سماج سدھار ٹرسٹ کے آٹھویں فاؤنڈیشن ڈے کے موقع پر بہ تعاون اردو اکادمی،دہلی سرکار کُل ہند مشاعرہ منعقد کیا گیا


نئی دہلی،گزشتہ شب عباسی ہال(چوپال)، عظیم ڈیری،جامعہ نگر، نئی دہلی میں سماج سدھار ٹرسٹ کے زیرِ اہتمام ٹرسٹ کے آٹھویں فاؤنڈیشن ڈے کے موقع پر بہ تعاون اردو اکادمی،دہلی سرکار کُل ہند مشاعرہ منعقد کیا گیا۔ صدارت پدم شری پروفیسر اختر الواسع نے کی جبکہ علاقہ کونسلر شعیب دانش مہمانِ خصوصی اور ڈاکٹر شہزادہ صدیقی، دبئی مہمانِ ذی وقار شریک تھے۔مشاعرے کا افتتاح روایتی انداز میں مشترکہ ہاتھوں سے شمع روشن کرکے کیا گیا۔پروفیسر اختر الواسع نے اپنے صدارتی خطبے میں علم کی روشنی،اسکی ضروریات اور افادیت پر زور دیا اور منتظمین کی خدمت میں ہدیۂ تبریک و تحسین پیش کیا۔

کونسلر شعیب دانش نے مشاعرے کے انعقاد پر اعجاز انصاری کی اردو ادب و مشاعرے کے حوالے سے نہ صرف یہ کہ خدمات کا اعتراف کیا بلکہ آئندہ منعقد ہونے والے مشاعرے کے لئے بھر پور تعاون کا بھی یقین دلایا۔مشاعرے کی نظامت کے فرائض اعجاز انصاری نے انجام دئیےجبکہ ابتدائی نظامت اسلم بیتاب نے کی۔
سماج سدھار ٹرسٹ کے صدر محمد صغیر اور مشاعرہ کنوینر اعجاز انصاری کے ذریعے تمام مہمانوں کا استقبال گلدستے پیش کرکے کیا گیا۔مشاعرے سے قبل مسرور احمد کو بہترین بی۔ایل۔او۔ کا ایوارڈ پیش کیا گیا تو وہیں ٹرسٹ کی جانب سے تمام شعراء کو مومینٹو بھی دیئے گئے۔

جن شعراےکرام نے مشاعرے میں اپنے کلام سے محظوظ کیا ان کے اسمائے گرامی اسطرح سے ہیں۔شیدا مروہوی، انا دہلوی،جلیل برہانپوری (برہانپور)،نفیس کانپوری (کانپور)، اقبال انصاری (ممبئی)،حامد علی اختر،رام شیام حسین،اسلم بیتاب، صبا عزیز، جاوید عباسی،مشفق بچھرایونی،ابراہیم علوی،احترم صدیقی، اثردہلوی اور کنوینر مشاعرہ اعجاز انصاری۔
آخر میں سماج سدھار ٹرسٹ کے صدر محمد صغیر نے تمام مہمانوں، شعراء اور سامعین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس کامیاب مشاعرے کے اختتام کا اعلان کیا۔









