All India NewsBlog

رانچی میں 20 نومبر کو علمی، فکری اور اصلاحی اجلاس کا انعقاد، ملک کے ممتاز اسلامی اسکالر مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی کریں گے خطاب

Share the post

جمعہ کی نماز سے قبل جامع مسجد اربا میں عام خطاب اور شام میں حج ہاؤس کڈرو میں خصوصی پروگرام، علما، دانشوروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ افراد سے شرکت کی اپیل

رانچی:(عادل رشید) جھارکھنڈ کی راجدھانی رانچی میں 20 نومبر 2026 بروز جمعہ علمی، فکری اور اصلاحی اجلاس کا انعقاد کیا جائے گا۔ اس خصوصی پروگرام میں ملک کے ممتاز اسلامی اسکالر اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے رکن و خلیفہ و مجاز حضرت مولانا پیر ذوالفقار نقشبندی، حضرت مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی صاحب کا خطاب ہوگا۔ ان کی آمد کو لے کر دینی اور سماجی حلقوں میں جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ مجلس علمائے جھارکھنڈ کے زیر اہتمام منعقد ہونے والے اس پروگرام کا مقصد معاشرے کے مختلف طبقات کو علمی، فکری اور اصلاحی موضوعات پر رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ پروگرام دو مرحلوں میں منعقد ہوگا۔ پہلا پروگرام جمعہ کی نماز سے قبل دوپہر 12:30 بجے سے 1:30 بجے تک جامع مسجد اربا، رانچی میں ہوگا، جہاں حضرت مولانا کا عام خطاب ہوگا۔ وہیں دوسرا پروگرام مغرب کی نماز کے بعد شام 6 بجے سے رات 8 بجے تک حج ہاؤس، کڈرو، رانچی میں منعقد ہوگا، جس میں حضرت مولانا خلیل الرحمن سجاد نعمانی خصوصی خطاب فرمائیں گے۔ مجلس علمائے جھارکھنڈ کی جانب سے ریاست کے ممتاز علما، دانشوران، ڈاکٹرس، انجینئرس، وکلا، سماجی کارکنان، ملی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران، اہل قلم اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ نمائندوں سے اس پروگرام میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔ ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات کے تناظر میں اپنی دینی، ملی اور سماجی ذمہ داریوں کے سلسلے میں رہنمائی حاصل کرنے کے لیے اس اہم اجلاس میں ضرور شریک ہوں۔ پروگرام میں خواتین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کے لیے پردے کے مناسب انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔ مذکورہ اطلاع مجلس علمائے جھارکھنڈ کے صدر مفتی سلمان قاسمی اور جنرل سکریٹری مولانا سمیع الحق مظاہری نے دی۔

Leave a Response