Hazaribag News

مشہورمناظراسلام مولاناسید طاہر حسین گیاوی کے سانحۂ ارتحال پر جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کا اظہارتعزیت

Share the post

 

ہزاریباغ 10جولائی:
نامورعالم دین، مشہورمناظراسلام،محقق ومصنف مولاناسید طاہرحسین گیاوی کے انتقال پُرملال پر جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے اپنے گہرے دکھ اور دردکا اظہارکرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے اظہارتعزیت کیاہے۔
مفتی محمدشہاب الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ مولاناطاہرحسین گیاوی علم وتحقیق،تصنیف وتالیف اور تقریروخطابت میں غیرمعمولی صلاحیت کے مالک اوردارالعلوم دیوبندکے ایک شہرۂ آفاق اور مایۂ ناز فاضل تھے، ردبدعت اور تحفظ سنت کے میدان میں اپنی خدمات سے برصغیرمیں نصف صدی تک اپنالوہامنواتے رہے۔مولانا گیاوی ؒدارالعلوم دیوبند سے فراغت کے بعد ملک کے مشہورتعلیمی اداروں سے منسلک ہوکر تدریسی خدمات انجام دیں، اسی دوران انھیں خطیب اسلام کی حیثیت سے شہرت ملی جس کی وجہ سے نہ صرف ملک کے طول وعرض میں اپنی تقریروخطابت سے مسلک دیوبنداورحنفیت کے بے باک مجاہد کی حیثیت سے پہچان بنائی بلکہ ملک میں اپنی علمی،تحقیقی اور منفردخطابت کے شہسواراور مسلک دیوبند کے ترجمان قرارپائے۔مولاناکو تصنیف وتالیف کابھی خصوصی ذوق تھا،ان کے نوک قلم سے متعدد موضوعات پر درجنوں کتابیں منظر عام پر آئیں اور اوساطِ علمیہ سے دادتحسین حاصل کیں۔مولانا کی سادگی، انکساری اور جفاکشی ان کی طبیعت کا حصہ تھی۔مولاناگیاویؒ کا انتقال بلاشبہ ملت اسلامیہ کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔

مفتی محمدشہاب الدین قاسمی نے ارباب مدارس، ائمہ مساجد اورجمعیۃ علماء کے ضلعی ذمہ داران اور منتسبین ومتوسلین سے مولانامرحوم کے لیے ایصال ثواب کی اپیل کی ہے۔اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرماکر جنت الفردوس میں بلنددرجات اور ملت اسلامیہ کو ان کا نعم البدل عطاکرے اور پسماندگان کو صبرجمیل کی دولت سے سرفراز فرمائے۔

Leave a Response