جامعہ ام ہانی للبنات میں جمعیت علمائے ہند کانکے بلاک کی اہم نشست، ایس آئی آر پر بیداری مہم تیز کرنے کا فیصلہ


رانچی: کانکے بلاک کے بوڑھی باغی واقع جامعہ ام ہانی للبنات میں جمعیت علمائے ہند کانکے بلاک کے زیرِ اہتمام ائمہ مساجد، مدارس کے ذمہ داران، علاقائی علماء کرام اور حفاظِ کرام کی ایک اہم نشست منعقد ہوئی، جس میں تنظیمی امور، عوامی بیداری اور موجودہ حالات خصوصاً ایس آئی آر (Special Intensive Revision)کے سلسلے میں تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ایس آئی آر کے حوالے سے عوام میں پائے جانے والے ابہامات کو دور کرنے اور ووٹر فہرست کی نظرِ ثانی کے عمل سے متعلق صحیح معلومات ہر فرد تک پہنچائی جائیں، تاکہ کوئی بھی اہل شہری اپنے دستاویزات اور انتخابی حقوق سے محروم نہ رہے۔ علماء کرام سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے بیانات، خطبات اور عوامی ملاقاتوں کے ذریعے لوگوں کو بیدار کریں اور ضروری رہنمائی فراہم کریں۔
اس موقع پر مقررین نے کہا کہ جمعیت علمائے ہند ملک کی قدیم، باوقار اور ملی خدمات انجام دینے والی تنظیم ہے، جو دینی، تعلیمی، سماجی اور آئینی میدانوں میں ملت کی رہنمائی کرتی رہی ہے۔ جمعیت ہمیشہ قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی، دستورِ ہند کے تحفظ اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سرگرم کردار ادا کرتی رہی ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ جمعیت کے پیغام کو گاؤں گاؤں اور محلہ محلہ تک پہنچایا جائے، اس کی اہمیت و افادیت کو عملی شکل دی جائے اور تنظیم کو مزید مضبوط بنایا جائے۔نشست میں متعدد اہم تجاویز بھی پیش کی گئیں، جن میں جمعیت علماء کی فنڈنگ کو بہتر اور منظم بنانے، ذمہ داران کی موجودگی میں خصوصی تنظیمی اجلاس منعقد کرنے اور ہر علاقے میں رابطہ مہم کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جمعیت علمائے ہند کانکے بلاک کی آئندہ نشست مدرسہ تجوید القرآن میں منعقد ہوگی۔ جہاں تنظیمی منصوبوں کا جائزہ لیا جائے گا اور مزید عملی لائحۂ عمل طے کیا جائے گا۔اس موقع پر جمعیت علمائے ہند کانکے بلاک کے صدرمولانا عبدالمعز قاسمی، مجلس کے صدر محمد اسلام الحق، سکریٹری ،قطیب الحقسمیت ائمہ، علماء کرام، حفاظ اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔








