اپنی رائے جے پی سی تک ضرور پہنچائیں : مولانا محمدفضل الرحیم مجددی
وقف ترمیمی بل مسلمانوں کو منظور نہیں : ڈاکٹر محمد یٰسین قاسمی
رانچی : 2 ستمبر 2024 ، آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد فضل الرحیم مجددی صاحب قبلہ نے ایک مکتوب کے ذریعہ اس امر کی جانب توجہ مبذول کرائی ہے کہ جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی (JPC)نے وقف ترمیمی بل 2024 کے سلسلے میں رائے طلب کی ہے ۔ ایک معزز شہری ہونے کی حیثیت سے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اس موقع پر اپنی رائے جے پی سی تک ضرور پہنچائیں ۔ اس سلسلے میں ’’ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ ‘‘ کے پلیٹ فارم سے مضبوط ، منظم اور متفقہ طریقے سے رائے دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ۔ اپنی دینی ، ایمانی ، شرعی اور شخصی ذمہ داری سمجھتے ہوے اپنی رائے ضرور بھیجیں ۔
بورڈ کے جنرل سکریٹری موصوف مزید رقم طراز ہیں کہ رائے بھیجنے کے لیے آپ نیچے دیئے گئے لنک پر کلک کریں یا QR Code کو اسکین کریں ۔ اگر لنک کام نہ کرے تو پھر لنک کو کاپی کرکے گوگل کروم میں پیسٹ کریں ۔
لنک اوپن کرنے کے بعد ہندی یا انگریزی زبان منتخب کریں ، اس کے بعد ’’ جی میل کھولیں ‘‘ پر کلک کریں ، جی میل کھلنے کے بعد صرف سینڈ بٹن پر کلک کرنے سے یہ جواب جے پی سی کو پہنچ جائے گا ۔
اس حوالے سے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے رکن مولانا ڈاکٹر محمد یٰسین قاسمی ریاست جھارکھنڈ کی تمام دینی و ملی جماعتوں ،اداروں ، انجمنوں، پنچایتوں ، تمام مکاتب فکر و مسالک سے وابستہ ذمہ دار افراد و شخصیات بالخصوص ائمہ و علمائے کرام سے عرض گزار ہیں کہ 12 ستمبر 2024 سے قبل اس کام کو ضرور انجام دیں، تاکہ ہماری بیش از بیش رائے جے پی سی کو بر وقت موصول ہو سکے اور ہم اس اہم فریضہ سے بہ حسن و خوبی عہدہ برآ ہو سکیں۔