Tuesday, September 17, 2024
Ranchi Jharkhand News

ووٹ دینا اور دلوانا ایک قومی ، ملی اور مذہبی فریضہ : ڈاکٹر محمد یٰسین قاسمی

رانچی: الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے پارلیمانی انتخاب کے لیے مرحلہ وار ووٹ ڈالنے کی تاریخوں کا اعلان ہو چکا ہے ۔ صوبۂ جھارکھنڈ میں چار مرحلوں میں انتخابی عمل انجام پانا ہے ۔ چناں چہ 13، 20اور 25مئی 2024نیز یکم جون 2024کی تاریخیں انتہائی اہم ہیں ۔ ان تاریخوں سے قبل کرنے کے کام یہ ہیں : (۱) ائمہ مساجد اور خطبا حضرات سے مؤ دبانہ درخواست ہے کہ جمعہ کے دن اور دوسرے موقعوں پر لوگوں کے سیاسی و اجتماعی شعور کو بیدار کریں ۔ اس ضمن میں جمہوریت اور آئین ہند کی بقا و تحفظ کے حوالے سے ہر سمجھدار شہری کے ایک ایک ووٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالیں ۔ (۲) تمام ملی و سماجی جماعتوں اور لسانی تنظیموں بہ طور خاص ریاستی انجمن ترقی اردو جھارکھنڈ (رجسٹرڈ ) کے جمیع ارکان و عہدے داران سے گزارش کی جاتی ہے کہ ووٹ دینے اور دلوانے کو اپنی تمام متعلقہ ادبی سر گرمیوں پر ترجیح دیں یا ایسی ادبی سر گرمیوں کا اہتمام کریں جو اس مہتم با لشان کام کے لیے مفید ہوں ۔ (۳) ادبی سر گرمیوں میں بر ادران وطن کو بھی مدعو کریں اور ایجنڈے میں ’’عہدوپیماں ‘‘ کو شامل رکھیں ۔ عہدو پیماں کے الفاظ یہ ہو سکتے ہیں : ’’ہم ہندوستان کے شہری یہ عہد کر تے ہیں کہ ہم اپنے ملک کی جمہوری روایات و اقدار کو بر قرار رکھیں گے اور آزادانہ ، منصفانہ و پرامن انتخابات کی روایات کی پاسداری کر تے ہوے مذہب ، نسل ، ذات ، برادری ، زبان ، ذاتی پسند و نا پسند اور وقتی مفاد سے بالا تر ہو کر بلا خوف و خطر ملک و ملت کے وسیع تر مفاد میں حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ‘‘۔
متذکرہ بالا تاریخوں میں (الیکشن کے دن ) کرنے کے کام ملاحظہ ہوں : (۱) حسب معمول فجر کی نماز با جماعت ادا کر نے کے بعد کلام پاک کی تلاوت فرمائیں ۔ (۲) چائے نوشی کے بعد پولنگ بوتھ پر اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں اور ووٹرز کا شادی بیاہ کی تقریبات کی طرح استقبال کرتےہوے انہیں ووٹ سے متعلقہ سہولیات بہم پہنچائیں ۔ (۳) پنچایتوں ، انجمنوں اور این جی اوزکے ذمے داران و سماجی کارکنان اپنے اپنے محلوں کے ووٹر ز بالخصوص بزرگ اور خواتین ووٹرز کو پولنگ بوتھ تک پہنچانے کی اپنی سطح پر ممکنہ صورتیں اختیار کریں ۔ (۴) کم از کم اپنا قیمتی ووٹ ڈالنے کے بعد ہی ناشتے کا اہتمام کریں ۔ (اپیل کنندہ ریاستی انجمن ترقی اردو جھارکھنڈ’رجسٹرڈ‘کے بانی صدر اور رابطۂ اسلامی ہندکے سربراہ ہیں )رابطہ نمبر : 9939223959

Leave a Response