Saturday, July 27, 2024
Blog

قرآن پاک جلانے والے مجرمین کو اب تک گرفتارنہ کیاجانا افسوسناک، سخت سے سخت دفعات کے تحت انھیں سلاخوں کے پیچھے ڈالاجائے /جمعیۃ علماء جھارکھنڈ

مفتی محمدشہاب الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے فتح پور بازار ضلع جامتاڑا میں قرآن پاک جلائے جانے واقعہ پر پُرزورالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین سے مطالبہ کیا ہے کہ مجرمین کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے اور سخت سے سخت دفعات کے تحت انھیں گرفتارکرکے سلاخوں کے پیچھے ڈالاجائے۔
جنرل سکریٹری نے کہاکہ قرآن مجید اللہ کی کتاب ہے جو نہ صرف مسلمانوں کے لیے لائق احترام ہے بلکہ تمام انسانوں پر اس کا احترام ضروری ہے،اس طرح کے مذموم اور ناپاک واقعہ سے مسلمانوں کی دل آزاری فطری بات ہے،ایسے شرپسند عناصر ملک اور صوبہ کے بھائی چارہ اورگنگاجمنی تہذیب کو ختم کرنا چاہتے ہیں، انھیں کسی صورت میں کامیاب ہونے نہیں دیاجائے گا۔
جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے کہا کہ فتح پور تھانہ انتظامیہ کو چاہیے کہ ان مجرموں کو فورا گرفتارکرے ،انتظامیہ اگر اس سلسلہ میں سستی اور غفلت کا مظاہرہ کرے تو حکومت جھارکھنڈ فوراً اس کی نوٹس لے اور اس کے خلاف کاروائی کرے۔
جمعیۃ علماء جامتاڑا کے صدرمولانا عبدالمعید قاسمی نے صوبائی جمعیۃ کو بھیجی گئی اپنی رپورٹ میں کہا کہ جمعیۃ علماء کے خدام حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اورکسی بھی ناخوش گوار واقعہ کے سدباب کے لیے ہر ممکن جدوجہد کررہے ہیں،آج جمعیۃ علماء جامتاڑا کا ایک مؤقروفد مولانا عبدالمعید قاسمی صدر جمعیۃ علماء ضلع جامتاڑا کی قیادت میں ضلع انتظامیہ سے ملنے اورفورا عملی اقدامات کی کوشش کررہاہے۔
جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے مسلمانوں سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔

Leave a Response