آسام اور اڈیشہ میں امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کی ریلیف ٹیمیں متاثرین کے درمیان راحت رسانی میں مسلسل مصروف


آسام واڈیشہ کے حالیہ سیلاب کی بھیانک تباہی نے انسانی دلوں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا
پریشان حال اور مصیبت زدہ بھائیوں کی راحت رسانی کے لئے امارت شرعیہ کی امدادی ٹیمیں جنگی پیمانے پر لگی ہیں
ناظم امارت شرعیہ کی انسانی دردرکھنے والوں سے مصیبت زدگان کی راحت رسانی میں بھرپور تعاون کی اپیل

(پریس ریلیز پھلواری شریف ) صوبہ آسام واڈیشہ میں آئے حالیہ بھیانک سیلاب نے وہاں کے متعدد اضلاع میں جو تباہی مچائی ہے اس نے ہرانسانی درد رکھنے والے لوگوں کے دلوں کو جھنجھور کر رکھ دیاہے، اطلاع کے مطابق موسلادھار بارش اور طوفانی بہاؤ سے دیکھتے دیکھتے سیکڑوں آبادیاں زیر آب ہوگئیں، اربوں کی کھیتیاں تباہ اور کڑوروں کڑور کے اثاثے اورجانور پانی میں بہہ گئے، سینکڑوں گھر ٹوٹ کر گرگئے، جو لوگ اچھے خاصے گھروں میں آباد اور عیش و عافیت کی زندگی گذاررہے تھے وہ دیکھتے دیکھتے سر کے سایہ سے محروم اور دانہ دانہ کے محتاج بن گئے،ہزاروں خاندان کسمپرسی کی زندگی گذارنے پر مجبور ہیں، امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ وجھارکھنڈ پھلواری شریف پٹنہ نے ایسی مشکل گھڑیوں میں انسانیت کی راحت رسانی اورغم کا آنسو پوچھنے میں نمایاں حصہ لیاہے،چنانچہ اس موقع پر بھی امیر شریعت مفکرملت حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی مدظلہ کی ہدایت کے مطابق آسام واڈیشہ کے سیلاب متاثرین کی راحت رسانی کے لئے 19؍ افراد پر مشتمل امارت شرعیہ کی 2؍ امدادی ٹیمیں صوبہ آسام واڈیشہ بھیج دی ہیں جو سیلاب زدگان کے درمیان راحتی اشیاٗ تقسیم کر رہی ہیں، راحت رسانی کے اس کام میںآسام ریلیف ٹیم کی قیادت مولانا احمد حسین مدنی قاسمی معاون ناظم امارت شرعیہ، اورا ڈیشہ ٹیم کی قیادت مفتی عبد اللہ انس قاسمی رفیق مرکزی دارالقضاء امارت شرعیہ کررہے ہیں ،اور اس میں امارت شرعیہ کے دیگر کئی معزز علماء کرام اور جامعہ رحمانی مونگیر کے اساتذہ کرام بھی شامل ہیں۔

مذکورہ باتیں امارت شرعیہ بہاراڈیشہ وجھارکھنڈ کے ناظم جناب مولانامفتی محمد سعیدالرحمن قاسمی صاحب نے کہیں، انہوں نے کہاکہ امارت شرعیہ نے ہمیشہ ایسے مواقع پراہل خیرکے تعاون سے مصیبت زدگان کے لئے عبوری راحت سے لے کر باز آبادکاری کی خدمت انجام دی ہے،یہ وفدآسام واڈیشہ میںعبوری راحت رسانی کے ساتھ زمینی صورت حال اور اس کے تقاضے کو سامنے رکھتے ہوئے حسب ضرورت دیگر خدمات بھی انجام دے رہاہے اور مصیبت زدگان کو راحت پہونچانے میں وسائل کے مطابق بھرپور حصہ لے رہا ہے۔

اس موقع پر ناظم امارت شرعیہ نے انسانی درد رکھنے والے تمام اہل خیر اور صاحب حیثیت اشخاص سے اپیل کی ہے کہ اپنی صلاحیت ووسائل کے مطابق مصیبت زدگاں کے کام آئیں، انسانیت کی خدمت عظیم عبادت ہے، بلا تفریق مذہب وملت محض انسانیت اور اولاد آدم کی حیثیت سے مشترکہ خاندانی تصور کے ساتھ راحت رسانی کے کام میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں اور جو حضرات امارت شرعیہ کے واسطہ سے اس کار خیر میں حصہ لینا چاہتے ہیں وہ Relief Fund Imarat Shariah 918020100932926 آئی ایف ایس سی کوڈ:UTIB0001664 اکسس بینک انیس آباد پٹنہمیں رقم ٹرانسفر کرکے اس انسانی خدمت میں شریک ہوں،ناظم صاحب نے بہاراڈیشہ و جھارکھنڈ اور بنگال کے اہل خیر سے عموماً اور تنظیم امارت شرعیہ کے ذمہ داران،نقباء ونائبین نقباء اورعلماء وائمہ کرام سے خصوصاً اپیل کی ہے کہ مصیبت کی اس گھڑی میں اپنی دردمندی اور سخاوت کا ثبوت دیں ۔









