گڑھوا، پلاموں اور لاتیہار کے صوبائی اور ضلعی سینکڑوں اراکین کی ہوئی شرکت
خدمتِ خلق، مظلومین کی قانونی امداد اور مسلم بچیوں کے لیے علیحدہ اسکول کا قیام وقت کی ضرورت/ مولانا سید اسجد مدنی
ڈالٹین گنج 27 فروری
آج یہاں مدرسہ الہدایہ ڈالٹن گنج میں جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کی مجلسِ منتظمہ کےچوتھے زون کا اجلاس جناب مولانا احسان قاسمی صدر جمعیۃ علماء گڑھوا کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے جگرگوشۂ شیخ الاسلام حضرت مولانا سید اسجد مدنی نائب صدر جمعیۃ علماء ہند نے شرکت کی۔
اجلاس میں پالموں، گڑھوا اور لاتیہار کے صوبائی،ضلعی سینکڑوں اراکین اور مقامی جمعیتوں کے ذمہ داروں اور متعدد معززین شہرکو خطاب کرتے ہوئے مولانا مدنی نے کہا کہ ڈالٹن گنج میں آج پہلی مرتبہ جمعیۃ کے کسی اجلاس میں شریک ہوا، انہوں نے کہا،آپ حضرات سے مل کر مجھے بہت خوشی ہورہی ہے، اتنی بڑی تعداد میں آپ حضرات اجلاس میں شریک ہوئے، جمعیۃ علماء ہند اور اس کے اکابر سے آپ کے تعلق کی یہ دلیل ہے۔
مولانا مدنی نے کہا ملک کی آزادی میں جمعیۃ علماء ہند کی قربانیوں کے تذکرے کے بغیر آزادی کی تاریخ مکمل نہیں ہوسکتی، افسوس کہ ہم اپنے اکابر کی تاریخ نہیں پڑھتے، مولانا مدنی نے کہا کہ ملت کو جب بھی جس چیز کی ضرورت پڑی، جمعیۃ علماء ہند کے اکابر میدانِ عمل میں کود پڑے اور کسی بھی جدوجہد سے دریغ نہیں کیا،
جس کی ایک طویل تاریخ ہے۔اس موقع پر انہوں نے حسبِ ضرورت مکاتبِ دینیہ، مدارسِ اسلامیہ کے ساتھ اسکولوں اور اعلیٰ عصری تعلیم گاہوں کے قیام کی طرف اراکین اور ذمہ داروں کو متوجہ کیا، ملت کے مخیرین کو خدمت کی بنیاد پر اسپتال بنانے کی طرف توجہ دلائی، انہوں نے بچیوں کے لیے الگ غیراقامتی ایسے ادارے بنانے پر زور دیا، جن میں عصری تعلیم کے ساتھ ان کی اسلامی کردار سازی کی جاسکے۔مولانا مدنی نے مسلم بچیوں کے درمیان بڑھتے ہوئے فتنۂ ارتداد کے سدِباب کے لیے ان کے لیے متبادل نظامِ تعلیم بنانے کی طرف متوجہ کیا، انہوں نے کہا جمعیۃ علماء ہند کی ممبر سازی مہم میں سرگرم ہوجائیں، اور اس کے واسطے سے محض اللہ کے لیے خدمتِ خلق کے فریضہ کو انجام دیں۔
مفتی محمد شہاب الدین قاسمی جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء جھارکھنڈ نے مجلسِ منتظمہ کے اجلاس کی میزبانی کا شرف حاصل کرنے والے اراکین جمعیۃ علماء پلاموں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں مبارکبای پیش کی، جنرل سیکرٹری نے جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کی دوسالہ خدمات کو اختصار کے ساتھ پیش کیا، اور ممبر سازی مہم کو گھر گھر پہنچانے کی اپیل کی۔
اجلاس میں مظلوم بے گناہوں کی قانونی امداد، اصلاحِ معاشرہ، قومی یکجہتی، اور ہجومی تشدد کی روک تھام پر مشتمل گیارہ تجاویز منظور کی گئیں جن کی ہاؤس نے ہاتھ اٹھاکر تائید کی۔
تجاویز پیش کرنے والوں میں مولانا رضوان دانش ندوی صدر جمیۃ علماء لا تیہار، مولانا احسان قاسمی صدر جمیۃ علماء گڑھوا، حافظ خالد حسین صدر جمعیۃ علما پلاموں، مولانا نوشاد جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء پلاموں، مولانا غلام سرور جنرل سیکرٹری جمعیۃ علماء لاتیہار، مولانا عبد الصبور قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء پلاموں،مفتی امتیاز نائب سیکرٹری جمعیۃ علماء پلاموں، مولانا خورشید نائب صدر جمعیۃ علماء گڑھوا، مولانا اکرم نائب صدر جمعیۃ علماء گڑھوا، مولانا رفیق نائب صدر جمعیۃ علماء پلاموں خصوصیت کے ساتھ قابلِ ذکر ہیں۔
اجلاس کے اخیر میں مولانا مدنی نے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔
حافظ اسامہ ابن جناب قاری معین الدین رحمہ اللہ مدرسہ قاسمیہ گیا کی تلاوت سے اجلاس کا آغاز ہوا، نعتِ پاک مولانا محمد مجسّم نے سنائی، اجلاس سے پہلے مولانا مدنی کا پرتپاک استقبال کیاگیا، اور پرچم کشائی کی تقریب عمل میں آئی، مولانا مدنی کی دعاؤں سے اجلاس کا اختتام عمل میں آیا۔
شکریہ کے کلمات مولانا عبد الصبور قاسمی نے اداکیے،