Monday, September 9, 2024
Jharkhand News

جانشینِ امام اہلسنت مولانا عبدالعلیم فاروقی کے سانحۂ ارتحال پر جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کا اظہارِ تعزیت

رانچی 25اپریل
جانشین امام اہل سنت مولاناعبدالعلیم فاروقی ؒکےسانحہ ارتحال پر جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے صدر مولانا حبیب الرحمن قاسمی اور جنرل سیکرٹری مفتی محمد شہاب الدین قاسمی نے اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کیا ہے اور ان کے اہلِ خانہ سے تعزیتِ مسنونہ پیش کرتے ہوئے اپنے ایک تعزیتی بیان میں کہا کہ
مولانا فاروقی جمعیۃ علماء ہند کے نائب صدر، دارالعلوم دیوبند کی مجلسِ شوریٰ کے رکن
مدحِ صحابہ کے سپہ سالار اوربین الاقوامی شہرت یافتہ خطیب اور مناظر تھے۔ایک طویل عرصہ تک جمعیۃ علماء ہند کے ناظم عمومی کے عہدہ پر فائز رہ کر قومی وملی خدمات انجام دیتے رہے، وہ تاحیات احقاقِ حق اور ابطالِ باطل کے فریضہ کو پوری جرأت وبیباکی کے ساتھ انجام دیتے رہے، اور ناموسِ صحابہ کی حفاظت کے لیے ان کے پائے استقامت کبھی بھی متزلزل نہیں ہوئے۔ بلا شبہ ان کے سانحۂ ارتحال سے عظیم ملی خسارہ ہوا ہے۔
اللہ تعالیٰ مولانا فاروقی مرحوم کی دینی، ملی اور قومی خدمات کو قبول فرمائے، ان کی مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطاکرے نیز پسماندگان کو صبرِ جمیل کی دولت سے سرفراز فرمائے۔
مفتی محمد شہاب الدین قاسمی نے جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کی مقامی،ضلعی جمعیتوں کےذمہ داروں،اربابِ مدارس علماء کرام اور ائمۂ مساجد سے مولانا مرحوم کے لیے ایصالِ ثواب کی اپیل کی ہے۔

Leave a Response