Ranchi Jharkhand

صرف اللہ کے لیے مخلوقِ خدا کی خدمت کریں, جمعیۃ علماءجھارکھنڈ کی مجلسِ منتظمہ کے اجلاس سے مولانا سید اسجد مدنی کا خطاب

Share the post

اعلیٰ تعلیم، اصلاحِ معاشرہ اور مظلومین کی قانونی امداد سمیت متعدد تجاویز منظور

سرائے کیلا کھرساواں 21 فروری
جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کی مجلس منتظمہ کا دوسرے زون کا اجلاس آج یہاں جامعہ محمودیہ اسلامیہ چندرپور میں منعقد ہوا، جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے جگرگوشۂ شیخ الاسلام حضرت مولانا سید اسجد مدنی نائب صدر جمعیۃ علماء ہند نے شرکت کی، اجلاس میں تین اضلاع مشرقی سنگھ بھوم مغربی سنگھ بھوم اور سزائے کیلا کھرساواں کے صوبائی اور ضلعی اراکینِ مجلسِ منتظمہ اور مقامی جمعیتوں کے سینکڑوں ذمہ داران کے علاوہ جمشید پور کے دانشوران بھی شریکِ اجلاس ہوئے۔


مولانا مدنی اپنےمؤثر خطاب میں جمعیۃ علماء ہند کی فکر اور اس کی سلسلۃ الذہب تاریخ کو تفصیل کے ساتھ بیان کرتے ہوئےکہا کہ ان اسلاف واکابر کے کارنامے آج بھی زندہ وجاوید ہیں، اس کی بنیادی وجہ ان کا حددرجہ اخلاص تھا،اس موقع پر اکابر کے اخلاص واستقامت کے ایمان افروز واقعات کا ذکر کیا، جسے سن کر حاضرین کی آنکھیں اشکبار ہوگئیں۔ مولانا مدنی نے کہا آپ بھی صرف اللہ کے لیے مخلوقِ خدا کی خدمت کریں۔ اور خدمت کے میدان آپ کے سامنے ہیں، مثلاً تعلیم، میڈیکل، یتیم وبےسہارا کی مدد، مظلومین کی قانونی امداد، یہ سب کے سب خدمت کے میدان ہیں، جن پر جمعیۃ علماء ہند پوری جرأت واستقامت سے کام کررہی ہے، مولانا مدنی نے ممبر سازی مہم کو گھر گھر پہنچانے کی بھی اراکین سے اپیل کی۔


مفتی محمد شہاب الدین قاسمی جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے صوبائی جمعیۃ کی دوسالہ خدمات پر مشتمل اپنی رپورٹ میں کہا کہ اللہ کا شکر واحسان ہے کہ جمعیۃ علماءجھارکھنڈ کی خدمات کا دائرہ وسیع ہورہا ہے، انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ الحمدللہ جاری ٹر م میں حسبِ روایت صوبائی جمعیۃ کے زیرِ اہتمام پورے صوبے میں تقریبآ تین سو چھوٹے بڑے اصلاح معاشرہ کے پروگرام ہوئے، اور یہ سارے پروگرام مسجدوں میں منعقد کیے گئے، انہوں نے جمعیۃ کے ذمہ داروں سے اپیل کی کہ سیرت اور اصلاح معاشرہ کے جلسے مسجدوں میں ہی منعقد کیے جائیں۔


مجلسِ منتظمہ کے اجلاس میں تنظیمی استحکام سمیت دس تجاویز بھی منظور کیے گئے، صدرِ اجلاس مفتی زین العابدین مظاہری ممبر ورکنگ کمیٹی جمعیۃ علماء جھارکھنڈ، جناب منظر خان نائب صدر جمعیۃ علماء جھارکھنڈ، حکیم سمیع اللہ مفتاحی ممبر ورکنگ کمیٹی جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
تجاویز پیش کرنے والوں میں مولانا مظفر الاسلام قاسمی خازن جمعیۃ علماء سرائے کیلا، مولانا عبد القادر قاسمی صدر جمعیۃ علماء سرائے کیلا، مولانا جلال الدین قاسمی جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء سرائے کیلا، حافظ انور جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء مشرقی سنگھ بھوم، مفتی اسد اللہ قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء سرا کیلا، مولانا پرویز قاسمی صدر جمعیۃ علماء مغربی سنگھ بھوم، مفتی الطاف قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء مغربی سنگھ بھوم، قاری امیر الحسن نائب صدر جمعیۃ علماء مشرقی سنگھ بھوم مولانا مشتاق ندوی جمشید پور، مفتی نشاط احمد قاسمی جوائن سیکرٹری جمعیۃ علماء مشرقی سنگھ کے نام خصوصیت کے ساتھ قابلِ ذکر ہیں۔
قاری عمر ابن عبد العزیز کی تلاوت سے اجلاس کا آغازہوا، نعتِ پاک مولانا ناظر حسین نے پیش کی، پرچم کشائی کی تقریب میں ترانۂ جمعیۃ حافظ نعیم الدین نے پڑھی۔
مولانا مدنی کی رقت أمیز دعاؤں سے اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔

Leave a Response