Sunday, September 8, 2024
Jharkhand News

حج ہاؤس رانچی میں امن و انصاف کانفرنس 2؍ اکتوبر کو

امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈکے زیر انتظام ملک کی نمائندہ تنظیموں کے اشتراک سے کانفرنس کی تیاریاںجاری۔


(: رانچی)

کسی بھی قوم، ملک و سماج کی ترقی و استحکام امن وانصاف کے بغیر ممکن نہیں، تاریخ و تجربات کی شہادت ہے کہ جب بھی کسی قوم ، ملک اور سماج نے امن و انصاف کا دامن چھوڑا ہے تو خانہ جنگی اور بربادی اس کی مقدر بن کر رہ گئی۔ بد قسمتی سے اس وقت ہمارے ملک و سماج میں بھی انصاف کی آواز دبتی جارہی اور امن و سکون غارت ہوتا جا رہا ہے، محبت و اتحاد کی جگہ نفرت و فساد، اخوت و بھائی چارہ کی جگہ عداوت و دشمنی اور امن و انصاف کی جگہ ظلم و ناانصافی نے لے لی ہے، ملک اور سماج موجودہ وقت میں کراہ رہا ہے اور ایسے ہولناک مناظر و واقعات رونما ہو رہے ہیں جن کو دیکھ کر انسانیت کانپ اٹھتی ہے۔ ایسے حالات میں تمام امن پسند اور انصاف میں یقین رکھنے والے ذمہ دار شہریوں کی ذمہ داری ہے کہ ملک میں بلا تفریق مذہب و ملت امن و انصاف کی فضا کو عام کرنے اور ملک و سماج کو سکون سے ہمکنار کرنے کے لئے آگے آئیں۔ چنانچہ اسی ضرورت اور احساس کے پیش نظر ملک کی تمام بڑی ملی تنظیموں نے امن و انصاف کی فضا کو عام کرنے اور ہر سطح پر انصاف و سکون کا ماحول بنانے کی ضرورت کا احساس پیدا کرنے کی غرض سے مشترکہ طور پر امن و انصاک کی مہم کا آغاز کیا ہے۔ مذکورہ باتیں امارت شرعیہ بہار اڈیشہ و جھارکھنڈ کے نائب امیر شریعت حضرت مولانامحمد شمشاد رحمانی قاسمی صاحب نے ملی تنظیموں سے مشورہ کے دوران ایک پریس بیانیہ میں کہیں۔جبکہ امارت شرعیہ کے نائب ناظم جناب مولانا و مفتی محمد سہراب ندوی صاحب حضرات ائمہ رانچی کے سامنے پروگرام کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قبل یہ امن و انصاف کانفرنس ملک کی نمائندہ بڑی ملی تنظیموں ’’جماعت اسلامی ہند، جمعیۃ علماء ہند،امارت شرعیہ بہار،اڈیشہ و جھارکھنڈ، جمعیۃ اہل حدیث ہند، آل انڈیا ملی کاؤنسل اور جماعت اہل سنت‘‘ نے تین ریاستوں کے مرکزی شہر گجرات، گوہاٹی اور لکھنؤ میں کیا۔اس کے بعد یہ تنظیمیں امن و انصاف مہم کے تحت ریاست جھارکھنڈ کی دار الحکومت رانچی کی سرزمین پر امن و انصاف کانفرنس زیر صدارت مفکر ملت حضرت مولانا سید احمد ولی فیصل رحمانی مد ظلہ العالی امیر شریعت بہار ، اڈیشہ و جھارکھنڈواقع حج ہاؤس میں ۲؍ اکتوبر کو کرنے جارہی ہیں ۔ جس کی میزبانی امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ دیگر ملی تنظیموں کے اشتراک سے کر رہی ہے۔واضح رہے کہ اس کانفرنس میں ملکی و صوبائی سطح کی ملی تنظیموں کے سربراہان ، مختلف مذاہب کے پیشوا اور نمائندگان کی شرکت ہوگی۔ خصوصی طور پر ملی تنظیموں کے قومی رہنما حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی صدر جمعیۃ علماء ہند، محترم جناب سید سعادت اللہ حسینی امیر جماعت اسلامی ہند،حضرت مولانا اصغر امام مہدی سلفی امیر جمعیۃ اہل حدیث ہند کے نام قابل ذکر ہیں۔ اجلاس کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں اور اس کے کام مرحلہ وار مکمل ہورہے ہیں۔ خصوصیت کے ساتھ سماج کے تعلیم یافتہ ، بااثر شخصیات، ذمہ دار افراد،علماء و ائمہ،دانشوران اور سماجی و مذہبی رہنماکی شرکت کو زیادہ سے زیادہ یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں غیر مسلم سامعین ،ملی تنظیموں کے ذمہ داران ،شہر رانچی کی مؤقر شخصیات اور مذہبی رہنماؤں کے ساتھ مختلف میٹنگیں ہو چکی ہیں جس میں آنے وا لے مہمانان خصوصی کے اکرام و ضیافت ، جلسہ گاہ کی تیاریوں اور برادران وطن کی زیادہ سے زیادہ شرکت کو حتمی بنانے پر غور وخوض کیا گیا۔اور مزید میٹنگوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں حسب ضرورت امور طے پا رہے ہیں۔ آج مورخہ ۲۵؍ ستمبر کو بھی شہر رانچی کے حضرات ائمہ مساجد و خطباء کی ایک نمائندہ میٹنگ امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کربلا ٹینک روڈ رانچی میں زیر صدارت نائب امیر شریعت حضرت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی منعقد ہوئی۔ جس میں ائمہ کرام سے اس کانفرنس کو وقت کی اہم ترین ضرورت سمجھتے ہوئے مثالی اور کامیاب بنانے کی درخواست کی گئی۔ پروگرام کے مختلف جہتوں پر ان کی قیمتی آراء لی گئیںاوراس اجلاس کو بامقصد بنانے کے لئے مرکزی دفتر امارت شرعیہ پھلواری شریف ،پٹنہ سے ایک وفد حضرت نائب امیر شریعت صاحب کی قیادت میں کئی دنوںسے دفتر امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کربلا ٹینک روڈ رانچی میں سر گرم عمل ہے اور کانفرنس کی تیاریوں میں جنگی پیمانہ پر مصروف ہے جس میں امارت شرعیہ کے نائب ناظم جناب مولانا و مفتی محمد سہراب ندوی کے علاوہ جناب مولانا احمد حسین قاسمی مدنی معاون ناظم امارت شرعیہ،جناب مولانا سہیل سجاد قاسمی انچارج امارت پبلک اسکول، جناب مولانا ظہیر الحسن شمسی، جناب مولانا مجاہد اللہ قاسمی،جناب حافظ شہاب الدین مبلغین امارت شرعیہ شامل ہیں۔ اس اجلاس کے کنوینر مولانا و مفتی محمد انور قاسمی قاضی شریعت امارت شرعیہ بہار، اڈیشہ و جھارکھنڈ کربلا ٹینک روڈ رانچی اور ان کے رفیق مولانا و مفتی محمد ابو داؤد قاسمی نیزشہر رانچی کے حضرات علماء و ذمہ داران اس کانفرنس کو مکمل طور پر کامیاب بنانے کے لئے پوری طرح فکر مند ہیں۔

Leave a Response