جامعہ عثمانیہ اوینا کا دوسرا عظیم الشان سالانہ اجلاس و تعلیمی مظاہرہ 5 نومبر کو


علماء کرام کے خطابات، طلبہ کی دستار بندی اور تعلیمی مظاہرے ہوں گے منعقد، ملک کے نامور علماء کی خصوصی شرکت
رانچی: جامعہ عثمانیہ، اوینا، چندوے، رانچی کے زیر اہتمام دوسرا عظیم الشان سالانہ اجلاسِ دستار بندی و تعلیمی مظاہرہ 5 نومبر 2026 بروز جمعرات منعقد ہوگا۔ اس سلسلے میں جامعہ کی جانب سے پروگرام کا دعوت نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اجلاس میں ملک کے ممتاز علماء کرام کی شرکت متوقع ہے، جبکہ طلبہ کی دستار بندی اور تعلیمی مظاہرے بھی پروگرام کا اہم حصہ ہوں گے۔پروگرام میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے حضرت مولانا سیدصہیب حسینی ندوی شیخ التفسیر دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو اور حضرت مولانا فرید الدین قاسمی شیخ الحدیث دارالعلوم وقف دیوبند شرکت فرمائیں گے۔ اجلاس کی صدارت الحاج مولانا قاری اشرف الحق مظاہری کریں گے۔جبکہ سرپرستی حضرت قاری صہیب احمد نعمانی معاون ناظم مدرسہ عالیہ عربیہ کانکے۔اس موقع پر مفتی محمدانور قاسمی قاضی شریعت دارالقضاء امارت شرعیہ رانچی، مولانا محمد منصور عالم مظاہری، مولانا قاری انصار اللہ قاسمی اور مفتی ابو عبیدہ قاسمی سمیت دیگر علماء کرام اپنے علمی و اصلاحی خطابات سے سامعین کو مستفید کریں گے۔اجلاس میں نظامت کے فرائض مفتی وصی الرحمن ندوی انجام دیں گے، جبکہ تلاوت قرآن پاک، نعتیہ کلام اور دیگر دینی و تعلیمی پروگرام بھی پیش کیے جائیں گے۔جامعہ کے ذمہ داران نے عوام، علماء کرام، دانشوروں اور بالخصوص اہلِ علاقہ سے اجلاس میں شرکت کرکے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنے کی اپیل کی ہے۔مذکورہ جانکاری مولانا مظفر حسین عرفانی مہتمم مدرسہ ھذا نے دی ہے۔








