All India NewsBlog

حضرت مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی صاحب کے خطابِ عام کی تیاریاں مکمل.

Share the post

حج ہاؤس کڈرو رانچی میں مجلس علماء جھارکھنڈ کے زیر اہتمام اہم علمی و فکری اجلاس کا انعقاد آج.

رانچی: ملک کے ممتاز، صاحبِ فکر و نظر اور بزرگ عالمِ دین حضرت مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی صاحب دامت برکاتہم کی رانچی تشریف آوری ہو چکی ہے، حضرت والا کی آمد اہلِ علم، طلبہ، دانشوران اور ملی و سماجی حلقوں کے لئے نہایت مسرت و سعادت کا باعث ہے.

ان شاء اللہ، سابقہ اعلانات کے مطابق آج بروز جمعہ، 20 نومبر 2026ء کو حج ہاؤس، کڈرو، رانچی میں مجلس علماء جھارکھنڈ کے زیر اہتمام ایک اہم علمی و فکری اجلاس منعقد ہوگا.
یہ اجلاس اپنے وقت مقررہ مغرب کی نماز کے بعد متصلاً ساڑھے پانچ بجے سے انشاءاللہ شروع ہوجائے گا اور رات آٹھ بجے تک چلے گا

اس پروگرام کا بنیادی مقصد عصرِ حاضر کے اہم علمی، فکری، دینی، ملی اور سماجی مسائل پر حضرت والا کے قیمتی افکار و خیالات سے استفادہ کرنا، موجودہ حالات کے تناظر میں ہماری دینی و ملی ذمہ داریوں کو سمجھنا اور ملت کے مختلف طبقات کے درمیان فکری بیداری، دینی شعور اور باہمی رابطے کو فروغ دینا ہے.

الحمدللہ! مجلس علماء جھارکھنڈ کی جانب سے پروگرام کے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، اسٹیج، نشستوں، کرسیوں اور دیگر ضروری سہولیات کا مناسب نظم کر دیا گیا ہے. خواتین کی شرکت کے پیش نظر ان کے لیے پردے کے ساتھ الگ اور باوقار نشست کا معقول انتظام کیا گیا ہے، تاکہ خواتین بھی پوری سہولت اور اطمینان کے ساتھ اس علمی و فکری پروگرام سے استفادہ کر سکیں.

اسی طرح رانچی سے باہر کے علاقوں اور اضلاع سے تشریف لانے والے علماء، دانشوران اور دیگر معزز مہمانوں کی سہولت کے لئے کھانے کا بھی مناسب انتظام رکھا گیا ہے.

مجلس علماء جھارکھنڈ کی جانب سے اس پروگرام میں شہر رانچی اور اطراف کے تمام علمی، دینی، تعلیمی، سماجی اور فکری حلقوں سے شرکت کی گزارش کی گئ ہے بالخصوص علماء کرام، ائمہ مساجد، خطباء، مدارس و مکاتب کے ذمہ داران، طلبہ و نوجوانان، دانشوران، اساتذہ، سماجی و ملی کارکنان، مختلف تنظیموں کے ذمہ داران اور خواتین سے خصوصی شرکت کی اپیل کی گئی ہے.

مجلس علماء جھارکھنڈ کے صدر مولانا ڈاکٹر مفتی محمد سلمان قاسمی اور جنرل سکریٹری مولانا سمیع الحق مظاہری نے مشترکہ طور پر کہا کہ عصر حاضر میں امت مسلمہ کو متعدد علمی، فکری، تہذیبی اور سماجی چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے حالات میں اکابر اہل علم اور صاحبِ فکر شخصیات کی رہنمائی سے استفادہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، یہ اجلاس محض ایک خطاب نہیں بلکہ اپنے فکری شعور کو بیدار کرنے، حالات کا صحیح ادراک حاصل کرنے اور اپنی دینی و ملی ذمہ داریوں کا احساس تازہ کرنے کا ایک اہم موقع ہے.

مجلس کے ذمہ داران نے رانچی اور جھارکھنڈ کے تمام علماء، ائمہ، خطباء، طلبہ، دانشوران، سماجی کارکنان، نوجوانوں اور خواتین سے پرزور اپیل کی ہے کہ اس اہم علمی و فکری نشست میں اپنی شرکت یقینی بنائیں اور اپنے متعلقین و احباب کو بھی شرکت کی ترغیب دیں.

مجلس کی جانب سے تمام شرکاء سے گزارش ہے کہ پروگرام کے مقررہ وقت شام 5:30 بجے سے قبل اپنی نشستوں پر تشریف فرما ہو جائیں، تاکہ پروگرام کا آغاز وقت پر ہو اور تمام حضرات و خواتین مکمل استفادہ کر سکیں.

اللہ تعالیٰ اس علمی و فکری اجتماع کو کامیاب فرمائے، حضرت والا کے وجود سے امت کو بھرپور نفع پہنچائے اور اس مجلس کو ملت کے لیے خیر و برکت اور رہنمائی کا ذریعہ بنائے۔ آمین!

Leave a Response