HomePalamu Newsمعروف عالم دین علامہ سید طاہر حسین گیاوی کے سانحہ ارتحال پر جمعیتہ علماء پلاموں کا اظہار تعزیت
معروف عالم دین علامہ سید طاہر حسین گیاوی کے سانحہ ارتحال پر جمعیتہ علماء پلاموں کا اظہار تعزیت
از قلم: عبد الصَّبور اَلقاسمی
گزشتہ 10 جولائی 2023ء، بروز سوموار تقریبا پونے 12 بجے نعمان الہند، سلطان المناظرین، ماحی بدعت و ضلالت، نگہبانِ اہل سنت والجماعت، ترجمانِ دیوبندیت، سالارِ علماءِ دیوبند، محبوبِ اکابرین دیوبند، محققِّ دوراں، حضرت العلام سید طاہر حسین گیاوی رحمۃ اللہ علیہ اپنے مالک حقیقی سے جا ملے۔
حضرت علامہ گیاوی رحمۃ اللہ علیہ کی رحلت پر جمعیۃِ علماء پلاموں کے صدر حافظ محمد خالد حسین صاحب، سکریٹری مولانا محمد نوشاد عالم صاحب مظاہری، نائب سکریٹری مفتی محمد امتیاز عالم صاحب مظاہری، مفتی معین الدین صاحب، نائب صدر مولانا رفیق صاحب نعمانی، نائب صدر قاری محمد عظمت اللہ صاحب، حافظ منصور عالم، مولانا محمد الطاف حسین مظاہری صاحب اور جملہ اراکینِ جمعیۃِ علماء پلاموں نے بڑے ہی دکھ اور رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم ومغفور کے اہل خانہ کو تعزیت مسنونہ پیش کیا ہے۔
حضرت علامہ سید طاہر حسین ابن سید سلطان احمد 20 جماد الاولیٰ 1366ھ مطابق 12 اپریل 1947ء بروز شنبہ کو مقام کابَر، کونچ، ضلع گیا صوبہ بہار میں پیدا ہوئے، عربی سوم تک کی تعلیم مدرسہ انوار العلوم سے حاصل کی، متوسطات کی تعلیم مدرسہ مظہر العلوم بنارس میں حاصل کی پھر ایک سال مدرسہ مظاہر علوم سہارنپور میں زیرِ تعلیم رہے، پھر 1386ھ مطابق 1967ء میں مادر علمی دارالعلوم دیوبند میں داخلہ لیا، مادر علمی سے درجۂ ششم کے بعد جامعہ اسلامیہ جامع مسجد امروہہ میں داخلہ لیا اور مذکورہ مدرسے سے ہی دورۂ حدیث کی تکمیل کی دریں اثنا الٰہ آباد بورڈ سے عالم و فاضل کا امتحان پاس کیا اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے فرسٹ ڈویژن کے ساتھ ادیبِ کامل کا امتحان پاس کیا۔
حضرت علامہ گیاوی رحمۃ اللہ علیہ نے نصف صدی تک تدریسی، تحقیقی، تالیفی، تصنیفی اور اصلاحی خدمات سے علمی حلقوں کو جِلاء بخشا ہے۔
موصوف اپنے وقت کے محقق، مفسر، محدث، مناظرِ اسلام، محافظِ ختم نبوت، باکمال ادیب اور بے مثال خطیب رہے؛ اپنی ذات میں مکمل انجمن اور بزم ہی نہیں بلکہ یونیورسٹی تھے، ان کی تحریر و تقریر پتھر کی لکیر تھی، ذہانت و فطانت کے مالک تھے، ان کی تحقیقات نے علمی حلقوں کی پیاس بجھانے میں زم زم کا کام کیا ہے۔
حضرت علامہ گیاوی رحمۃ اللہ علیہ کے انتقال پر ملال کے موقع پر ملت مسجد ڈالٹن گنج پلاموں میں مولانا عین الحق صاحب نعمانی نے دعائے مغفرت کرائی اور ملت مسجد سے متصل مدرسہ اَلْہدایہ میں ایصالِ ثواب اور دعائے مغفرت کا اہتمام کیا گیا۔
عبد الصَّبور اَلقاسمی
نائب صدر جمعیۃِ علماء پلاموں
ومہتمم مدرسہ اَلْہدایہ ڈالٹن گنج پلاموں جھارکھنڈ
You Might Also Like
एलएपी पलामु लोकसभा उम्मीदवार सनन राम भूईयां के पक्ष में अपील
लोकहित अधिकार पार्टी का पलामु लोकसभा स्तरीय कार्यकर्ता सम्मेलन सम्पन्न हुआ ! जिलाध्यक्ष अशोक प्रसाद साहू ने अध्यक्षता और जिला...
इस्लामिक स्कॉलर मौलाना सैयद मौसवी रज़ा का मदीना मानव्वारा में निकाह
दावत वलीमा में शहर के शैक्षणिक, सामाजिक, सांस्कृतिक, राजनीतिक, प्रशासनिक, पत्रकार, एवं अन्य संगठनों से जुड़ी प्रमुख लोग शामिल हुए...
اسلامک اسکالر مولانا سید موسوی رضا کا مدینہ منورہ میں نکاح
دعوت ولیمہ میں شہر کی تعلیمی، سماجی، ثقافتی، سیاسی، صحافتی اور دیگر تنظیموں سے وابستہ ممتاز شخصیتوں نے شرکت کی...