All India NewsJharkhand News

دار القضاء کے ذریعہ مظلوموں کو انصاف اور حق دار کو ان کا حق ملتاہے۔ مولانا محمد انظار عالم قاسمی

Share the post

بالوماتھ ضلع لاتیہار جھارکھنڈ میں قیام دار القضاء کے سلسلہ میں جائزہ میٹنگ سے علماء کا خطاب

اللہ تعالیٰ پر ایمان لانے کے بعد حق کے ساتھ فیصلہ کرنا جملہ فرائض میں سے اہم اور ساری عبادتوں سے اشرف عبادت ہے، انبیاء اور رسولوں کی بعثت اسی لئے ہوئی اور خلفائے راشدین پوری زندگی اس کام کو انجا دیتے رہے،اورہمیشہ احکام خداوندی کو نافذ کرتے رہے ۔ انصاف کا قیام نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے علاوہ تمام انبیاء کی عظیم سنت رہی ہے، انصاف کو عام کرنے کا حکم تمام انبیاء کو دیا گیا، اسی لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی حیات میں تمام علاقوں میں قاضی مقرر کیے تاکہ انصاف عام ہو اور انسانیت کو روحانی سکون میسر ہو۔اس لیے امارت شرعیہ کا جب قیام عمل میں آیاتو سب سے پہلے دارالقضاء قائم کیا گیا کیوں کہ نظام امارت شرعیہ کی بنیاد ہی حق وعدل پر رکھی گئی ہے، امارت شرعیہ کا شعبۂ دار القضاء یہاں کے پورے نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، کیوں کہ اس سے مظلوموں کو انصاف اور حق دار کو ان کا حق ملتا ہے اور ایک صالح اور پر امن معاشرہ کا وجود عمل میں آتا ہے۔ ایک مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہمارا یہ فرض ہے کہ ہم اپنی زندگی اسلامی تعلیمات کے سانچے میں ڈھالیں،اور اپنے معاملات بالخصوص نکاح، طلاق، خلع، وراثت و دیگر خاندانی و معاشرتی مسائل کا تصفیہ شریعت اسلامی کے مطابق کرائیں۔ان خیالات کااظہار حضرت مولانا محمد انظار عالم قاسمی قاضی شریعت امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ، پھلواری شریف پٹنہ نے بالوماتھ ،ضلع لاتیہار جھارکھنڈ میں قیام دار القضاء کے سلسلہ میں رکھی گئی میٹنگ میں کیا۔ انہوں نے مزید فرمایا کہ دار القضاء کاقیام امارت شرعیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ، امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ اور مغربی بنگال میں امارت شرعیہ کے تحت اب تک اکانوے دارالقضاء کا قیام عمل میں آچکا ہے جہاں مسلمان اپنے معاملات کو لیکر جاتے ہیں اور شرعی طور پر اپنے معاملات حل کراتے ہیں۔ حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب امیر شریعت امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ کے حکم پر جھارکھنڈ کے مختلف علاقوں میں جہاں دار القضاء کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے ۔ انشاء اللہ عنقریب ہی دار القضاء کا قیام عمل میں آئےگا،اسی کی ایک کڑی بالوماتھ ضلع لاتیہار میں دار القضاء کے قیام ہے ، انشاء اللہ جلدہی یہاں کی جامع مسجد میں دار القضاء کا قیام عمل میں آئے گا۔ واضح رہے کہ امارت شرعیہ کے ایک وفد نے لاتیہار میں قیام دار القضاء کاجائزہ لیا جس میں قاضی امارت شرعیہ مولانا محمد انظارعالم قاسمی کے علاوہ مفتی امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ مولانا محمد سعید الرحمن قاسمی ،مولانا انور قاسمی قاضی شریعت رانچی جھارکھنڈ ، مولانا وسیم احمد قاسمی قاضی شریعت ضلع گیا اور مولانا عارف انور صاحب تربیت قضاءشریک رہے ۔


مولانا مفتی سعید الرحمن قاسمی مفتی امارت شرعیہ بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ پھلوری شریف، پٹنہ نے فرمایا کہ امارت شرعیہ کے قیام کا مقصد کلمہ کی بنیاد پر مسلمانوں کو متحد اور مربوط رکھنا ہے ، موجودہ حالات میں ذات پات اور مسلک ومشرب کے جھگڑوں سے اوپر اٹھ کر امت کی رہنمائی کرنا وقت کی ضرورت ہے ، اپنے عائلی معاملات کو شریعت کی روشنی میں حل کرانے کی جانب رہنمائی کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے ، شریعت کی روشنی میں معاملات کو حل کرانے کے لئے مختلف اضلاع میں امارت شرعیہ نے دار القضاء قائم کیا ہے ، لہذا اپنے معاملات کو دار القضاء کے ذریعہ حل کر ائیں۔


مولانا انور قاسمی قاضی شریعت دار القضاء امارت شرعیہ رانچی جھارکھنڈ نے فرمایا کہ بڑی مسرت کی بات ہے کہ جامع مسجد بالو ماتھ، ضلع لاتیہار میں امارت شرعیہ کی جانب سے دار القضاء قائم ہورہا ہے ، قاضی شریعت مرکزی دار القضاء امارت شرعیہ جائزہ کے لئے تشریف لائے ہیں، عیدالفطر کے بعد ایک عظیم الشان اجلاس عام زیر صدارت امیر شریعت ہوگا دار القضاء کا قیام عمل اور قاضی کا تقرر عمل میں آئے گا۔ ہم مسلمان ہیں، احکام الٰہی پر عمل ہمارا اولین فریضہ ہے، لہذا شریعت کے احکام کے مطابق اپنی زندگی گذاریں، اپنے معاملات دنیوی اداروں میں لے جانے کے بجائے شرعی طور پر حل کرانےکے لئے دار القضاء سے رجوع کریں ، جہاں انشاء اللہ کم خرچ اور کم وقت میں آپ کے مسائل کا صحیح اور شرعی تصفیہ کیا جائے گا۔
اس جائزہ میٹنگ میں الحاج شبیر احمد صاحب صدر انجمن سبحان المسلمین، مولاناضیاء اللہ مظاہری سکریٹری انجمن سبحان المسلمین ، الحاج مطیع الرحمن صاحب (نیاجی) مولانا عطاء اللہ صاحب امام جامع مسجد ، مولانا شاہد مظاہری ، مولانا معاذ مظاہری، حافظ شمیم احمد صاحب سابق مبلغ امارت شرعیہ رانچی، مولانا عبد الواحد چترویدی کے علاوہ مقامی ائمہ ، علماء، دانشور اور اہل علم حضرات نےکثیر تعداد میں شرکت کی اور سبھوں نے امارت شرعیہ کے کاموںکو سراہتے ہوئے بالوماتھ ضلع لاتیہار میں دار القضاء کے قیام کو خوش آئند قرار دیا، دار القضاء کے قیام کے تئیں لوگوں میں جوش پایا جا رہا ہے ، اس میٹنگ میں لوگوں نے دار القضاء کے قیام کے سلسلہ میں جو بھی ضرورت ہوگی اس کو مقامی طور پر پورا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔

Leave a Response