Saturday, July 27, 2024
Blog

ہلدوانی تشدد: کسی بھی بے قصور کو گرفتار نہیں کیا جائے گا:اتراکھنڈ ڈی جی پی کی یقین دہانی

جمعیۃ علما ء ہند اور جماعت اسلامی ہند کے مشترکہ وفد نے ملاقات کرکے میمورنڈم سونپا


شوٹ ایٹ سائٹ کا آرڈر اور پولس کے ذریعہ پتھربازی پر سوال اٹھایا
نئی دہلی 12 فروری 24جمعیۃ علماء ہند اور جماعت اسلامی ہند کے مشترکہ وفد نے آج اتراکھنڈ کے ڈی جی پی جناب ابھینو کمار سے اتراکھنڈ پولس ہیڈکوارٹر دہرادون پہنچ کر ملاقات کی اور ہلدوانی میں ہوئے واقعہ کے تناظر میں ایک میمورنڈم سونپا۔ میمورنڈم میں بن بھول پورہ میں ‘شوٹ ایٹ-سائٹ’ آرڈر اور پولس کے ذریعہ پتھر بازی میں شمولیت کی سخت مذمت کی گئی اور متعدد شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔ میمورنڈم میں کہا گیا کہ جس نے بھی تشدد ، خون خرابہ اور آگ زنی میں شرکت کی،ان کے خلاف سخت کارروائی ہو نی چاہیے، لیکن اس درمیان پولس کے ذریعہ غیر قانونی راستہ اختیار کرنا اور بھی قابل مذمت ہے، بالخصوص ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس جیسے غیر مہلک متبادل کا انتخاب کرنے کے بجائے، شوٹ ایٹ سائٹ آرڈر شرمناک ہے۔
میمورنڈم میں یہ بھی کہا گیا کہ مابعد تشدد مسلم اقلیتی محلہ میں غیر ضروری تلاشی مہم اور خواتین اور بچوں کو خوف زدہ کرنے کا عمل بھی غلط ہے۔ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اس طرح کے اقدامات کی وجہ سے کئی مسلم خاندان نقل مکانی کررہے ہیں۔ اس لیے ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ معصوم لوگوں کو گرفتار نہ کریں اور مسلم علاقوں میں خواتین اور بچوں کو تحفظ فراہم کریںاو ر اعتماد کی بحالی پر کام کریں ۔
اس فساد میں جو افراد ہلاک ہوئے ہیں، وہ زیادہ تر معاشی طور پر پسماندہ طبقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ذمہ دار اور فکر مند شہری کی حیثیت سے ہمارا مطالبہ ہے کہ ان خاندانوں کو ایک کروڑ روپے کا معاوضہ دیا جائے اور گھر کے کسی ایک فرد کو سرکاری نوکری دی جائے۔
میمورنڈم میں یہ بھی کہا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران انسداد تجاوزات مہم میں ضابطہ شکنی کرتے ہوئے اچانک لوگوں کے گھر توڑے گئے، ایسا لگا کہ پولس قانونی کارروائی کے بجائے انتقامی کارروائی کررہی ہے، ایسے حالات میں ہم ایک بار پھر آئین اور قانون کی پاسداری پر زور دیتے ہیں۔ بالخصوص ہندوستان کے متنوع معاشرے میں مذہبی مسائل کے تئیں جذباتی حساسیت کے پیش نظر، ہم حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کوئی بھی ایسا قدم اٹھانے سے گریز کریں جو تناؤ کو ہوا دے سکے۔ افہام و تفہیم اورمعاشرے کے ذمہ دار افراد کو اعتماد میں لے کر اگر کارروائی کی جاتی تو ہلدوانی میں ایسا سانحہ رونما نہیں ہوتا۔بہرحال یہاں جو کچھ بھی ہوا ہے، ہم آپ کے ذریعہ سرکار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عدالتی انکوائری کرائے۔ ہمیں پختہ یقین ہے کہ ان اقدامات کو اپنانے سے تناؤ کو کم کرنے، امن کو فروغ دینے اور حساس معاملے میں انصاف کو یقینی بنانے میں نمایاں مدد ملے گی۔
ملاقات کے بعد ناظم عمومی جمعیۃعلما ء ہند مولانا حکیم الدین قاسمی نے بتایا کہ اس میمورنڈم کے بغور مطالعہ کے بعد ڈی جی پی نے یقین دلایا کہ ہم نے ہدایت جای کردی ہے کہ کسی بے قصور کو گرفتار نہیں کیا جائے،ضلع انتظامیہ کی طرف سے کوئی شکایت ہو تو آپ حضرات ڈائریکٹ مجھ سے رابطہ کریں اور بتائیں ہم وہاں معاملے کو دیکھیں گے، تقریبا ایک گھنٹے تک جاری اس ملاقات میں ڈی جی پی نے شفافیت کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

مشترکہ وفد میں جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی ناظم عمومی جمعیہ علماء ہند،جناب ملک معتصم خان، نائب امیر جماعت اسلامی ہند،جناب شفیع مدنی نائب امیر جماعت اسلامی ہند،مولانا محمد عارف قاسمی صدر جمعیۃ علماء صوبہ اتراکھنڈ،مولانا قاری محمد ذاکر قاسمی سیکریٹری جمعیۃ علماء یوپی،جناب لئیق احمد خان اسسٹنٹ سیکریٹری جماعت اسلامی ہند،مولانا غیور احمد قاسمی،آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند،مولانا شفیق احمد القاسمی مالیگانوی آرگنائزر جمعیۃ علماء ہند،مولانا نسیم احمد قاسمی، جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ضلع ہریدوار اتراکھنڈ شامل تھے۔

Leave a Response