دارالفلاح للبنات پہرا میں تکمیل حفظ قران کریم کی مجلس کا انعقاد، ملک کے موقر اور مقتدر علمائے کرام کی پروگرام میں شرکت۔


جامعہ اسلامیہ دارالفلاح للبنات پہرا میں ایک دعائیہ نشست بموقعہ تکمیل حفظ قران کریم کا انعقاد رکھا گیا جس میں جامعہ کی تین طالبات نے حفظ قران کریم مکمل کیا۔
پروگرام کی سرپرستی محبوب العلماء الحاج محبوب عالم شیوپور صاحب نے فرمائی اور صدارت عالی جناب حضرت مولانا محمد نسیم انور ندوی دامت برکاتہم ڈائریکٹر فاطمہ گرلز اینڈ بوائز اکیڈمی اٹکی رانچی نے فرمائی۔

مہمان خصوصی کے طور پر حضرت مولانا محمد رستم صاحب قاسمی جنرل سیکرٹری جمعیت علماء گریڈیہ، حضرت مولانا محمد جوہر علی مظاہری نائب صدر جمعیت علماء گریڈیہہ ، حضرت مولانا محمد الیاس صاحب مظاہری مہتمم جامعہ عثمان بن عفان کھوری مہوا ،حضرت مولانا نسیم صاحب، حضرت مولانا محمد طیب صاحب قاسمی ناظم ہاجرہ گرلز اکیڈمی کرمئی سلیا، قاری محمد مسلم صاحب گریڈیہہ وغیرہ رونق اسٹیج ہوئے اور اپنے تاثراتی کلمات سے بھی نوازا،
اس موقع پر جامعہ کے طالبات نے تلاوت قران پاک، نعتیں، نظمیں اور اردو انگلش میں تقریر پیش کیں، حفظ قران کریم کی سعادت حاصل کرنے والی تینوں طالبات فلک نسیم، نرگس آزاد اور کلثوم مشتاق نے قران کریم کی آخری چند سورتوں کی تلاوت کر کے اس مجلس میں اپنا حفظ قران کریم مکمل کیا۔
اپنے تاثراتی کلمات پیش کرتے ہوئے حضرت مولانا رستم صاحب قاسمی نے طالبات کی عمدہ لب و لہجے اور تجوید و قواعد کی رعایت کے ساتھ قران کریم کی تلاوت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کی بچیوں کی تعلیم، خصوصا قران کریم کی تلاوت علاقے کے دیگر مدارس کے لیے ایک نمونے کی حیثیت رکھتی ہے۔
حضرت مولانا جوہر علی المظاہری نے حفظ قران کریم کی اہمیت اور فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے بچیوں کے والدین کو مبارک باد پیش کیا۔
حضرت مولانا محمد طیب صاحب قاسمی نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے جامعہ کی تعلیم و تربیت پر اپنا اطمینان ظاہر کیا اور جامعہ کے اراکین اور اساتذہ کی خدمت کو سراہا اور جامعہ کے ناظم کو دامے درمے سخنے ہر طرح سے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس پروگرام کی صدارت فرما رہے حضرت مولانا محمد نسیم انور ندوی صاحب اپنی تاثرات پیش کرتے ہوئے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کے ساتھ ان کے گمان کے مطابق معاملہ فرماتے ہیں، لہذا ہمیں اپنی سوچ اور فکر کے معیار کو بلند رکھنی چاہیے، ہمیں اپنے کاموں کو متعین نہیں کرنا چاہیے بلکہ اپنی فکر کو وسیع رکھتے ہوئے ماسٹر پلان کرنا چاہیے، پھر ان شاءاللہ! اللہ کی مدد آئے گی اور کام آسان ہوجائے گا، انھوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے فرمایا کہ کبھی بھی اپنی زبان پر کسی کا شکوہ نہ لائیں بلکہ اپنے کام پہ توجہ رکھیں۔
سرپرست محترم جناب حاجی محبوب عالم نے بھی اپنی حوصلہ افزا کلمات سے نوازا اور اخیر قاری محمد مسلم صاحب دامت برکاتہم العالیہ نے دعا فرمائی اور مجلس کا بہ حسن و خوبی اختتام ہوا ۔
