مدرسہ جامعہ عربیہ مدینۃ العلوم میں مولانا حکیم الدین قاسمی کا پرتپاک استقبال


رانچی/چانہو: مدرسہ جامعہ عربیہ مدینۃ العلوم، قصبہ ٹانگر، چانہو، ضلع رانچی میں آج جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا حکیم الدین قاسمی کا انتہائی شاندار اور پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مدرسہ کے طلبہ، علماء اور علاقے کے معززین نے حضرت کی آمد پر گرمجوشی کے ساتھ خیرمقدم کیا۔ استقبال کا منظر اس قدر پُرجوش تھا کہ موجود افراد یہ کہنے پر مجبور ہوگئے کہ یہ علاقہ واقعی علماء نواز علاقہ ہے۔استقبالیہ پروگرام کے بعد مدرسہ کی جانب سے حضرت مولانا حکیم الدین قاسمی اور ان کے رفقاء کے لیے پرتکلف ناشتے کا بھی انتظام کیا گیا، جس پر انہوں نے مدرسہ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔واضح رہے کہ حضرت مولانا حکیم الدین قاسمی مدرسہ خیر العلوم، چندوا، ضلع لاتیہار میں جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کی مجلسِ منتظمہ کے ایک اہم اور پروقار اجلاس میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کے لیے تشریف لے جا رہے تھے۔ اسی دوران مدرسہ جامعہ عربیہ مدینۃ العلوم میں ان کا استقبال کیا گیا۔اس موقع پر مدرسہ کے ناظم حافظ تجمل حسین، صدر مدرس مولانا ابوالکلام، مولانا عبدالعزیز، مولانا عبدالقیوم قاسمی، مولانا حافظ شہباز چانہو، مولانا رفیق چانہو سمیت اطراف و اکناف کے علماء، طلبہ اور سینکڑوں افراد موجود تھے۔اس موقع پر مدرسہ کے ذمہ داران اور اہل علاقہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علاقے میں دینی، تعلیمی اور اصلاحی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا۔








