تہی کرتے رہے،آج وہ کف افسوس مل رہے ہیں اور اپنے ہم نشینوں کی نگاہ میں انہیں کوئی مقام حاصل نہیں ہے۔
جامعہ کے صدرالمدرسین و استاذ حدیث مفتی شعیب عالم قاسمی نے طلبہ کومخاطب کرتے ہوئے متعدد قیمتی نصیحتوں سے مستفید کیا،اور ان کے کامیاب مستقبل کی اس شاہ کلید سے آگاہ کیا،جو زندگی کے ہر مرحلے میں ترقی کی راہ پر انہیں رواں دواں رکھنے میں معاونت کرےگی۔
جامعہ کے دفتر تعلیمات سے مولانا اقبال نیر مظاہری نے بتایا کہ درجات حفظ اور اعدادیہ تا دورۂ حدیث شریف کے امتحانات کا انعقاد کیا گیاتھا،ابھی جس کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے۔اس امتحان میں اول پوزیشن کےلیے %60 یا اس سے زائد،دوم کےلیے %50 یا اس سے زائد اور سوم کےلیے %45 یا اس سے زائد نمبرات لانے لازمی تھے۔انہوں نے مزید معلومات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب طلبہ کو دیئے گئے انعامی رقم کی تفصیل اس طرح ہے:دورۂ حدیث شریف میں بالترتیب 1000,700,500 روپے،درجہ عربی ششم میں 800,500,400 روپے،درجہ عربی پنجم میں 700,500,300 اور اس کے نیچے کے درجارت میں امتیازی نمبرات حاصل کرنے والے طلبہ کو بالترتیب 500,300,200 روپے بطور انعام دیے جاتے ہیں۔نیز درجات حفظ کی ہر درس گاہ کے اول آنے والے کو 300،دوم آنے والے کو 200 اور سوم آنے والے کو ایک سو روپے بطور انعام دیئے جاتے ہیں۔۔
تمام درجات میں امتیازی نمبرات سے کام یاب ہونے والے ممتاز طالب علم کو اول انعام کے ساتھ ساتھ مزید 500 روپے بطور امتیازی انعام دیئے گئے۔مزید انہوں نے بتایا کہ عربی دوم (ترتیب:ب) کے طالب علم عدنان ثاقب(گریڈیہہ) %91.92فی صد نمبرات حاصل کرکے سب سے ممتاز رہے،جن کی انعامی رقم مجموعی طور پر 1000 روپے رہی۔
انہوں نے تمام درجات کے کام یاب ہونے والے طلبہ کے نام مع پوزیشن کے جو تفصیلات دیں،وہ یہ ہیں:دورۂ حدیث شریف میں جمال محمد(چترا)اول،محمد صالح حیات(بہراڈیہہ) دوم اور محمد ابرار(نیپال)سوم ہے۔عربی پنجم میں محمد توقیر (ہزاریباغ)دوم اور محمد توصیف سوم رہے۔عربی چہارم میں محمد فرحان انصاری(تری)،محمد انس(چترا) اور محمد غفران(رانچی)سوم رہے۔ عربی سوم میں محمد علی(سونرو)اول،ریحان فضل(لوہردگا) دوم اور محمد واحد(مائل چترا)سوم رہے۔درجہ عربی دوم (ترتیب الف) میں محمد احسان(رام گڑھ)اول،مظفر انصاری(دوم)اور علقمہ بشیری(پرسونی) سوم رہے۔ عربی دوم (ترتیب:ب)میں عدنان ثاقب(گریڈیہہ)اول،نثار عالم (رانچی)دوم اور محمد شاہد (لوسنگھنا)سوم رہے۔عربی اول میں ابو بکر (نوادہ)اول ،محمد ظفر(ہزاریباغ)دوم اور محمد عرباض (گھٹیری)سوم رہے۔
حفاظ کےلیے مختص درجہ اجرائے عربی و فارسی(ترتیب:الف) میں محمد سلمان حسن(چترا)اول،محمد مہتاب عالم(سندواری)دوم،اور توصیف عالم(رانچی)سوم رہے۔اجرائے عربی و فارسی(ترتیب:ب)میں محمد نصراللہ انصاری (سلیم پور)دوم،اور محمد انس عالم(چھتیس گڑھ)سوم رہے۔اجرائے عربی و فارسی (ترتیب:ج) میں محمد ثمیر(چترا)دوم اور ابو شحمہ(گریڈیہہ)سوم رہے۔مذکورہ دونوں درجات اورعربی پنجم اول پوزیشن کےلیے اور عربی ششم تمام پوزیش کےلیے مطلوبہ نمبرات حاصل نہ کر پانے کی وجہ سے اول پوزیشن سے خالی رہے۔ابتدائے فارسی میں تنزیل الرحمان(گملا)اول،اور سفیان نعیم(چترپور)دوم رہے۔

درجات حفظ میں قاری محمد توصیف رشیدی کی درس گاہ سے محمد دانش(چترا)اول،محمد ابو طلحہ (ڈمول)دوم،اور افضل آرزو (ڈھنگر ٹولی)سوم رہے۔قاری سلیم اختر رشادی کی درس گاہ سے واجد اکرم(ہزاریباغ)سوم رہے۔حافظ اسلام رشیدی کی درس گاہ سے محمد سعد،سمریا سوم رہے۔امتیازی انعام برائے حفظ قرآن قاری توصیف رشیدی کی درس گاہ سے محمد افروز (چترا)نے حاصل کیا۔
تقسیم انعامات کی اس تقریب میں مولانا آفاق عالم المظاہری،مولانا شعیب اختر المظاہری،مفتی عباداللہ المظاہری،مولانا و حافظ حبیب اللہ القاسمی،مولانا و حافظ اشفاق احمد المظاہری،مولانا وقاری سہیل احمد المظاہری،مفتی دل شاد المظاہری،مفتی احرار القاسمی،مولانا محمد اسامہ صادق المظاہری،مولوی عزیر عالم رشیدی،مولانا عبدالغفور رشیدی،مفتی غلام سرور المظاہری،مفتی عمار القاسمی،مفتی محمد بن نذر رشیدی ندوی، مفتی وصی اللہ المظاہری و دیگر اساتذۂ کرام بھی موجود تھے۔

Leave a Response