اردو کے فروغ کی نئی راہیں, انجمن فروغ اردو چانہو یونٹ کی کاوشیں


چانہو، 16 فروری: اردو زبان و ادب کے چراغ کو مزید روشن کرنے اور نئی نسل کو اس کے علمی و فکری سرمائے سے آراستہ کرنے کے لیے انجمن فروغ اردو چانہو یونٹ کی کوششیں مسلسل جاری ہیں۔ حالیہ دنوں میں انٹرمیڈیٹ ، گریجویشن اور میٹرک کے طلبہ کے ساتھ ایک فکری نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں امتحانی تیاری کے مؤثر طریقوں پر روشنی ڈالی گئی۔ دیگر طلبہ کو مسابقتی امتحانات کی تیاری، آن لائن تعلیمی وسائل کے استعمال اور تحقیق و ریسرچ میں اردو کے وسیع میدانوں سے روشناس کرایا گیا۔ اس موقع پر ایک آن لائن نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کی اور اردو کے فروغ کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا۔
اس نشست میں شرکاء نے متفقہ طور پر مانڈر اور چانہو کے علاقوں میں اردو کے فروغ کے لیے تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔ انجمن فروغ اردو نے رمضان المبارک کے بعد ایک جامع کونسلنگ یا رہنمائی پروگرام منعقد کرنے کا ارادہ کیا ہے، جس میں میٹرک کے کامیاب طلبہ کو اردو مضمون میں اعلیٰ تعلیم اور مستقل کے بہتر امکانات سے آگاہ کیا جائے گا۔ اسی کے ساتھ، نیٹ پاس کرنے والے یا پی ایچ ڈی کے خواہشمند طلبہ کے لیے تحقیق، مقالہ نگاری اور مضمون نویسی کے اصولوں پر رہنمائی دی جائے گی۔
اس موقع پر ڈاکٹر زاہد اقبال قاسمی نے انجمن فروغ اردو چانہو یونٹ کے ذمہ داران سے گزارش کی کہ عید کے بعد چانہو اور مانڈر حلقے میں موجود اردو اساتذہ اور گریجویٹس تک رسائی حاصل کی جائے اور ان کے اشتراک سے اردو کے فروغ کی کوششوں کو مزید منظم اور مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے اساتذہ، محبانِ اردو اور علم دوست افراد سے اپیل کی کہ وہ اس کارواں کا حصہ بنیں اور اردو کی روشنی کو ہر محلے اور ہر بستی تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں، تاکہ آئندہ نسلیں اس کے علمی و ادبی سرمائے سے بھرپور استفادہ کر سکیں اور زبان کے فلاحی، سماجی اور تحقیقی پہلو مزید مستحکم ہوں۔
عید کے بعد ہونے والے پروگراموں میں طلبہ کے لیے تحریری و تقریری مقابلے بھی شامل ہوں گے، جن میں کامیاب امیدواروں کو انعامات سے نوازا جائے گا، تاکہ ان میں اردو کے مطالعے، اظہارِ خیال اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیا جا سکے۔ مزید برآں، علاقے کے اردو گریجویٹس کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کر کے ایک باضابطہ ٹیم تشکیل دی جائے گی، جو اردو زبان کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔
عید کے بعد انجمن کی ایک خصوصی نشست میں آئندہ کے منصوبوں کو حتمی شکل دی جائے گی اور اردو کی ترقی کے لیے مزید عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ یہ ایک خواب ہے، ایک عزم ہے، جو ہر اس دل میں دھڑکتا ہے جو اردو کی مٹھاس، اس کی علمی عظمت اور تہذیبی شان کا قدردان ہے۔ انجمن فروغ اردو چانہو یونٹ کا یہ سفر جاری ہے، اور ان شاء اللہ، یہ چراغ نسلوں تک روشنی بکھیرتا رہے گا۔
