مجلسِ علماء جھارکھنڈ کی رکنیت سازی 26 جولائی سے 20 اگست تک، انتخابی کمیٹی نے کیا پریس کانفرنس


رانچی، 25 جولائی: مجلسِ علماء جھارکھنڈ کی انتخابی کمیٹی کی جانب سے سنیچر کے روز انجمن اسلامیہ، مسافر خانہ، رانچی میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں انتخابی کمیٹی کے کنوینر مولانا ڈاکٹر اصغر مصباحی، مولانا عبد المنان اصلاحی، مولانا حسان ندوی، حافظ زبیر احمد نے گزشتہ مشاورتی نشست میں لیے گئے اہم فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ مجلسِ علماء جھارکھنڈ کی رکنیت سازی مہم 26 جولائی 2026ء سے 20 اگست 2026ء تک جاری رہے گی۔
اس مدت کے دوران ریاست جھارکھنڈ کے علماء، حفاظ اور قراء مقررہ رکنیت فارم بھر کر اور 100 روپے رکنیت فیس ادا کرکے مجلس کے رکن بن سکیں گے۔انہوں نے مزید بتایا کہ رکنیت فارم آن لائن اور آف لائن دونوں طریقوں سے جمع کیے جا سکیں گے۔ آن لائن فارم پی ڈی ایف کی شکل میں دستیاب ہوگا، جسے موبائل یا کمپیوٹر پر پُر کرکے یا پرنٹ نکال کر متعلقہ ذمہ دار کے پاس جمع کیا جا سکے گا۔
رکنیت فیس کی ادائیگی کے لیے کیو آر کوڈ جاری کیا جائے گا، جبکہ رانچی میں فارم انتخابی کمیٹی کے کنوینر مولانا ڈاکٹر اصغر مصباحی کے پاس اور دیگر اضلاع میں مجلس کے ضلعی صدور و جنرل سیکرٹری صاحبان کے ذریعے جمع کیے جائیں گے۔ پریس کانفرنس میں کنوینر، نایب کنوینر نے کہا کہ رکنیت سازی کا یہ مرحلہ مجلس کے تنظیمی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے اور آئندہ انتخابی عمل کو شفاف اور منظم انداز میں مکمل کرنے کے لیے نہایت اہم ہے۔ انہوں نے ریاست بھر کے علماء، حفاظ اور قراء سے اپیل کی کہ وہ مقررہ مدت کے اندر اپنی رکنیت مکمل کریں۔ اس موقع پر مولانا ڈاکٹر اصغر مصباحی کے علاوہ مولانا عبد المنان اصلاحی، مولانا حسان ندوی، حافظ زبیر اور دیگر ذمہ داران موجود تھے، جنہوں نے صحافیوں کے مختلف سوالات کے جواب بھی دیے۔








