جھارکھنڈ میں وقف ترمیمی بل کے سلسلے میں ڈاکٹر محمد یٰسین قاسمی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل
جلد ہی آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے زیر اہتمام اجلاس عام کا انعقاد کیاجائے گا : ڈاکٹر قاسمی
رانچی : (پی۔آر ) آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا محمد فضل الرحیم مجددی صاحب نے اپنے ایک مراسلہ ( حوالہ نمبر : 4511\2024 تاریخ : 07\09\2024) کے ذریعہ اطلاع دی ہے کہ اجلاس ارکان بورڈ کی تجویز کے مطابق جھارکھنڈ میں وقف ترمیمی بل 2024 کے سلسلہ میں مولانا ڈاکٹر محمد یٰسین قاسمی کی سربراہی میںایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ، جس میں اس بات کا خاص خیال رکھا گیاہے کہ مختلف جماعتوں؍ مسلکوں اور اداروںکی نمائندگی رہے ۔ مزید رقم طراز ہیں کہ یہ کمیٹی جہاں ایک طرف جھارکھنڈ میں مختلف جہتوں سے وقف ترمیمی بل 2024 کو روکنے اور مسترد کرانے کی ہر ممکن کوشش کرے گی ، وہیں دوسری طرف اس کی بھی کوشش کرے گی کہ بڑے پیمانہ پر عوام کے اندر بیداری پیدا کرکے زیادہ سے زیادہ تعداد میں جے پی سی (JPC)کو اپنی رائے بھیجوائی جائے ، نیز اس بات پر بھی توجہ دینی ہے کہ جس قدر جلد ممکن ہو سکے ایک بڑا عوامی پروگرام بھی منعقد کیاجائے ۔
مسئلہ کی اہمیت اور حساسیت کے پیش نظر آپ حضرات سے خصوصی درخواست ہے کہ اس اہم مسئلہ پر فوری توجہ فرمائیں۔
اس حوالے سے ڈاکٹر قاسمی نے کہا کہ وقف ترمیمی بل پر مسلم پرسنل لاء بورڈ کے زیر اہتمام کولکاتہ میں اہم اجلاس عام 10 ستمبر کو منعقد ہونے جا رہا ہے ، جس میں میری شرکت پہلے سےطےہے ۔ اس موقع پر اکابر بورڈ سے ملاقاتیں ہوں گی اور تبادلۂ خیال ہوگا۔ واپسی کے بعد کمیٹی کے ارکان کے علاوہ جملہ تنظیموں ، اداروں ، پنچایتوں اور فعال سماجی کارکنان کی ایک اہم میٹنگ بلائی جائے گی ۔ جس میں اب تک کی کارکردگی کا ایک عمومی جائزہ لیاجائے گا اور ریاستی سطح کے ایک اہم اجلاس عام کے انعقاد پر باہمی گفت و شنید کے تناظر میں لائحہ عمل تیار کیاجائے گا ۔