Saturday, July 27, 2024
Chatra News

امارت شرعیہ جھارکھنڈ کا قیام ایک اہم ضرورت کی تکمیل ہے:مفتی نذر توحید

چترا(پریس ریلیز)جھارکھنڈ کے معروف عالم دین اور جامعہ رشیدالعلوم چترا کے مہتمم و شیخ الحدیث مفتی نذر توحید المظاہری نے کہا کہ مجلس علماء جھارکھنڈ کے اجلاس میں امارت شرعیہ جھارکھنڈ کے قیام کا اعلان ایک اہم اور ایسی ضرورت کی تکمیل ہے،جس کی ضرورت گاہے گاہے تو محسوس کی ہی جا رہی تھی،لیکن گذشتہ چند سالوں میں اس کی ضرورت دو چند ہو گئی تھی۔انہوں نے مجلس علماء کے ذمہ داران و عہدیداران کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اعلان مسلمانان جھارکھنڈ کے ان شاءاللہ فال نیک ثابت ہوگا،اور یہ ان کے شرعی و سماجی تقاضوں کو اس طرز پر پورا کرےگا،جیسا کہ حالات متقاضی ہیں۔
انہوں نے انتخاب امیر کے تعلق سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مجلس علماء کے اس اجلاس میں امارت شرعیہ جھارکھنڈ کے قیام کے اعلان کے بعد اچانک ہی میرا نام بطور امیر شریعت جھارکھنڈ پیش کیا گیا،اور قبل اس کے اس پر غور و فکر کی مہلت مل پاتی علماء کرام کی جانب سے بیعت سمع و طاعت کا تقاضا کیا جانے لگا،لہٰذا اصرار پر بیعت لے لی گئی،البتہ انتخاب امیر کی باضابطہ توثیق اور عملی تنفیذ علماء کرام کی موجودگی میں اگلی میٹنگ میں باہمی مشورے اور اتفاق رائے سے ہوگی۔
آئندہ میٹنگ کی تاریخ کے متعلق انہوں نے کہا کہ ابھی ہی چوں کہ ایک اہم اجلاس سے فراغت ہوئی ہے،اس لیے ابھی حتمی طور پر کوئی متعینہ تاریخ نہیں بتائی جا سکتی،تاہم مجلس علماء کے ذمہ داران و اراکین کے ذریعہ میٹنگ کی طے شدہ تاریخ سے عن قریب علماء کرام کو مطلع کیا جائےگا۔

Leave a Response