Sunday, September 8, 2024
Ranchi News

الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ہدایت کے مطابق ووٹر لسٹ میں ناموں کےاندراج کاسلسلہ جاری

جمعیۃ علماء جھارکھنڈ ’’جمہوری معاشرہ میں ووٹ کی اہمیت‘‘ کے عنوان سے بیداری مہم چلائے گی : ڈاکٹر محمد اصغر مصباحی


رانچی :ـ جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کے جنرل سکریٹری مولاناڈاکٹرمحمد اصغر مصباحی نے ایک پریس ریلیز جاری کرتےہوئے فرمایا کہ ان دنوں الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق صوبہ جھارکھنڈ میں بھی ووٹرلسٹ میں ناموں کے اندراج اورناموں کودوبارہ جوڑنے کے لئے خصوصی مہم چل رہی ہے ۔ اطلاع کے مطابق یہ لسلسلہ 27 اکتوبر 2023 تا 9 دسمبر 2023 تک جاری رہے گا۔ جن شہریوں کی عمر 18 سال ہوگئی ہے وہ اپنا نام رجسٹریشن کراکر ووٹرآئی ڈی کارڈ حاصل کرسکتے ہیں ۔ ایسی صورت میں ان کانا م ووٹرلسٹ میں شامل ہوجائےگا اورووٹ دینے کے حقدار ہوں گے۔ ڈاکٹرمحمد اصغرمصباحی نے مزید بتایا کہ فارم نمبر 6 ناموں کو جوڑنے کے لئے ہے اور فارم نمبر 8 جگہ تبدیل (Transfer) کے لئے مقامی سطح پر B.L.O کے توسط سے آف لائن ناموں کااندراج کراسکتے ہیں ۔ بصورت دیگر موبائل کے ذریعہ آن لائنووٹر ہیلپ لائن ایپ(  voter help line app) سے ناموں کوجوڑنے کے لئے مدد لی جاسکتی ہے ۔ لوگوں کو چاہئے کہ اس میں غفلت نہ برتیں اورفوری طور پر ووٹرلسٹ میں اپنے ناموں کااندراج کرائیں ۔ یہ ہمارا دستوری حق بھی ہے اورقومی وملی مصالح ومفادات کا تقاضہ بھی ہے ۔ اس معاملے میں ذراسی بھی بے حسی ، کوتاہی اورسستی ، بڑے خسارے اورنقصانات کا سبب بن سکتی ہے ۔ بنا بریں سردست درج ذیل امو ر پر عمل آوری کامشورہ دیاجاتاہے ۔
۱۔ 18 سال کی عمرکے شہریوں کے نام ووٹرلسٹ میں درج کرانے کی فوری کوشش کی جائے ۔ (۲) جن کے نام کسی وجہ سے نکل گئے ہوں ان کادوبارہ اندراج کرایاجائے ۔(۳) آدھار کارڈ کو ووٹرآئی ڈی کارڈ سے لنک کرنے کی سرکاری تجویز پر عمل کیاجائے ۔ (۴) جو ووٹرانتقال کرگئے ہوں یا کوئی شخص کسی وجہ سے دوسری جگہ منتقل ہوگئے ہوں ان کانام خارج کروا کر دوسری جگہ کانام اندراج کیاجائے۔ بالخصوص وہ خواتین جو شادی کے بعد اپنے سسرال منتقل ہوگئی ہیں ان کو اس پرخاص توجہ دینی چاہئے ۔ ڈاکٹر مصباحی نے اخیر میں فرمایا کہ مندرجہ بالا حقائق ، سود وزیاں کے اندیشے اورمفید مشوروں کے تناظر میں یہ حقیقت روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ کسی بھی جمہوری معاشرہ میں ووٹ کی بڑی اہمیت ہے ۔ بنا بریں اس طاقت کو پہچاننا نہایت ضروری ہے ایسی مثالیں موجود ہیں کہ صرف ایک ووٹ کے ادھر سے ادھر ہوجانے کی بنیاد پر ایک حکومت بنی اوردوسری حکومت گرگئی ۔ ہمیں ایک ووٹ کی قدر کااحساس اورپہچان لازمی ہے کہ صرف ایک ووٹ پورے انتخابی عمل کا توازن بنانے یابگاڑنے کااہل ہوتاہے ۔ لہٰذا جمعیۃ علماء جھارکھنڈ کی جانب سے انشاء اللہ تعالی صوبہ کے تمام اضلاع کے دیہی حلقوں،قصبات اورشہروں میں’’ بعنوان جمہوری معاشرہ میں ووٹ کی اہمیت‘‘ ایک منظم تحریک اوربیداری مہم چلائی جائے گی۔ جمعیۃ کے تمام ذمہ داروں اس سے وابستہ حضرات مدارس ومکاتب کے ذمہ داران واساتذہ کرام ،ائمہ مساجد وخطبا ء حضرات اوردانشوران قوم وملت ،ادارہ ،تنظیم وپنچایت کے ذمہ داران سے مخلصانہ گذارش ہے کہ اس تحریک کو مؤثراورکامیاب بنانے میں اپنا بھرپور تعاون دیں اوردستوری ، ملی ، وقومی مصالح ومفادات کے امور میں حسب سابق اپنا قائدانہ اوراہم کردارادا کریں ۔ اللہ تعالی یقیناً آپ کو اجرعظیم عنایت فرمائےگا۔

Leave a Response