Saturday, July 27, 2024
Bihar News

خدمت خلق بہت بڑی عبادت۔ڈاکٹر شبلی نعمانی

 

گرین لائف اکیڈمی کے زیر اہتمام پن شلا کا افتتاح 

بہارشریف() گرین لائف ویلفیئر سوسائٹی اینڈ پبلک فار ہیومینیٹی کے زیر اہتمام پیغام امن کے مقصد کے تحت آج مقامی ٹیلیفون اکسچنج کے پاس واقع بھینساسور محلہ میں پن شلا کا افتتاح نالندہ کے ایم پی کوشلیندر کمار اور ڈی ایس پی ڈاکٹر شبلی نعمانی نے فیتہ کاٹ کر کیا ۔اسی موقع پر ان مہمانان خصوصی نے گرین لائف اکیڈمی کے سالانہ تقریب میں شرکت کر کے بچوں کو انعامات سے نواز کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔

ان تقاریب کے موقع پر ڈاکٹر شبلی نعمانی نے کہا کہ بلا شبہ دکھی انسانیت کی خدمت بہت بڑی عبادت ہے اور اس کار خیر کے لئے سبھوں کو پیش رفت کرنی چاہئے ۔انہوں نے اس پہل کے لئے سوسائٹی کے سکریٹری و  وارڈ کونسلر انجنیئر علی احمد کے جذبہ کی ستائش کی۔ انہوں نے اکیڈمی کے ہونہارطلباء وطالبات کی بھی ستائش کی اور پوری تندہی اور ایمانداری کے ساتھ تعلیم کے حصول کی ہدایت دی۔ساتھ ہی انہوں نے اکیڈمی کے روح رواں انجنیئر علی احمد  انکی اہلیہ ڈائریکٹر ڈاکٹر حلیمہ خاتون ہیڈ ماسٹر ستیش کمار کو مبارکباد پیش کی۔اسی موقع پر ایم پی کوشلیندر کمار نے بھی اس گرمی کے موسم میں راہگیروں اور مسافروں کی سہولت کے پیش نظر پن شلا کے انتظام  کے لئے وارڈ کمشنر انجنیئر علی احمد کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ہر ذی حیثیت لوگ اس طرح کے رفاہی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔ انجنیئر علی احمد نے تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ انکی چھوٹی سی کاوش ہے۔محلہ والوں اور شہر والوں کا اسی طرح خلوص ملتا رہا تو انشاءاللہ وہ انکی ہر طرح کی خدمت کے لئے تیار ہیں کیونکہ خدمت کر کے انہیں سچی خوشی ملتی ہے۔

Leave a Response