All India News

جھارکھنڈ میں پیامِ انسانیت کی سرگرمیوں کو وسعت دینے کا فیصلہ، ریاست کو چھ زون میں تقسیم کیا گیا

Share the post

رانچی: آج بتاریخ 19 نومبر 2026 بروز جمعرات مسجد ابوبکر، لاہ فیکٹری روڈ، ہندپیڑھی، رانچی، جھارکھنڈ میں آل انڈیا پیامِ انسانیت فورم جھارکھنڈ کی ایک اہم مشاورتی نشست منعقد ہوئی، جس میں ریاست بھر میں فورم کی دعوتی، اصلاحی اور انسانی خدمت کی سرگرمیوں کو مزید مؤثر اور منظم بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے۔
نشست میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ جھارکھنڈ کے تمام اضلاع کا دورہ کرکے پیامِ انسانیت کے کاموں کو تحریک دی جائے گی اور جن اضلاع میں فورم کا تعارف ابھی نہیں پہنچا ہے، وہاں اس کے پیغام اور مقاصد کو عام کیا جائے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس تحریک سے وابستہ ہوکر انسانی خدمت اور اصلاح معاشرہ کے کاموں میں حصہ لے سکیں۔
اجلاس کا دوسرا اہم ایجنڈا 14 جنوری 2027 کو ریاستی سطح پر پیامِ انسانیت فورم سے وابستہ ذمہ داران اور کارکنان کے ایک اہم پروگرام کے انعقاد کی تیاری تھا۔ اس پروگرام میں مولانا عبدالسبحان ناخدا ندوی، استاد دارالعلوم ندوۃ العلماء، لکھنؤ، مہمان خصوصی ہوں گے۔ پروگرام کی کامیابی کے لیے انتظامی امور، تیاریوں، ذمہ داریوں کی تقسیم اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔


ریاست میں فورم کی سرگرمیوں کو منظم انداز میں آگے بڑھانے کے لیے جھارکھنڈ کو چھ زون میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جن میں رانچی زون، ہزاری باغ زون، دھنباد زون، جمشیدپور زون، دمکا زون اور لاتہار زون شامل ہیں۔ ان زونوں کے ذریعے ریاست کے مختلف اضلاع میں فورم کے کام کو منظم، مربوط اور فعال بنایا جائے گا۔
اس مشاورتی نشست میں مولانا نظام الدین صاحب ندوی، مولانا عبدالحکیم صاحب ندوی، مولانا زاہد حسین صاحب ندوی، مولانا دانش عبداللہ ندوی (امام و خطیب مسجد ابوبکر)، مولانا مفتی طلحہ صاحب ندوی، مولانا جاوید صاحب ندوی، مولانا صادق تحسین صاحب ندوی، لاتہار ضلع سے مولانا وسیم صاحب ندوی، لوہاردگا ضلع سے مولانا امین احسن اصلاحی صاحب، مولانا گلزار صاحب ندوی (اربا)، ڈاکٹر یونس ندوی صاحب، ماسٹر اظہار صاحب، مسجد ابوبکر کے ذمہ دار ضیاء الحق صاحب اور عین الحق صاحب، حافظ زبیر صاحب (مہتمم دارالقرآن) اور اقرا مسجد کے خطیب مولانا محمد اللہ صاحب سمیت متعدد ذمہ داران و کارکنان شریک ہوئے۔


نشست میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ باہمی مشاورت، اخلاص، اتحاد اور منظم جدوجہد کے ذریعے پیامِ انسانیت کے پیغام کو جھارکھنڈ کے ہر ضلع تک پہنچایا جائے گا اور انسانی خدمت، دعوت و اصلاح کے کاموں کو مزید مضبوط بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا۔

Leave a Response