Monday, September 9, 2024
Chatra News

جامعہ رشیدالعلوم چترا میں ابتدائی درجات تا دورۂ حدیث کے داخلے2 مئی سے

 

چترا(مفتی احمد بن نذر)تقریباً ایک صدی پر محیط اپنی تعلیمی و تدریسی خدمات کی درخشاں تاریخ رکھنے والی مرکزی درسگاہ جامعہ رشیدالعلوم چترا میں جدید و قدیم داخلوں کا آغاز 11 شوال المکرم 1444ھ مطابق دو مئی 2023ء سے ہوگا۔داخلے درجات حفظ،ابتدائی فارسی وعربی تا دورۂ حدیث شریف میں ہوں گے۔
جامعہ میں طلبہ کو دی جانےوالی  سہولیات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے جامعہ کے ناظم شعبۂ تنظیم وترقی مولانا شعیب اختر مظاہری نے بتایا کہ طلبہ کے قیام کےلیے دارالاقامہ،ان کی تعلیم کے لیےدرس گاہ،دو وقت کھانا جس میں ہفتے کے ایک دن بریانی اور ایک دن گوشت اور ناشتے میں باری باری کھیر،چنا،کھچڑی،سوجی کا حلوہ،ساتھ ہی پینے کےلیے آر او کے ذریعہ صاف پانی اور واٹر کولر کا نظم ہے۔طلبہ کے علاج ومعالجہ کا کفیل بھی جامعہ ہی ہے،اور انہیں پڑھنے کےلیے کتابیں بھی عاریتاً کتب خانے سے ہی ملتی ہیں،نیز ماہانہ،ششماہی اور سالانہ امتحانات میں امتیازی نمبرات سے کام یاب طلبہ کی حوصلہ افزائی کے ہزاروں روپے کے نقد انعامات دیئے جاتے ہیں۔
انہوں نے خاص طور پر حفاظ طلبہ کےلیے جامعہ میں قائم درجہ اجراء عربی و فارسی کے متعلق بتایا کہ حفاظ طلبہ کا ذہن حفظ کلام پاک کی وجہ سے چوں کہ غیر حفاظ کے مقابلے میں قدرے پختہ ہوتا ہے اور ان کا قابل ذکر وقت حفظ میں بھی لگ چکا ہوتا ہے،لہذا ان کی ذہنی استعداد اور وقت؛دونوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اجراء عربی و فارسی کے نام سے جامعہ میں خصوصی درجہ موجود ہے،جس میں ابتدائی فارسی اور ابتدائی عربی کی کتابیں دو سال کے بجائے ایک سال میں پڑھا دی جاتی ہیں،اور آئندہ سال انہیں عربی دوم میں ترقی دے دی جاتی ہے،جس سے ان کا وقت بچتا ہے اور استعداد میں بھی کوئی نقص نہیں رہتا۔ایسے ہی درجۂ عربی ششم اور ہفتم یعنی جلالین اور مشکوۃ جسے مدارس کی اصطلاح میں موقف علیہ تام کہا جاتا ہے،کی تعلیم کا نظم دو کے بجائے ایک ہی سال میں ہے۔نیز امسال سے طلبہ کو کمپیوٹر کی بنیادی معلومات بھی فراہم کی جائیں گی اور دسویں کلاس یعنی میٹرک کے امتحانات بھی فاصلاتی طور پر  دلوائے جائیں گے۔
داخلے سے متعلق ضوابط کی تفصیل فراہم کرتے ہوئے دفتر تعلیمات سے مولانا محمد اقبال نیر مظاہری نے بتایا کہ جدید داخلے 11 تا 15 شوال المکرم مطابق 2 تا 6 مئی اور قدیم داخلے 17 شوال المکرم مطابق 8 مئی تک ہوں گے،اور شوال کے تیسرے عشرے کے اوائل میں اسباق شروع ہو جائیں گے۔داخلہ امتحان میں کامیابی اور قدیم طلبہ کی ترقی سالانہ امتحان میں کام یابی پر موقوف ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ جدید طلبہ کےلیے مجوزہ کتابوں کا امتحان دینا اور ان میں کامیابی حاصل کرنا لازمی ہوگا،بدون اس کے مطلوبہ درجہ میں داخلہ نہیں ہوگا،البتہ بعد امتحان ممتحن کے تجویز کردہ درجے میں داخلے کی گنجائش ہوگی،نیز قدیم طلبہ کے  دو کتابوں میں بیس سے کم نمبرات لاکر ناکام ہونے کی صورت میں ان کو اگلے درجے میں ترقی نہیں دی جا سکےگی،بلکہ ان کا داخلہ سابقہ درجے میں ہی ہوسکےگا۔داخلے کے خواہش مند طلبہ کے لیے پاسپورٹ سائز تصویر اور آدھار کارڈ ساتھ لانا لازمی ہوگا۔داخلے اور سے متعلق ضروری تفصیلات کےلیے دفتر تعلیمات سے ان نمبرات پر رابطہ کیا جا سکتا ہے:
7979708916
8651146372
9534036811

Leave a Response