جمعیت العراقین کربلا چوک رانچی میں پُراثر تعزیتی نشست


سیف الحق نے علاؤالدین صاحب کی خدمات کو ناقابلِ فراموش قرار دیا
رانچی:(عادل رشید) جمعیت العراقین کربلا چوک رانچی کے زیرِ اہتمام آج ایک پُراثر تعزیتی نشست منعقد ہوئی، جس میں تنظیم کے سابق نائب سکریٹری مرحوم علاؤالدین صاحب (90) کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مرحوم اپنی سادگی، ملی و سماجی خدمات اور خدمتِ خلق کے جذبے کے لیے علاقے میں خاص شناخت رکھتے تھے۔ انہوں نے جمعیت العراقین کو مضبوط اور فعال بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔تعزیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت العراقین کے جنرل سکریٹری سیف الحق نے کہا کہ علاؤالدین صاحب ایک مخلص، دیانتدار اور انسان دوست شخصیت تھے۔ جنہوں نے پوری زندگی سماج اور تنظیم کی خدمت میں گزاری۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم نے نہ صرف جمعیت العراقین کو آگے بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا بلکہ غریبوں، ضرورت مندوں اور دکھی انسانیت کی خدمت کو ہمیشہ اپنی ترجیح بنایا۔سیف الحق نے مزید کہا کہ علاؤالدین صاحب جیسی شخصیات کسی بھی سماج کا قیمتی سرمایہ ہوتی ہیں، ان کا انتقال ایک بڑا نقصان ہے، جس کی تلافی آسان نہیں۔ انہوں نے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔اس تعزیتی نشست میں غیاث الدین، دستگیر عالم، مجاہد سہیل، عبدالغفور شاذلی، جاوید شہزاد، ارشد شمیم، اوسامہ، مطیع الرحمن، مستقیم عالم سمیت بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوئے۔ آخر میں مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔








