Saturday, July 27, 2024
Blog

دعا کے ساتھ جامعہ رشیدالعلوم چترا تعلیمی سال کا آغاز،ابتداء تا دورۂ حدیث کے داخلے آج سے

چترا(نامہ نگار)جھارکھنڈ کی نمایاں و معروف دینی دانش گاہ اور ایک صدی قدیم تعلیمی خدمات کا طویل ریکارڈ رکھنے والے قدیم ترین ادارہ جامعہ رشید العلوم چترا کے تعلیمی سال کا آغاز تمام اساتذہ و عملہ کی موجودگی میں ادارے کے مہتمم و شیخ الحدیث مفتی نذر توحید المظاہری کی دعا پر ہوا۔جامعہ کے میٹنگ ہال میں افتتاحی دعا کی گئی،اور مخلص و مستعد ہو کر طلبہ کی صلاح و فلاح کےلیے کوشاں رہنے کا عزم کیا گیا۔
جامعہ میں جدید و قدیم داخلوں کا آغاز 11 شوال المکرم 1445ھ مطابق 21 اپریل 2024ء سے ہوگا۔داخلے درجات حفظ،ابتدائی فارسی وعربی تا دورۂ حدیث شریف میں ہوں گے۔
جامعہ میں طلبہ کو دی جانےوالی سہولیات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے جامعہ کے ناظم شعبۂ تنظیم وترقی مولانا شعیب اختر مظاہری نے بتایا کہ طلبہ کے قیام کےلیے دارالاقامہ،ان کی تعلیم کے لیےدرس گاہ،دو وقت کھانا جس میں ہفتے کے ایک دن بریانی اور ایک دن گوشت اور ناشتے میں باری باری کھیر،چنا،کھچڑی،سوجی کا حلوہ،ساتھ ہی پینے کےلیے آر او کے ذریعہ صاف پانی اور واٹر کولر کا نظم ہے۔طلبہ کے علاج ومعالجہ کا کفیل بھی جامعہ ہی ہے،اور انہیں پڑھنے کےلیے کتابیں بھی عاریتاً کتب خانے سے ہی ملتی ہیں،طلبہ کے پینے کےلیے فلٹر پانی اور گرمیوں میں فلٹر کے ساتھ ٹھنڈےپانی کا بھی انتظام ہوتا ہے۔سردیوں میں غسل و وضو کےلیےگرم پانی کا نظم کیا جاتا ہے نیز طلبہ کو عاریۃً کمبل بھی دیے جاتے ہیں۔
انہوں نے خاص طور پر حفاظ طلبہ کےلیے جامعہ میں قائم درجہ اجراء عربی و فارسی کے متعلق بتایا کہ حفاظ طلبہ کا ذہن حفظ کلام پاک کی وجہ سے چوں کہ غیر حفاظ کے مقابلے میں قدرے پختہ ہوتا ہے اور ان کا قابل ذکر وقت حفظ میں بھی لگ چکا ہوتا ہے،لہذا ان کی ذہنی استعداد اور وقت؛دونوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اجراء عربی و فارسی کے نام سے جامعہ میں خصوصی درجہ موجود ہے،جس میں ابتدائی فارسی اور ابتدائی عربی کی کتابیں دو سال کے بجائے ایک سال میں پڑھا دی جاتی ہیں،اور آئندہ سال انہیں عربی دوم میں ترقی دے دی جاتی ہے،جس سے ان کا وقت بچتا ہے اور استعداد میں بھی کوئی نقص نہیں رہتا۔ایسے ہی درجۂ عربی ششم اور ہفتم یعنی جلالین اور مشکوۃ جسے مدارس کی اصطلاح میں موقف علیہ تام کہا جاتا ہے،کی تعلیم کا نظم دو کے بجائے ایک ہی سال میں ہے۔نیز سال گذشتہ کی طرح امسال بھی طلبہ کو کمپیوٹر کی بنیادی معلومات بھی فراہم کی جائیں گی اور دسویں کلاس یعنی میٹرک کے امتحانات بھی فاصلاتی طور پر دلوائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید بتلایا کہ جامعہ رشید العلوم میں تعلیمی معیار کو بڑھانے کی کوشش ہمہ وقت جاری و ساری ہے ۔
درجۂ ناظرہ،حفظ اور درجۂ فارسی سے عربی سوم تک کے طلبہ کا ماہانہ امتحان ہوتا ہے اور ہر درجہ میں اول، دوم ، سوم پوزیشن لانے والے کو ہر ماہ نقد انعام دیا جاتا ہے۔75 فی صد اور اس سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے کو اول 65 فی صد سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے کو دوم اور 55 فی صد سے زائدنمبرات حاصل کرنے والے کو سوم پوزیشن کا انعام دیاجاتا ہے۔
95 فی صد اور اس سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے کو امتیازی انعام سے نوازا جاتا ہے۔تمام طلبہ میں سب سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے ممتاز طالب علم کو بھی خصوصی انعام دیا جاتا ہے۔
سہ ماہی،ششماہی و سالانہ امتحان میں اول دوم سوم پوزیشن والے طلبہ کو بھی انعام سے نوازا جاتا ہے۔سالانہ امتحان کے حاصل کردہ نمبرات پر تمام طلبہ کو نمبرات کی قیمت متعینہ کے حساب سے کتابیں دی جاتی ہیں اور پوزیشن لانے والے طلبہ کو کتابوں کے ساتھ ساتھ نقد انعام بھی دیا جاتا ہے۔
جامعہ کے حفاظ طلبہ کے مابین داخلی مسابقہ القرآن فی الحفظ و التجوید منعقد کروایا جاتا ہے۔سال گذشتہ حفظ قرآن کریم(ثلث اول) وتجوید کا داخلی مسابقہ ہوا،جس میں 57 طلبہ شریک ہوئے۔اول، دوم ،سوم آنے والے طلبہ کو بالترتیب تین ہزار، دو ہزار اور ایک ہزار روپے کے امتیازی انعام سے نوازا گیا،نیز تمام شرکاء کو ایک ایک سو روپے بطور تشجیعی انعام دیئے گئے۔
جامعہ کے زیر انتظام ضلع چترا و لاتیہار کے مدارس کے طلبہ کے درمیان مسابقۃ القرآن فی الحفظ و التجوید منعقد کیا گیا۔یہ مسابقہ دو زمروں،زمرۂ اولیٰ(حفظ قرآن کریم ثلث اول) اور زمرۂ ثانیہ(مکمل قرآن کریم حفظ) پر مشتمل تھا۔اس میں 18 اداروں سے 51 طلبہ نے شرکت کی۔زمرۂ اولیٰ کے پانچ ممتاز طلبہ کو بالترتیب پانچ ہزار،تین ہزار،دو ہزار اور ایک ایک ہزار روپے نیز زمرۂ ثانیہ کے بھی پانچ ممتاز طلبہ کو بالترتیب دس ہزار،سات ہزار،پانچ ہزار اور دو دو ہزار روپے بطور امتیازی انعام دیئے گئے۔ساتھ ہی تمام شرکاء کو دو دو سو روپے تشجیعی انعام کے طور پر دیئے گئے۔
حفظ قرآن مکمل کرنے والے وہ طلبہ جنہوں نے ایک نشست میں مکمل قرآن سنایا،ان طلبہ کو دس دس ہزار روپے نقد اور سننے والے اساتذہ کو فی طالب علم پانچ پانچ ہزار روپے کے انعام سے نوازا گیا۔
طلبہ کی لسانی و تحریری صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کےلیے قائم انجمن اصلاح البیان کی جانب سے مسابقۂ خطابت،مسابقۂ قرأت،مسابقۂ نعت،مسابقۂ اذان،بیت بازی،النادی العربی،مسابقہ برائے انگلش اسپیچ (انگریزی تقریر )منعقد ہوتا ہے،اس میں بھی پوزیشن حاصل والے طلبہ اور شرکاء کو انعام سے نوازا جاتا ہے۔
درجۂ عربی سوم سے لیکر منتہی درجات کے طلبہ کے لیےباری باری ہفتے میں دو دن کمپیوٹر کلاس کا نظم ہے۔
داخلے سے متعلق ضوابط کی تفصیل فراہم کرتے ہوئے دفتر تعلیمات سے مولانا محمد اقبال نیر مظاہری نے بتایا کہ قدیم داخلے 11 تا 15 شوال المکرم اور جدید داخلے11 تا 17 شوال المکرم ہوں گے نیز درجہ دورۂ حدیث شریف میں داخلے کی تاریخ 11 تا 21 شوال المکرم ہوگی،اور شوال کے تیسرے عشرے کے اوائل میں اسباق شروع ہو جائیں گے۔داخلہ امتحان میں کامیابی اور قدیم طلبہ کی ترقی سالانہ امتحان میں کام یابی پر موقوف ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ جدید طلبہ کےلیے مجوزہ کتابوں کا امتحان دینا اور ان میں کامیابی حاصل کرنا لازمی ہوگا،بدون اس کے مطلوبہ درجہ میں داخلہ نہیں ہوگا،البتہ بعد امتحان ممتحن کے تجویز کردہ درجے میں داخلے کی گنجائش ہوگی،نیز قدیم طلبہ کے دو کتابوں میں بیس سے کم نمبرات لاکر ناکام ہونے کی صورت میں ان کو اگلے درجے میں ترقی نہیں دی جا سکےگی،بلکہ ان کا داخلہ سابقہ درجے میں ہی ہوسکےگا۔داخلے کے خواہش مند طلبہ کے لیے پاسپورٹ سائز تصویر اور آدھار کارڈ ساتھ لانا لازمی ہوگا۔داخلے اور اس سے متعلق ضروری تفصیلات و معلومات کےلیے دفتر تعلیمات سے ان نمبرات پر رابطہ کیا جا سکتا ہے:
7979708916
8651146372
9534036811

Leave a Response