صدر جمعیۃِ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی صاحب کا بر وقت فیصلہ برحق فیصلہ :
عبد الصَّبور اَلقاسمی، نائب صدر جمعیۃِ علماء پلاموں
گزشتہ روز جمعیۃِ علماء ہند کے مرکزی دفتر سے اعلان ہوا کہ سابق سیکرٹری قانونی امداد کمیٹی جناب مرحوم گلزار اعظمی صاحب کی رحلت کے بعد جمعیۃِ علماء ہند کی قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ اور تمام مقدمات کے مدعی جمعیۃِ علماء ہند کے نائب صدر جگر گوشۂ شیخ الاسلام حضرت مولانا سید اسجد مدنی صاحب ہوں گے
جمعیۃِ علماء ہند ہی وہ ایسی یکتا اور واحد تنظیم ہے جس نے ہزاروں بے قصور مسلمانوں کو ضمانت پر رہا کرایا ہے، پھانسی اور عمر قید کے فیصلہ شدہ مظلوموں کو ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ سے انصاف دلا کر ان کے اہلِ خانہ کو حیاتِ نو بخشی ہے، جس میں سابق سیکرٹری قانونی امداد کمیٹی جناب گلزار احمد اعظمی صاحب مرحوم صدر جمعیۃِ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی صاحب اور نائب صدر مولانا سید اسجد مدنی صاحب کے شانہ بہ شانہ کھڑے ہو کر تمام مقدمات میں مدعی رہے، اب ان کے سانحۂ ارتحال کے بعد جمعیۃِ علماء ہند کے نائب صدر حضرت مولانا سید اسجد مدنی صاحب کو جمعیۃِ علماء ہند کی قانونی امداد کمیٹی کا سرِ براہ منتخب کر لیا گیا ہے۔
اس موقع پر جمعیۃِ علماء پلاموں کے صدر حافظ محمد خالد حسین نے کہا کہ روز اول سے ہی تمام مقدمات میں حضرت مولانا سید اسجد مدنی صاحب ایک اہم کڑی رہے اب مستقل طور پر یہ ذمہ داری انہیں سپرد کر دی گئی ہے، تمام مقدمات میں حضرت نائب صدر ہی پٹیشنر رہیں گے۔
جمعیۃِ علماء پلاموں کے نائب صدر عبد الصَّبور اَلقاسمی نے کہا کہ ایسے نازک و حساس اور تشویش ناک وقت میں صدر جمعیۃِ علما ہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب کا مولانا سید اسجد مدنی صاحب کو یہ اہم ذمہ داری سپرد کرنے کا فیصلہ بروقت فیصلہ برحق فیصلہ ہے۔ اللّٰہ تعالی احبابِ جمعیت، اربابِ جمعیت، ارکانِ جمعیت، محبینِ جمعیت، منسلکینِ جمعیت کی خدمات کو قبول کر کے جمعیۃ علما کی سماجی و اخلاقی خدمات کے نفعے کو عام فرمائے۔
ہم اراکین جمعیۃِ علماء پلاموں (مولانا نوشاد صاحب سیکرٹری جمعیۃِ علماء پلاموں، قاری عظمت اللہ صاحب نائب صدر، مولانا رفیق صاحب، مفتی معین الدین صاحب، مولانا نور الحسن صاحب قاسمی، حافظ ظفر صاحب، مولانا عمران صاحب، مفتی محمد امتیاز عالم مظاہری، مولانا عبد الخالق صاحب مظاہری، مولانا محمد الطاف حسین مظاہری، حافظ منصور عالم صاحب اور دوسرے رفقاء اور اراکین) کی جانب سے حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے حضرت مولانا اسجد مدنی صاحب کو بہت بہت مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ اللہ تعالی ہمارے اکابرینِ علماء کی حفاظت فرمائے اور ان کی نصرت فرماکر ان کی خدمات کو قبول فرمائے۔
آمین