All India NewsJharkhand NewsRanchi JharkhandRanchi Jharkhand News

مسلمان، ملت کے نونہالوں کے ایمان وعقیدہ کی حفاظت کیلئے اپنے دلوں میں فکر پیدا کریں 

Share the post

’’دینی تعلیمی بیداری مہم ‘‘کے آغاز کے موقع پر جامع مسجد بریاتو رانچی میںمولانااصغر مصباحی کا خطاب


رانچی : اسلام مذہبی تعلیم کو ہر مسلمان پر فرض قرار دیتاہے ۔ تاکہ وہ اسلامی تعلیمات سے آشنا ہوں ۔ درحقیقت آنے والی نسلوں کے دین وایمان کی حفاظت ہماری اہم ذمہ داری ہے ۔ جس طرح اپنے ایمان وعقیدے کی حفاظت کرنا ہمار ا مذہبی فریضہ ہے ۔ اسی طرح اپنی اولاد اورنئی نسلوں کی ایمان وعقیدے کی بقا کیلئے دینی تعلیم کاانتظام کرنا وقت کااہم فریضہ ومقدس ترین عبادت ہے ۔ اگر ہمارے بچے اسلامی تعلیمات ، عبادات،اورمعاملات کے بارے میں اسلامی تعلیمات کے واقف نہ ہوں گے تو ان کو گمراہی اورارتداد سے بچانا ممکن نہ ہوگا۔ خصوصاً ایسے حالات میں جبکہ باطل قوتیں سرگرم عمل ہیں ،طرح طرح کی سازشیں کررہی ہیں ،قادیانیت ، شکیلیت ، عیسائیت اور دیگر دشمن عناصر کے فتنوں کا دینی تعلیم سے ناواقف مسلمان غیر محسوس طریقہ سے شکار ہورہے ہیں ۔ مسلمان بچے ،بچیاں ،مرتد ہورہی ہیں ۔ ضرورت ہے کہ جگہ جگہ مکاتب قائم کئے جائیں ، جہاں ہرگھر کابچہ زیرتعلیم ہو اوراسکولوں میں پڑھنے والے بچوں کیلئے دینی تعلیم کا خصوصی نظم ہو ۔ انہیں مقاصد کے پیش نظر جمعیۃ علما ہند کے تحت قائم شعبہ ’’دینی تعلیمی بورڈ ‘‘ یکم رجب المرجب تا ۳۰ ؍ رجب المرجب ۱۴۴۶ ھ مطابق ۲ ؍ جنوری تا ۳۱ ؍ جنوری ۲۰۲۵ ملک گیر پیمانے پردینی تعلیمی بیداری مہم چلارہی ہے ۔ ان خیالات کااظہار جمعیۃ علما جھارکھنڈ کے جنرل سکریٹری ونائب صدر دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علما ءجھارکھنڈ جمعہ کے دن’’دینی تعلیمی بیداری مہم‘‘کے آغاز کے موقع پر جامع مسجد بریاتو ،رانچی میں خطاب کے دوران فرمایا۔ مولانا ڈاکٹر محمد اصغر مصباحی نے جمعیۃ علما ء ہند کی مذہبی وملی خدمات کاذکر کرتےہوئے کہا کہ یہ ہندوستان کی وہ واحد اورمنفرد تنظیم ہے جو تقریباً ۱۰۵ سالوں سے پوری حوصلہ مندی اوراعتماد کے ساتھ ملت اسلامیہ ہند کی دینی وملی خدمات مسلسل انجام دے رہی ہے ۔ہمارے اکابرین نے اسلامی تشخص اورشناخت کی بقا کیلئے روز اول ہی سے ملک میں مکاتب کاجال بچھایا نیز دینی مکاتب کے قیام اوراستحکام کیلئے تعمیری منصوبے بنائے جس کے نتائج ہمیشہ مثبت اورامید افزا رہے اور ہماری آنے والی نسلوں کے ایمان وعقیدے کی حفاظت کیلئے راہ ہموار ہوئی ۔ انہوں نے خطاب کے دوران فرمایا کہ دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علما ہند کے مقاصد نہا یت دوررس ہیں،نیز اکابرین کی فکروں اورنئی نسل کے تئیں ان کے بے چینیوں کااظہار کرتے ہوئےفرمایا کہ اس وقت اگر ایک طرف بے دینی اوردین بیزاری کیلئے باطل قوتیں سرگرم عمل ہیں تو ہماری بھی ذمہ داری ہے کہ ہم اپنی نسلوں کے ایمان وعقید کے لئے مناسب اورکارگرتدبیریں اختیار کریںاورکوشش کریں کہ ہرمحلے میں دینی مکتب کاقیام ہو ،تمام مکاتب کو منظم اورمثالی بنایاجائے یہی دینی تعلیم بورڈ کا مقصد اورپیغام ہے ۔ مولانا ڈاکٹراصغر مصباحی نے دینی تعلیمی بیداری مہم کے تحت فرمایا کہ دینی تعلیمی بورڈ کے پروگرام کے مطابق صوبہ جھارکھنڈ کے تمام اضلاع میں مذکورہ مہم شروع کردی گئی ہے اور ائمہ مساجد خطباء ،مدارس کے اساتذہ دیگرعلماءکرام کے علاوہ جمعیۃ علما ء جھارکھنڈ کے تمام ضلعی اورذمہ داران اور عہدیداران اس کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کررہے ہیں ۔

Leave a Response