مدینہ ٹریولس کے زیر اہتمام عمرہ زائرین کے لیے تربیتی اجلاس کا شاندار انعقاد


29جولائ2026 اور 31کو راجدھنوار اسٹیشن اور رانچی ائرپورٹ سے روانگی 90 معتمرین کا قافلہ روانہ
کھوری مہوا (نمائندہ): مدینہ ٹریولس کے زیر اہتمام جے یو اے پبلک اسکول، جامعہ نگر، کھوری مہوا، راجدھنوار، ضلع گریڈیہہ (جھارکھنڈ) میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے 90 زائرین کے لیے ایک عظیم الشان تربیتی اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں عمرہ کے ارکان، مسائل، آدابِ سفر اور عملی رہنمائی تفصیل کے ساتھ پیش کی گئی۔
اجلاس کی صدارت حضرت مولانا مفتی غلام رسول صاحب قاسمی، شیخ الحدیث دارالفلاح للبنات پہرا نے فرمائی، جبکہ سرپرستی قاری مدثر صاحب، ڈائریکٹر آل انڈیا مدینہ ٹریولس نے کی۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی قاری مبارک صاحب سہارنپوری، ترجمان مدینہ، اور مولانا قربان صاحب نے عمرہ کے فضائل، مسائل اور اس کی روحانی اہمیت پر مدلل اور مفصل خطاب فرمایا۔ بہار، جھارکھنڈ، بنگال اور اڈیشہ کے رکن مولانا محمد الیاس صاحب مظاہری اور مولانا جوہر صاحب مظاہری نے سفرِ عمرہ کے آداب، ضروری ہدایات اور زائرین کو درپیش اہم امور پر روشنی ڈالی۔
اس کے علاوہ مولانا عمر فاروق صاحب قاسمی اور مولانا الطاف صاحب، امام مدینہ مسجد کھوری مہوا نے بھی معتمرین کو ضروری شرعی مسائل سے آگاہ کیا۔

روح پرور نشست میں معروف شاعرِ اسلام قاری آفتاب رہبر صاحب کلکتوی، ترجمان جھارکھنڈ ممتاز عاطف صاحب جھارکھنڈی اور قاری عبدالحسیب صاحب گریڈیہہ نے نعتِ رسولِ مقبول ﷺ پیش کرکے سامعین کے قلوب کو عشقِ رسول ﷺ کی خوشبو سے معطر کر دیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد الیاس صاحب مظاہری نے بتایا کہ ان شاء اللہ 29 جولائی 2026 اور 31 جولائی 2026 کو رانچی ایئرپورٹ سے تقریباً 90 معتمرین عمرہ کے لیے روانہ ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مدینہ ٹریولس کی جانب سے ہر ماہ رانچی سے دو تا تین عمرہ گروپ اور ہر ہفتہ دہلی سے متعدد گروپ روانہ کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے خواہش مند حضرات سے اپیل کی کہ اگر وہ کم خرچ، معیاری سہولیات اور علماء کرام کی نگرانی میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنا چاہتے ہیں تو مدینہ ٹریولس سے رابطہ کریں۔








