ووٹ دینا اور دلوانا ہم سب کا قومی و ملی فریضہ ہے:ڈاکٹر محمد اصغر مصباحی
دستور ہند کی بالادستی قائم رکھنے کے لیے حالیہ انتخاب میں حصہ لینا وقت کااہم ترین تقاضہ
رانچی :مولانا ڈاکٹر محمد اصغرمصباحی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ ہماراملک ایک جمہوری ملک ہے اور اس وقت کا سب سے اہم مسئلہ جمہوریت کی بقا و تحفظ کا ہے۔ ہندوستان کے سیکولر جمہوری نظام حکومت میں یہاں کے مسلمان بھی رہتے ہیں اور حقیقت یہ ہے کہ ملک کی آزادی میں مسلمانوں کا اہم کردار رہا ہے۔ دستور ہند کی بالادستی قائم رکھنے اور ملک سے فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے منصوبہ بندی اور دانش مندی کے ساتھ جدو جہد کرنا ہم سب کا قومی و ملی فریضہ ہے۔ ڈاکٹر محمداصغر مصباحی نے مزید بتایا کہ ہمارے ملک میں حکومت کے قیام کے لیے ووٹنگ کا طریقہ رائج ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کی جانب سے مرحلہ وار ووٹ ڈالنے کی تاریخوں کا اعلان ہو چکا ہے۔ جو انتخاب سامنے ہے ، وہ اپنی نزاکت اور حساسیت کے لحاظ سے بہت اہم ہے۔ جمہوری ملک میں اپنی رائے کااظہار اور اپنے ووٹ کی طاقت کا استعمال کرنا لازمی ہے۔
اس میں کوتا ہی و بے توجہی نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ مولانا محمد اصغرمصباحی نے فرمایا کہ وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے کہ تمام سماجی ، ملی ،مذہبی قائدین و کارکنان ، دانشورانِ قوم و ملت اور دیگر سیاسی کارکنان اس معاملے میں خصوصی دلچسپی لیں اور اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کریں۔ مدارس کے اساتذہ ، علمائے کرام ، ائمہ مساجد اور خطباء حضرات ایسے اہم موقع پر اہم کردار اداکرسکتے ہیں اور موجودہ حالات میں قوم و ملت کی صحیح رہنمائی کا یہ تقاضہ بھی ہے۔ ائمۂ مساجد اور خطباء حضرات سے اپیل کی جاتی ہے کہ جمعہ کے دن اور دوسرے موقعوں پر لوگوں کو متوجہ کریں کہ لوگ متحد ہوکر اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں ،ووٹ دینا اور دلواناایک ملی و مذہبی فریضہ ہے۔ اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا اور جمہوریت کی بقا کے لیے جہد مسلسل جاری رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔
وقت فرصت ہے کہاں کام ابھی باقی ہے
نورِ توحید کا اتمام ابھی باقی ہے