All India NewsBlog

پروفیسر شہپر رسول اسعد بدایونی ایوارڈ سے سرفراز

Share the post

نئی دہلی: سولیٹیر لٹریچر فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام گزشتہ شب، تسمیہ آڈیٹوریم، جامعہ نگر، نئی دہلی میں دو اہم کتابوں ’’بچھڑ کے تجھ سے‘‘ (اسعد بدایونی کی غزلوں کا مجموعہ) اور ’’غمزدہ اور بھی ہیں شہر میں‘‘ (فن اور شخصیت: اسعد بدایونی) کی تقریبِ رسمِ رونمائی نہایت تزک و احتشام اور ادبی وقار کے ساتھ منعقد ہوئی۔ دوسری کتاب ہندی دیوناگری رسمِ الخط میں شائع کی گئی ہے۔ تقریب میں شہر اور بیرونِ شہر سے تعلق رکھنے والی ممتاز علمی و ادبی شخصیات، شعراء، ناقدین اور ادب نواز سامعین نے شرکت کی۔

تقریب کی صدارت صدرِ محترم جناب ڈاکٹر سید فاروق نے فرمائی، جب کہ مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے پدم شری جناب اخترالواسع نے شرکت کی۔ اس موقع پر پروفیسر خالد محمود، اعزاز پروفیسر شہپر رسول، پروفیسر ابوبکر عباد، پروفیسر خورشید، ڈاکٹر رخشندہ روحی، حقانی القاسمی اور سہیل آزاد سمیت متعدد ممتاز علمی و ادبی شخصیات موجود تھیں۔

تقریب میں موجود تمام پروفیسر صاحبان نے اسعد بدایونی کی شخصیت اور فن پر سیر حاصل گفتگو کی۔ حقانی القاسمی اور سہیل آزاد
نے اپنی تقریریں پیش کی جبکہ رضوان خان اپنے استاد ِ محترم اسعد بدایونی کو یاد کرتے جذباتی ہو گے۔ پدم شری اخترالواسع نے کتابوں کی اشاعت پر مبارک باد پیش کی اور ’’غمزدہ اور بھی ہیں شہر میں‘‘ کو اردو رسمِ الخط میں بھی شائع کرنے کی ہدایت فرمائی۔

تقریب کی نظامت عرفان اعظمی نے انجام دی۔
تقریب کے شعری دور میں پروفیسر خالد محمود نے مشاعرے کی صدارت فرمائی۔ اس موقع پر منیر ہمدم، اعجاز انصاری، جاوید نسیمی، سہیل آزاد، معین شاداب، اسرار راضی، خالد اخلاق، شاکر دہلوی، انیس قلب اور مسرت جہاں نے اپنا کلام پیش کرکے محفل کو رونق بخشی۔ معزز سامعین میں چشمہ فارقی، ریشما فارقی اور پروفیسر ابو ظہیر ربانی کی شرکت نے بھی تقریب کی ادبی وقار میں اضافہ کیا۔

تقریب کا ایک اہم اور قابلِ ذکر مرحلہ ممتاز ادیب و نقاد پروفیسر شہپر رسول کی ادبی خدمات کے اعتراف میں انہیں ’’اسعد بدایونی ایوارڈ‘‘ سے نوازا جانا تھا۔ اس موقع پر ان کی علمی و ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب کے اختتام پر سولیٹیر لٹریچر فاؤنڈیشن کی بانی اور صدر پروین شغف نے تمام معزز مہمانوں، اہلِ علم و ادب، شعراء اور سامعین کا تہِ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اہلِ ادب کی محبت، شرکت اور حوصلہ افزائی ان کے لیے باعثِ افتخار ہے۔ بلاشبہ یہ تقریب اسعد بدایونی کی ادبی شخصیت اور شاعری کو نئی نسل تک پہنچانے کی ایک اہم کوشش تھی۔ اردو اور ہندی دونوں رسم الخطوط میں کتابوں کی اشاعت نے اس ادبی کاوش کو مزید معنویت عطا کی۔

Leave a Response