All India NewsBlog

کھوری مہوا میں عمرہ زائرین کے لیے ایک روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد

Share the post


علمائے کرام نے سکھائے عمرہ کی ادائیگی کے صحیح طریقے
مدینہ ٹریولس کے زیرِ اہتمام جے یو اے پبلک اسکول میں تربیتی پروگرام
زائرین کو عمرہ کے ارکان، مناسک، سفر اور ضروری احتیاطی تدابیر سے آگاہ کیا گیا


رانچی/کھوری مہوا، گریڈیہ(عادل رشید) 29 ستمبر (نامہ نگار): مدینہ ٹریولس کے زیرِ اہتمام منگل کے روز جے یو اے پبلک اسکول، کھوری مہوا کے احاطے میں عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے لیے روانہ ہونے والے زائرین کے لیے ایک روزہ تربیتی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر علمائے کرام نے زائرین کو عمرہ کی صحیح ادائیگی، مناسکِ عمرہ اور سفر سے متعلق اہم معلومات فراہم کیں۔تربیتی کیمپ کے دوران زائرین کو احرام باندھنے، نیت کرنے، تلبیہ پڑھنے، مکہ مکرمہ میں داخل ہونے، خانۂ کعبہ کا طواف کرنے، صفا و مروہ کے درمیان سعی اور حلق یا تقصیر سمیت عمرہ کے تمام ضروری ارکان اور سنن کے بارے میں تفصیلی رہنمائی دی گئی۔ اس کے علاوہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مقدس مقامات کی زیارت، سفر کے دوران صحت و صفائی، ضروری دستاویزات، سامان کی تیاری اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے حوالے سے بھی اہم ہدایات دی گئیں۔اس موقع پر مولانا محمد الیاس مظاہری نے زائرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمرہ محض ایک سفر نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنے کا ایک عظیم ذریعہ ہے۔ ہر زائر کے لیے ضروری ہے کہ وہ روانگی سے قبل عمرہ کے تمام ارکان، واجبات اور سنن سے اچھی طرح واقف ہو، تاکہ اس مقدس عبادت کو سنتِ نبوی ﷺ کے مطابق ادا کرسکے۔ انہوں نے زائرین کو سفر کے دوران صبر و تحمل، باہمی تعاون اور زیادہ سے زیادہ عبادت میں مشغول رہنے کی تلقین کی۔مولانا جوہر مظاہری نے اپنے خطاب میں کہا کہ عمرہ پر روانگی سے قبل تربیت حاصل کرنا نہایت اہم ہے۔ اس سے زائرین کو مناسکِ عمرہ سمجھنے، دورانِ عبادت پیش آنے والی مشکلات سے بچنے اور پورے اطمینان کے ساتھ عمرہ ادا کرنے میں مدد ملتی ہے۔تربیتی کیمپ میں شریک عمرہ زائرین نے پروگرام کو انتہائی مفید قرار دیتے ہوئے مدینہ ٹریولس اور منتظمین کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تربیتی پروگراموں سے پہلی مرتبہ عمرہ پر جانے والے افراد کو خصوصی فائدہ پہنچتا ہے۔اس موقع پر مولانا عمران مظاہری، امام و خطیب مسجد عمر بھنڈروا، کوڈرما؛ قاری ضمیر الدین، ناظم جامعہ عثمان بن عفان، محلہ مصطفیٰ آباد، کھوری مہوا؛ شاعر اسلام ممتاز عاطف؛ جھارکھنڈی. قاری عبدالحسیب گریڈیہوی. مولانا شہاب الدین قاسمی، اسلامک میڈیا کوڈرما؛ مولانا عمر فاروق، مہتمم مدرسہ تعلیم القرآن، بسگی تاراناکھو؛ مولانا شرف الدین قاسمی؛ گلواتی پنچایت کے مکھیا مجاہد انصاری؛ جے یو اے پبلک اسکول کے ڈائریکٹر ثناء اللہ صبا؛ بابا اسلام؛ حافظ عابد اور محمد ثناء اللہ انصاری سمیت بڑی تعداد میں عمرہ زائرین، علمائے کرام اور علاقے کے معززین موجود تھے۔پروگرام کے اختتام پر تمام عمرہ زائرین کے محفوظ اور بابرکت سفر، صحت و سلامتی اور عمرہ کی قبولیت کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

Leave a Response