مولانا مشرف بنے الپسنکھیک سبھا کے ریاستی صدر
رانچی: جھارکھنڈ میں اسمبلی انتخابات کی تیاریوں میں سبھی سیاسی پارٹیاں مصروف ہو رہے ہیں۔ آج سماج وادی پارٹی نے رانچی کے بیاسی کے رہنے والے کل ہند فلاح المسلمین کے قومی جنرل سکریٹری، مرکزی جمعیۃ علماء ہند کے رکن، جمعیت علماء جھارکھنڈ کے مجلس منتظمی کے رکن اور جامعہ عربیہ قاسم العلوم کے پرنسپل حضرت مولانا مشرف عالم قاسمی کو جھارکھنڈ سماجوادی الپسنکھیک سبھا کے ریاستی صدر نامزد کیا ہے۔ اس سے پہلے بھی مولانا مشرف جے ایم ایم، جھارکھنڈ ونانچل کانگریس وغیرہ میں بڑے عہدوں کی ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
آج مولانا مشرف کو مورہآبادی رانچی کے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں بلاکر لیٹر سونپا گیا۔ لیٹر میں لکھا گیا ہے کہ سماج وادی پارٹی کے ریاستی چیف جنرل سکریٹری ممتاز علی کی سفارش پر جھارکھنڈ کے ریاستی صدر کیشور یادو عرف رنجن یادو نے مولانا مشرف کو ریاستی صدر نامزد کیا ہے۔ صدر کے طور پر نامزد ہونے پر مولانا مشرف نے کہا کہ ہم پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو، پارٹی کے ریاستی چیف جنرل سکریٹری ممتاز علی، ریاستی صدر رنجن یادو، جھارکھنڈ انچارج محمد ارشد خان اور پارٹی کے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پارٹی نے مجھے جو ذمہ داری دی ہے اس پر میں کھرا اترنے کا کام کروں گا۔ مولانا مشرف کو سماج وادی الپسنکھیک سبھا کا چیئرمین بناے جانے پر جھارکھنڈ اسٹیٹ حج کمیٹی کے سابق رکن مولانا سید تہذیب الحسن رضوی، فاروقی تنظیم ڈائرکٹر حافظ ابوبکر، سینٹرل محرم کمیٹی کے جنرل سکریٹری عقیل الرحمان، مرحبا ہیومن سوسائٹی کے جنرل سکریٹری سید نہال احمد، سہیل سعید، جامعیۃ المحصنات کے مہتمم مفتی رحمت اللہ، صحافی عادل رشید اور درجنوں تنظیموں کے لوگوں نے مبارکباد دی ہے۔