ہزاروں نم آنکھوں کےساتھ مولاناقاضی امام الدین قاسمی سپردخاک
مولانا مرحوم کی تدفین ان کے آبائی گاؤں مومن پور پنڈول میں ۔ضلع بھرکےعلماءودانشوران کی نمازجنازہ میں شرکت ۔
(3/فروری پنڈول مدھوبنی)
جناب مولانا امام الدین قاسمی رحمہ اللہ کی رحلت سے خصوصا علماء کرام اور ملی تنظیموں کے ذمہ داران کو کافی صدمہ پہنچاہے، ان کا انتقال ملت کا ایک بڑا خسارہ ہے، مولانا اپنی ذات وصفات میں اپنے معاصر علماء کرام سے بہت منفرد تھے، سنجیدگی، متانت، وقار ،خاموش مزاجی، خندہ پیشانی اور اپنے بڑوں کا ادب مولانا کے خصوصی اوصاف میں شامل تھے ۔
مولانا کا گزشتہ کل یکم فروری کو اچانک پھلواری شریف پٹنہ میں پارس ہاسپٹل لے جاتے ہوئے انتقال ہو گیا۔
مرحوم نے امارت شرعیہ میں ایک مدت تک مرکزی دارالقضاء کے تحت قضاء کے امور کو انجام دیا۔دو سال قبل حضرت امیر شریعت نے انہیں اڈیشہ کے جگت سنگھ پور میں قاضی مقرر فرمایا تھا، مگر چند وجوہ سے آپ وہاں نہیں جا سکے۔ بالآخر آپ نے الحمدللہ ٹرسٹ پھلواری شریف پٹنہ میں ملی کاموں میں سرگرم عمل ہو گئے۔
موت ایک حقیقت ہے؛ جس کا انکار ممکن نہیں، مولانا کی نماز جنازہ میں اتنا بڑا مجمع اس بات کی دلیل ہے کہ مولانا عند اللہ وعند الناس دونوں مقبول تھے۔
رب کریم مولانا مرحوم کی تمام دینی و ملی خدمات کو قبول فرمائے اور ان کی مغفرت اور بلندی درجات کا ذریعہ بنائے۔
مذکورہ خیالات کا اظہار امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم جناب مولانا محمد شبلی القاسمی اور مولانا احمد حسین قاسمی مدنی معاون ناظم امارت شرعیہ نے نمازہ جنازہ سےقبل مجمع عام سے خطاب کے دوران کیا ۔
مولانا مرحوم کی نماز جنازہ جمعہ کے روز بعد نماز جمعہ ایک بڑی جماعت کے ساتھ ادا کی گئی ۔
حضرت امیر شریعت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کی ہدایت پر امارت شرعیہ کے ایک بڑے وفد نے مولانا مرحوم کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور حضرت امیر شریعت نےبھی اپنےپیغام کےذریعہ اظہار تعزیت فرمایا۔
امت کے درمیان سے اچانک ایک جواں سال عالم دین کی رحلت سے پورا علماء حلقہ سو گوار ہو گیا ہے۔ مولانا مرحوم کی نماز جنازہ ان کےآبائی گاؤں مدھوبنی ضلع کے پنڈول بلاک مومن پور میں ادا کی گئی؛
مولانا کے انتقال سے پورا خطہ غمگین اور اشکبار ہے ۔ نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوں میں مدرسہ محمد العلوم دملہ کے قاضی شریعت حضرت مولانا محمد اعجاز قاسمی، جناب مولانا عبداللہ جاوید ثاقبی مرکزی دفتر امارت شرعیہ، مدرسہ فلاح المسلمین بھوارہ مدھوبنی شہر کے قاضی شریعت جناب مولانا محمد امداد اللہ قاسمی، معاون قاضی جناب مولانا اظہار الحق قاسمی، معاون قاضی جناب مولانا محمد یوسف قاسمی، تنظیم امارت شرعیہ مدھوبنی کے نائب صدر جناب شمس الحق صاحب، ضلع کمیٹی اور پنڈول بلاک کے ذمہ دار جناب مفتی مہتاب عالم قاسمی مرکز الصفہ شکری ،جناب مولانا نسیم نظر قاسمی اور جناب مولانا مرتضی قاسمی کے نام اہم ان کےعلاوہ سینکڑوں کی تعداد میں حضرات علماء کرام اور مدھوبنی کے عمائدین اور دانشوران نے نماز جنازہ میں شرکت کی ۔