ایک شام اعجاز انصاری کے نام” سے کُل ہند مشاعرہ منعقد


ممبئی۔۔۔گزشتہ شب ممبئی کی نمائندہ ادبی تنظیم بزمِ یلغار کے زیرِ اہتمام میئر ہال،اندھیری(ویسٹ) میں”ایک شام اعجاز انصاری کے نام” سے کُل ہند مشاعرہ منعقد کیا گیا۔اس موقع پر اعجاز انصاری کا مجموعہ کلام”سارے گلاب تیرے”(دوسرا ایڈیشن) کا رسمِ اجراء بھی عمل میں آیا۔مشاعرے کی صدارت ماہنامہ شاعر کے مدیر حامد اقبال صدیقی نے کی۔معروف شاعر شمیم عباس مہمانِ خصوصی جبکہ فضل الرحمان انصاری(صدر بجنور فاؤنڈیشن،ممبئی)،ڈاکٹر ظاہر خاں اور الحاج بابا جی نے مہمانِ ذی وقار کی حیثیت سے شرکت فرمائی۔ابتدائی نظامت عالم نظامی نے کی جبکہ مشاعرے کی نظامت یوسف دیوان نے بحسنِ خوبی انجام دی۔

حامد اقبال صدیقی نے اپنے صدارتی کلمات میں کہا آج کی شام کے لئے اعجاز انصاری کے نام کا اعلان بزمِ یلغار کے لئے ایک قابل ستائش قدم ہے۔ شمیم عباس نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوسف یلغار اردو کے ایک سچے سپاہی کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔وہ کبھی بھی کسی صلے کی پرواہ کیئے بغیر اردو کے فروغ میں ہمیشہ کوشاں رہتے ہیں۔
مشاعرے کے کنوینر یوسف یلغار نے تمام مہمانوں کا استقبال گلپوشی اور شال پیش کرکے کیا۔ صاحبِ جشن شاعر اعجاز انصاری کا خیر مقدم پر تپاک انداز میں کیا گیا۔ انہیں شال اڑھانے کے علاؤہ خوبصورت ٹرافی بھی پیش کی گئی۔مشاعرے سے قبل شرف نانپاروی کو ان کی ادبی خدمات کے سلسلے میں تنظیم کی جانب سے بیکل اتساہی ایوارڈ سے بھی نوازہ گیا۔
جن شعراءکرام نے اس مشاعرے میں اپنا کلام پیش کیا ان میں صاحب جشن اعجاز انصاری(دہلی)،خمار دہلوی(دہلی)شرف نانپاروی(دہلی)،کلیم جاوید(کرتپور)،حامد علی اختر (دہلی)،جبار شارب(جھانسی)،نعیم انصاری(ناگپور)،عبدالحمید ہنر(پونہ) جبکہ میزبان شعراء میں حامد اقبال صدیقی،شمیم عباس، التمش عباس،عالم نظامی،شمیم شاہجہانپوری،اعجاز ہندی،افسر دکنی،ریکھا روشنی،عامر مسعود،نوشادعارض،عارف محمودآبادی،ریکھا روشنی،توفیق فاخری،یاسراعظمی اور اقبال انصاری کے نام شامل ہیں۔
ایک شام اعجاز انصاری کے نام سے منسوب اس مشاعرے میں مصطفیٰ پنجابی اور رؤف چودھری سمیت ممبئی کی کئی تعلیمی،سماجی اور سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔








