جھارکھنڈ کے تمام اضلاع میں بھی جمعیۃ علماء جھارکھنڈ شجر کاری مہم چلائے گی : ڈاکٹر محمد اصغر مصباحی
جمعیۃ علماء ہنددہلی کی جانب سے ماہ اگست 2024کو شجر کاری مہم کے لیے خاص کیا گیا
رانچی: جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے جنرل سکریٹری مولانا ڈاکٹر محمد اصغر مصباحی نے ایک پریس ریلیز میں فرمایا کہ شجر کاری ، مخلوقات خدا کی بقا ، فضائی آلودگی کے خاتمے اور تاب کاری جیسے مسائل کے لیے انتہائی ضروری کا م ہے ۔ نیز دینی نقطہ نظر سے بھی کار ثواب اور نفع عام کا ذریعہ ہے ۔ چنانچہ حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی دامت بر کاتہم صدر جمعیۃ علماء ہند کی ہدایت کے مطابق ماہ اگست 2024کو شجر کاری کے لیے خاص کیا گیا ہے ۔ اور جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ اپنے علاقوں میں بڑے پیمانے پر درخت اور پودے لگائیں ۔ اور ان کو بچانےکا بھی انتظام کریں ۔ واضح رہے کہ حضرت صدر محترم کی ہدایت کے پیش نظر جمعیۃ علماء ہند کی مرکزی دفتر کی جانب سے تمام صوبوں کی جمعیۃ علماء کے صدور و نظماء اعلیٰ حضرات کی خدمت میں شجر کاری مہم کی بابت ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے ۔
مولانا ڈاکٹر محمد اصغر مصباحی نے بتایا کہ مندرجہ بالا ہدایت کے پیش نظر جمعیۃ علماء جھارکھنڈ صوبہ کے تمام اضلاع میں بھی یکم اگست 2024سے شجر کاری مہم چلائے گی ۔ لہٰذا تمام ضلعی صدور ، نظماء ، ذمہ داران اورجمعیۃ سے وابستہ حضرات نیز مدارس کے اساتذہ ، ائمہ مساجد و خطباء مساجد ، سماجی کارکنان ، دانشوران قوم ملت اور دیگر ملی تنظیموں سے مخلصانہ اپیل ہے کہ اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے خصوصی توجہ دیں ، لوگوں کو شجر کاری اور درخت لگانے کی اہمیت سے آگاہ فرمائیں ، ماحولیات کی بہتری اور شجر کاری کے لیے عوامی بیداری پیدا کریں چونکہ یہ انسانی زندگی سے جڑا ہوا بہت ہی نا گزیر مسئلہ ہے ۔ ہمیں انسانی زندگی کو خطرے سے بچانا ہے ، ہمارے سامنے گلوبل وارمنگ ، درجہ حرارت اور قدرتی آفات میں مسلسل اضافے کا چیلنج ہے ، جن کی وجہ سے سمند ر اور ندیوں کو خطرا لاحق ہے ۔ حتیٰ کہ پینے کے لیے صاف پانی کی دستیابی دور حاضر کا بڑا مسئلہ بن چکا ہے ۔ آلودہ اور سکڑتے ہوئے آبی ذخیروں کی بازیابی اور اپنے جنگلوں ، شہروں اور دیہاتوں کو بچانے کے لیے شجر کاری مہم وقت کا اہم ترین تقاضہ ہے ۔
ڈاکٹر محمد اصغر مصباحی نے مزید بتایا کہ شجر کاری (پودے اور درخت لگانا ) کا ایک دینی پہلو بھی ہے ۔ جس کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا ہے ۔ شجر کاری ایک صدقہ جاریہ اور نیکی کا کام ہے ۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے کہ :
’’جس نے کوئی درخت لگایا اور اس کی حفاظت اور دیکھ بھال پر صبر کیا یہاں تک کہ وہ پھل دینے لگا تو اس میں کھایا جانے والا ہر پھل اللہ تعالیٰ کے نزدیک اس کے لگانے والے کے لیے صدقہ ہے۔‘‘
اور یہ بھی حقیقت ہے کہ ہمارے مذہب میں کھیتی کرنے اور پودالگانے کی بڑی تاکید ہے ۔ جس کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ :
اگر قیامت ہو رہی ہو اور تم میں سے کسی کے ہاتھ میں کوئی پودا ہو اور وہ قیامت ہونے سے پہلے اسے لگا سکتا ہو تو اسے لگا دینا چاہئے ۔