All India NewsBlog

20 سال تک مساجد میں خدمات انجام دینے والے ائمہ، مؤذنین اور خطباء کی ہوگی پذیرائی

Share the post

5 دسمبر کو رانچی میں ائمہ و مؤذنین کا اہم ریاستی سطح کا اجلاس

ائمہ و مؤذنین کی ذمہ داریوں، حقوق، سماجی کردار اور درپیش مسائل پر ہوگا تفصیلی تبادلہ خیال؛ سبکدوش ائمہ و مؤذنین کو بھی کیا جائے گا اعزاز سے نوازا۔

رانچی: تحفظِ ائمہ مساجد و مؤذنین، رانچی (جھارکھنڈ) کے زیر اہتمام آئندہ 5 دسمبر 2026، بروز سنیچر، صبح 10 بجے مین روڈ واقع انجمن پلازہ ہال، رانچی یا کڈرو حج ہاؤس میں ائمہ و مؤذنین کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوگا۔
اجلاس کا موضوع ’’مساجد کے ائمہ و مؤذنین کی ذمہ داریاں، حقوق اور انہیں درپیش مسائل‘‘ مقرر کیا گیا ہے۔
اس اجلاس کا مقصد مساجد کے ائمہ، مؤذنین اور خطباء کے دینی، سماجی اور اخلاقی کردار کو اجاگر کرنا، ان کے حقوق اور عزت و احترام سے متعلق امور پر سنجیدہ گفتگو کرنا اور انہیں درپیش مختلف مسائل کے حل کے لیے اجتماعی کوشش اور ٹھوس لائحہ عمل تیار کرنا ہے۔
تنظیم کے سرپرست حسین خان اور تحفظِ ائمہ مساجد و مؤذنین کے صدر مفتی عبدالحسیب نے اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ اس موقع پر ان ائمہ، مؤذنین اور خطباء کو خصوصی طور پر اعزاز سے نوازا جائے گا، جنہوں نے مسلسل 20 سال یا اس سے زائد عرصے تک مساجد میں اپنی دینی اور سماجی خدمات انجام دی ہیں۔ اس کے علاوہ ایسے ائمہ و مؤذنین کو بھی اعزاز سے نوازا جائے گا، جو دو دہائیوں سے زائد عرصے تک مساجد میں خدمات انجام دینے کے بعد سبکدوش ہو چکے ہیں۔
اعزاز کے لیے نام بھیجنے کی اپیل
سرپرست حسین خان اور صدر مفتی عبدالحسیب نے جھارکھنڈ کی تمام مساجد کے ائمہ، مؤذنین اور خطباء سے اپیل کی ہے کہ وہ اعزاز کے لیے اپنا نام، مسجد کا نام اور مکمل پتہ 28 نومبر تک منتظمین کے پاس درج کرائیں، تاکہ مستحق افراد کو اعزاز سے نوازنے کا انتظام یقینی بنایا جا سکے۔
رابطہ نمبر: 72609 68555 یا اس نمبر 9572951245 پر بھیج دیں۔ اس اہم اجلاس میں مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے حضرت مفتی ثناء اللہ قاسمی صاحب (دارالقضاء و محاکم، امارتِ شرعیہ، اوڈیشہ) شرکت فرمائیں گے۔
اجلاس کا انعقاد جمعیت علماء ہند، مجلس علماء جھارکھنڈ اور امارتِ شرعیہ رانچی کے ذمہ داران کی نگرانی میں کیا جائے گا۔ وہیں رانچی مہانگر کانگریس کمیٹی کے مائنارٹی ڈپارٹمنٹ کے صدر حسین خان اس اجلاس کے مہمانِ خصوصی اور ادارے کے سرپرست ہیں۔
جھارکھنڈ کے تمام طبقات سے شرکت کی اپیل
تحفظِ ائمہ مساجد و مؤذنین نے جھارکھنڈ کے ممتاز علمائے کرام، دانشوروں، ڈاکٹروں، انجینئروں، وکلاء، سماجی کارکنوں، ملی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران، مختلف پنچایتوں کے نمائندوں اور عام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بلا تفریق اس اہم اجلاس میں شرکت کرکے اسے کامیاب بنائیں۔
تحفظِ ائمہ مساجد و مؤذنین کا کہنا ہے کہ مساجد میں برسوں سے اپنی خدمات انجام دینے والے ائمہ، مؤذنین اور خطباء کی پذیرائی محض ایک پروگرام نہیں، بلکہ ان کی دینی خدمات، قربانیوں، لگن اور معاشرے کے تئیں ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف کی ایک اہم کوشش ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے اجتماعی طور پر آواز بلند کرنے کی سمت میں یہ اجلاس ایک بامقصد پہل ثابت ہوگا۔

Leave a Response