Thursday, October 10, 2024
Jharkhand News

جمعیۃ علماء ہند کی قومی ، ملی ، ودینی خدمات لائق تحسین اورناقابل فراموش ہیں

 

مجلس عاملہ جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے اجلاس میں مولانا محمد خالد گیاوی دہلی کاخطاب 
 آج کاہندوستان تاریخ کے ایک اہم نازک اورکٹھن موڑ سے گزرنے کے مرحلے میں ہے اورامت مسلمہ جن صبر آزما حالات سے گزر رہی ہے اوران کے سامنے جو درپیش مسائل اورچیلینجیز ہیں الحمد للہ ہندوستان کی سب سے قدیم اورعظیم تنظیم جمعیۃ علما ہند نے ان حالات میں جس بیدار مغزی ، دانشمندی اورحوصلہ مندی سے ان کی رہنمائی کی ہے ۔ وہ لائق تحسین اورقابل قدر ہیں ۔نئے حالات میں نئی آزمائشوں کا سامنا کرتے ہوئے ملک وملت کے مفاد میں جمعیۃ نے جو قائدانہ کردار ادا کیاہے اورقومی ،ملی اوردینی معاملات میں جو کارہائے نمایاں انجام دیاہے وہ روز روشن کی طرح عیاں اورناقابل فراموش ہیں ۔ جمعیۃ کے تحت جو شعبہ کام کررہے ہیں ان میں جمعیۃ اوپن اسکول ، جمعیۃ یوتھ کلب ، دینی مکاتب کامنظم نظام ، اسلاموفوبیا کے خلاف لڑائی جمعیۃ ماڈل ویلیج قابل ذکر ہیں ۔ ان شعبوں میں کافی پیش رفت ہوئی ہے ۔ نیز ان کے فروغ واستحکام اورترقی کے لئے شب وروز جدوجہد جاری ہے ۔ حضرت مولانا محمد خالد گیاوی سکریٹری دینی تعلیمی بورڈ ،جمعیۃ علماء ہند گزشتہ 12 جولائی 2023 بروز بدھ کو حواری مسجد کربلا چوک ، رانچی میں جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے اراکین مجلس عاملہ اور اضلاع کے جمعیۃ کے ذمہ داران و پانچ مثالی اضلاع کے نمائندہ اجلاس میں ان حقائق اورخیالات کااظہارفرمارہے تھے ۔ انہوں نے مزیدفرمایا کہ دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء کا ایک اہم شعبہ ہے جس کے تحت مکاتب دینیہ کے قیام ، نظام ، اوراستحکام کے سلسلے میں ہمہ جہت جدوجہد جاری ہے ۔ اس وقت کی سب سے بڑی ضرورت مکاتب ہیں ۔ جو ہمارے اورہماری آنے والی نسلوں کے ایمان کی حفاظت کاذریعہ ہیں ۔ مکاتب کے نظام کو مستحکم کرنا اوران کو مثالی اورخود کفیل بنانا وقت کااہم ترین تقاضہ ہے ۔ جمعیۃ کے ذمہ داروں کو اس طرف خصوصی توجہ دینی ہوگی اوراس سمت میں جدوجہد جاری رکھنی ہوگی ۔ 
اجلاس مذکور کی صدارت حضرت مولانا محمد اسرارالحق مظاہری نے فرمایااورنظامت  کےفرائض مولانا ڈاکٹر محمد اصغر مصباحی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے انجام دیا۔ قاری صہیب احمد رکن مجلس عاملہ نے تلاوت کلام پاک سے پروگرام کاآغاز فرمایا۔ بعد ازیں مولانا ڈاکٹر محمد اصغر مصباحی نے سکریٹری رپورٹ پیش کی ۔ اس اجلاس میں مختلف ایجنڈوں پر بحث ومباحثہ کیاگیااور اس پر صلاح ومشورہ اورغوروخوض کیاگیا۔ مولانا ڈاکٹر محمد اصغر مصباحی نے بتایا کہ بھوپال اور کیرالہ میں منعقد ہوئے دو روزہ جمعیۃ علماء کے زیراہتمام مذاکراتی اجتماع میں منظور شدہ تجاویز پر تبادلہ خیالات کئے گئےاورطے پایا کہ ان تجاویز پرعمل کرنے کے لئے لائحہ عمل تیار کیاجائے اوراس کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کی جائے۔ صوبہ ٔ جھارکھنڈ میں جمعیۃ اوپن اسکول کے قیام اورملت فنڈ کے قیام کے بارے میں سیرحاصل بحث ہوئی اورباالاتفاق رائے طے پایا کہ ان دونوں کے قیام کے لئے مرکزی دفتر دہلی سے رابطہ قائم کیاجائے اور اس کے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں ۔ دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علما ء جھارکھنڈ کو فعال ومتحرک بنانے کے لئے غوروخوض کیاگیااوراس کے لئے لائحہ عمل بنانے کی تجویز پاس کی گئی ۔ یونیفارم سول کوڈ کے سلسلے میں جمعیۃ علماء کے موقف سے شرکاء کو روشناس کرایاگیااوراس سلسلے میں طے پایا کہ مرکز کی ہدایات کے مطابق کاموں کو انجام دیاجائے ۔ اخیر میں مناظراسلام حضرت مولانا سید طاہر حسین گیاوی رحمۃ اللہ علیہ کے سانحہ ارتحال پر رنج وغم کااظہار کیاگیااور ان کے اہل خانہ سے تعزیت پیش کی گئی ۔ نیز حضرت کی مغفرت کے لئے بارگاہ خداوندی میں اجتماعی دعا کی گئی ۔ مذکورہ اجلاس میں جن حضرات نے شرکت فرمائی ان میں حضرت مولانا محمد خالد گیاوی ،حضرت مولانا اسرارالحق مظاہری ،حضرت مولانا ڈاکٹر محمد اصغر مصباحی ،حضرت مولانا مفتی زاہد الحسامی ،حاجی ظہیرالاسلام ،قاری صہیب احمد ،حافظ عبدالحفیظ ،حافظ محمد عارف ، قاری مشتاق احمد ، حافظ محمد جنید ، مولانا محمد اوسامہ ، حافظ محمد حامد ، حافظ محمد الطاف اورمحمد آفتاب کے نام قابل ذکر ہیں ۔  
جمعیۃ علما ء جھارکھنڈ کے اس اجلاس میں مجلس عاملہ کے کئی ارکان اوراضلاع کے ذمہ داران مناظر اسلام حضرت مولانا سید طاہر حسین گیاوی رحمۃ اللہ علیہ کی جنازے میں شرکت کے لئے آرا تشریف لے گئے تھے ۔ انہوں نے شرکت سے معذوری پیش کی اوربہت سارے حضرات مصروفیات کی بنیاد پر حاضر نہ ہوسکے ۔ ان حضرات نے بھی معذرت پیش کیا۔ 
حضرت مولانا محمد اسرارالحق مظاہری صدر جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کی دعائوں پر اجلاس ختم ہوا۔ 
شعبہ نشرواشاعت جمعیۃ علماء جھارکھنڈ ،دفتر حواری مسجد ،کربلا چوک ،رانچی

Leave a Response