All India NewsJharkhand NewsRanchi JharkhandRanchi Jharkhand NewsRanchi News

دارالعلوم اسلام نگر جاڑی بناپیڑھی رانچی میں مجلس تکمیل حفظ قرآن کا انعقاد

Share the post

آج بتاریخ 2 جنوری 2025 بروز جمعرات دارالعلوم اسلام نگر جاڑی بناپیڑھی رانچی میں تکمیل حفظ قرآن کی مناسبت سے مولانا حبیب اللہ ندوی جاڑی کی صدارت میں ایک مجلس منعقد ہوا۔ تکمیل حفظ قرآن ایک مبارک اور مسعود عمل ہے۔ یہ ایسی دولت ہے جو ہر انسان کو حاصل نہیں ہوتی ہے۔ اللہ کے رسول صلی االلہ علیہ وسلم نے فرمایا ” تم میں سب سے بہتر انسان وہ ہے جو قرآن سیکھے اور سکھاۓ” حافظ قرآن کے بارے میں اللہ کے رسول صلی االلہ علیہ وسلم نے یہ بھی فرمایا کہ ” جو قرآن کو یاد کرے گا اللہ تعالی اسے جنت میں داخل کرے گا اور اس کی سفارش سے اس کے خانوادہ سے دس جہنمی افراد کو جنت میں داخل کرے گا ” مجلس تکمیل قرآن میں موجود تمام علماء کرام نے قرآن کی تعلیم کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی ۔ مجلس علماء جھارکھنڈ کے صدر مولانا صابر حسین مظاہری نے فرمایا کہ ” آج مسلمانوں کی پریشانی ۔ بدحالی اور تنگ دامانی کی وجہ یہ ہے کہ انہوں نے قرآن کی تعلیم کو ترک کردیا ہے۔ اگر زندگی میں بحیثیت امت محمدی کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو قرآن کی تعلیم کو اپنانا اور اس کے احکامات پر عمل کرنا لازم ہے” مجلس علماء جھارکھنڈ کے جنرل سکریٹری مولانا طلحہ ندوی نے اپنے بیان میں فرمایا کہ” مبارک اور خوش نصیب ہیں وہ ماں باپ جن کے بچے حافظ قرآن بنتے ہیں۔ ہم میں سے ہر انسان کو چاہیئے کہ وہ اپنے بچے کو حافظ قرآن بناۓ ” دارالعلوم اسلام نگر میں عربی درجات کے ساتھ ساتھ حفظ قرآن کریم کا بھی بہتر نظم ہے۔ ہرسال کئی طلباء اس ادارہ میں حفظ کی تعلیم مکمل کرتے ہیں۔ الحمد للہ اس سال تین طالب علم حافظ محمد یحی و حافظ محمد زکریا بن مولانا شعیب ندوی بناپیڑھی رانچی و حافظ محمد نعمان بن محمد فیروز جیما چوک چنڈو لوہردگا جھارکھنڈ نے حفظ قرآن کی تعلیم مکمل کی۔

آج بروز جمعرات کو منعقد ہونے والی مجلس میں علماء کی موجودگی میں انہوں نے قرآن کی آخری سورتوں کی تلاوت کرکے حفظ قرآن کی تکمیل کی۔ مجلس علماء جھارکھنڈ کے سکریٹری مولانا طلحہ ندوی نے آخری سورتوں کو پڑھا کر حفظ مکمل کریا۔ بعد ازاں ان کی حوصلہ افزائی کے لئے قرآن کریم اور دیگر ملبوسات کا بہترین ہدیہ پیش کیا گیا ۔ شرکاء مجلس نے ان کو مبارکباد پیش کیا اور اپنی دعاؤں سے نوازا۔
اس موقع پر دارالعلوم اسلام نگر کے سکریٹری مولانا شرف الحق صاحب ندوی ۔ مولانا رضوان صاحب ندوی مبلغ دارالعلوم اسلام نگر ۔ جمیعت الراعین رانچی کے صدر الحاج محمد فیروز صاحب ۔ مولانا گلزار صاحب ندوی ۔ مولانا شعیب صاحب ندوی ۔ مولانا عبد الحکیم صاحب ندوی ۔ مقام بناپیڑھی کے سکریٹری جناب شکیل صاحب اور جناب صلاح الدین صاحب۔ دارالعلوم اسلام نگر کے صدر مدرس مولانا جمشید عالم ندوی ۔ جامعۃ المسلمات اسلام نگر کے انچارج مولانا عبد الجبار صاحب قاسمی اور مدرسہ کے اساتذہ و ذمہ داران ۔ دور دراز سے تشریف لاۓ علماء کرام اور مہمانان نے شرکت کی۔ اخیر میں ادارہ کے ناظم مولانا ضیاء الہدی اصلاحی نے تمام مہمانوں کا شُکریہ ادا کیا۔ اور صدر مجلس مولانا حبیب اللہ ندوی کے دعاء پر جلسہ کا اختتام ہوا۔ اس جلسہ کی نظامت محمد سرفرازعالم ندوی مدرس دارالعلوم اسلام نگر نے کی۔

واضح رہے کہ دارالعلوم اسلام نگر کا قیام 1960 عیسوی میں ہوا۔ اس ادارہ میں جھارکھنڈ بورڈ کے مطابق دسویں جماعت تک تعلیم ہوتی ہے۔ اسی کے ساتھ دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے نصاب کے مطابق درجہ عالیہ اولی (عربی پنجم) تک کی دینی تعلیم فراہم کی جاتی ہے۔ آج یہ ادارہ تعلیمی تحریک کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ شروع سے ہی اس ادارہ سے طلبہ فارغ ہوکر دارالعلوم دیوبند ۔ دارالعلوم ندوۃ العلماء ۔ مظاہر علوم۔ جامعۃ الاصلاح سراۓ میر اور جامعۃ الفلاح جیسے ہندوستان کے بڑے اداروں میں اعلی تعلیم کے لئے جاتے رہے ہیں۔ سن ٢٠٠٠ء میں یہ اداراہ دارالعلوم ندوۃ العلماء سے ملحق ہوا ۔ تب سے مسلسل ہر سال طلبہ ایک معتد بہ تعداد میں اعلیٰ تعلیم کے لئے دارالعلوم ندوۃ العلماء جاتے ہیں ۔ دارالعلوم اسلام نگر سے فارغ ہونے والے طلبہ نے معاشرہ میں دینی ۔ تربیتی وثقافتی بیداری کی مہم چلائی ۔کئی ادارے کھولے ۔اسکول و مکاتب قائم کئے ۔ جس سے یہ علاقہ تعلیم یافتہ لوگوں سے مالا مال ہوگیا ۔ یہ ادارہ پوری آب وتاب اور پوری جانفشانی کے ساتھ اپنے مشن میں لگا ہوا ہے۔

Leave a Response