Tuesday, September 17, 2024
Blog

توصیفی تقریب برائے اردو طلبا اختتام پذیر

انجمن فروغ اردو چانہو یونٹ نے اردو طلبا کو اعزاز سے نوازا
بلسوکر،چانہو؍ رانچی : انجمن فروغ اردو جھارکھنڈ کے زیر اہتمام بروز اتوا بتاریخ 11 اگست 2024 کو حضرت مولانا عبد الغنی مظاہری ؒ کی یاد میں اردو طلبہ کے لیے ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس کا عنوان ’’توصیفی تقریب برائے اردو طلبہ بہ یاد مولانا عبدالغنی مظاہریؒ‘‘ تھا ۔ جس کی صدارت حضرت مولانا عبدالقیّوم صاحب قاسمی نے فرمائی۔انجمن فروغ اردو کے صدر محمداقبال صاحب اور سیکریٹری ڈاکٹر محمدغالب نشتر صاحب اور دیگر رانچی سے تشریف لائے دیگر ممبران جن میں ماسٹر منور صاحب ، سرفراز احمد قادری صاحب، حافظ محمد دانش ایازصاحب، حافظ محمدعارف صاحب اور مکرم حیات صاحب بطور خاص از اول تا آخر شریک رہے۔


نشست کا آغاز مفتی خالد حید صاحب امام و خطیب جامع مسجد بلسوکرا کی تلاوت قرآن پاک سے ہوا جبکہ نعتیہ کلام خوبصورت آواز کے مالک مولانا عبدل الماجد قاسمی نے پیش کیا ۔ انجمن فروغ اردو کے خازن حافظ محمد دانش ایازصاحب نےانجمن فروغ کا تعارف پیش کرتے ہوئے اس کے اغراض و مقاصد کو اردو طلبہ کے سامنے وضاحت کی ۔ حضرت مفتی امتاز صاحب قاسمی امام و خطیب جامع مسجد لاپور حضرت مولانا عبدالغنی صاحب ؒ کی حیات و خدمات پر اظہار خیال کرتے ہوئے علاقے میں دینی ، سماجی اور اردو زبان کی خدمات پر روشنی ڈالی ۔ ڈاکٹر محمد زاہد اقبال قاسمی جدید ٹکنالوجی کے میدان میں اردو کا استعمال اور اس سے استفادے کے امکان پر گفتگو کرتے ہوئے اردو کے طلبہ کو کمپیوٹر موبائل اور انٹر نیٹ کے ذریعہ اردو میں تیار کیے گئے مختلف النوع سافٹ ویرس سے استفادے کی طرف رہنمائی کرتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ اگر اردو زبان میں مہارت ہو تو ٹکنالوجی کے میدان میں آسانی سے گھر بیٹھے فری لانسنگ کے ذریعہ پیسے بھی کماسکتے ہیں۔ انہوں نے ان تمام میدانون کی وضاحت کی جہاں اردو والے آسانی سے جاب حاصل کرسکتے ہیں ۔ سررکاری اردو مڈل اسکول بلسوکرا کی ٹیچر محترمہ شمع پروین میڈم نے علاقے سے آئے ہوئے طلبہ اور ان کے گارجین حضرات کو اردو کی اہمیت و افادیت بتلاتے ہوئے لوگوں کو اردو زبان سیکھنے اور اس کے ذریعہ اعلی تعلیم کے حصول پر زور دیا ۔رانچی سے تشریف لائے ماسٹر منور صاحب نےاردو طلبہ کو مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری اور ملازمت کے مواقع پر روشنی ڈالتے ہوئے اردو امتحانات کی تیاری کے بہتر طریقہ کار کی طرف توجہ دلائی ۔

انجمن فروغ اردو کے صدر محترم محمد اقبال صاحب طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے آئی ۔ایس ، آئی ۔پی ۔ایس اور یو ۔پی ۔ایس۔سی جیسے بڑے بڑے امتحانات بھی اردو کے ذریعہ تیاری کرنے کی طرف رغبت دلائی ۔ساتھ ہی امتحانات میں ناکامی ہو تو اس سے نکل کر کس طرح خود کو دوبارہ کامیاب ہونے کےلیے اپنے اندر خود اعتمادی پیدا کرنا ہےاس کی طرح ایک مقبول شخصیت کا حوالہ دیتے ہوئے سیر حاصل گفتگو کی ۔

اس کے بعد انجمن فروغ اردو کے روح رواں ڈاکٹرمحمد غالب نشتر صاحب نے اردو کے تئیں لوگوں کو بیدا رہونے، اردو زبان کو زندہ رکھنے اور آنے والی نسلوں کے لیے اردو میں حکومتی سطح پر ملازمت فراہم کرنے اور ہر اسکول و کالج میںاردو کی خالی نسشتوں کو پُر کرنے اور نئی نسشتوں کے لیے حکومت سے مانگ کرنے کی طرف توجہ دلائی ۔ آخیر میں صدر اجلاس حضرت مولانا عبدالقیوم صاحب قاسمی صداتی خطاب کرتے ہوئے یہ فرمایا کہ اس نوعیت کا اس علاقے میں یہ پہلا پروگرا م ہے جسے ہر سال ہونا چاہیے ۔انہوں نے مزید کہا کہ اردو زبان ہی کی وجہ سے آج ہم دین و شریعت ، حلال و حرا م کی شناخت کر پائے ۔


صدارتی خطاب کے بعد اس پروگرام میں مختلف علاقے سے آئے ہوئے طلبا و طالبات جن کی تعداد تقریبا 350 کے قریب تھی ان میں سے 200 طلبہ کو سند اور میڈل سے نوازہ گیا جبکہ 50 سے زائد اردو طلبہ کو فقط سند سے نوازہ گیا اور ان تمام کی حوصلہ افزائی کی گئی ۔چانہو و کوڑو بلاک سے تشریف لانے والے ان تمام طلبہ میں سے جن طلبہ نے ایم ایے ، بی ۔اے۔ انٹر میڈیٹ اور میٹرک میں امتیازی نمبرات حاصل کیے ان تمام کو نمبروں کی فیصد کے اعتبار سے اول، دوم اور سوم لانے والے کو اعزازی مومنٹو بھی پیش کیا گیا ۔ ساتھ ہی اردو زبان میں درس و تدریس میں مصروف اساتذہ اور علاقے کے محبین اردو کی بھی مومنٹو پیش کیا گیا جن میں برسا منڈا ہائی اسکول کے پرنسپل جناب نظیر صاحب ، اقصی اکیڈمی کے استاذ ماسٹر امتاز صاحب ، ماسٹر مجیب اللہ صاحب، مفتی امتیاز صاحب ، ماسڑ حفظ الرحمٰن صاحب ، ماسٹر ارشد صاحب ، ماسٹر ابرار صاحب ، جناب شمس الحق صاحب اور ماسٹر سکندر صاحب وغیرہ شامل ہیں۔


پروگرام کا اختتام ماسٹر ارشد صاحب کے اظہار تشکر کے ساتھ ہوا ،جنہوں نے اس پروگرام میں شامل ہونے والے سبھی طلبہ، اساتذہ ، مہمان کرام و دیگر علاقے کے افراد خصوصاً برسا منڈا کے اساتذہ جن میں الحاج ماسٹر مرتضیٰ حسن ، ماسٹر نظریر صاحب اور ماسٹر مقصود صاحب شکریہ ادا کیا اور ساتھ ہی اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں ہر طرح سے تعاون کرنے والے افراد خصوصاً مسجدعمر کے ذمہ داران کا بھی دل سے شکریہ ادا کیا ۔


پروگرام کے اختتام کے بعد رانچی سے تشریف لائے انجمن فروغ اردو کے صدر و سکریٹری اور ممبران حضرات چانہو حلقے میں اردو کے فروغ کے لیے ایک کمیٹی کی تشکیل دی جس میں چانہو حلقے کا انچارج ، ماسٹر ارشد صاحب اور ماسٹر افروز صاحب کو بنایا گیا، جبکہ کوآرڈنیٹر کی ذمہ داری جناب ماسٹر حفظ الرحمٰن صاحب کو سونپی گئی ۔ وہیں ممبران میں ڈاکٹر زاہد اقبال قاسمی ،ماسٹر سکندر صاحب، ماسٹر امتیاز صاحب، ماسٹر ابرار صاحب، شمس الحق صاحب، ماسٹر مجیب اللہ صاحب، مولانا شاہجہاں صاحب، ماسٹر الحاج مرتضی صاحب،شبنم میڈیم اور شمع میڈیم کو شامل کیا گیا ۔

Leave a Response