مدھیہ پردیش کے: معروف و مشہور دینی و ملی رہنماء امیرِ شریعت، مفتی اعظم حضرت مولانا مفتی محمد احمد خان صاحب سے اہم ملاقات


تحفظ ائمہ مساجد و مؤذنین ٹیم کا دورہ، طلبہ معاملہ پر سنجیدہ غور و فکر
نمائندہ خصوصی: عادل رشید
مدھیہ پردیش کے معروف و مشہور دینی و ملی رہنماء امیرِ شریعت، مفتی اعظم حضرت مولانا مفتی محمد احمد خان صاحب (صدر جمعیۃ علماء مدھیہ پردیش و صدر رابطہ مدارس اسلامیہ مدھیہ پردیش) سے تحفظ ائمہ مساجد و مؤذنین ٹیم کی اہم ملاقات عمل میں آئی، جس میں ملتِ اسلامیہ کو درپیش مسائل، ائمہ مساجد و مؤذنین کے حقوق و تحفظ اور دینی تعلیم کے فروغ پر سنجیدہ گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر امیرِ شریعت، مفتی اعظم حضرت مولانا مفتی محمد احمد خان صاحب نے “تحفظ ائمہ مساجد و مؤذنین” تنظیم کی سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور نیک خواہشات و تمناؤں کا اظہار فرمایا۔ انہوں نے اس مشن کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے اس کے استحکام اور فروغ پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران حالیہ طلبہ کے اہم اور حساس معاملہ پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، جس میں کٹنی ریلوے اسٹیشن پر تقریباً 167 طلبہ کے واقعہ کا خصوصی طور پر تذکرہ کیا گیا۔ بتایا گیا کہ یہ معصوم طلبہ بہار کے مختلف اضلاع خصوصاً ضلع ارریہ سے تعلق رکھتے ہیں اور دینی تعلیم کے حصول کے لیے دوسرے صوبے جا رہے تھے، تاہم انہیں راستے میں پولیس کی تحویل میں لے لیا گیا، جس سے والدین اور دینی حلقوں میں شدید تشویش پیدا ہوئی۔
اسی دوران امیرِ شریعت، مفتی اعظم حضرت مولانا مفتی محمد احمد خان صاحب سے اس معاملہ کے حل کے لیے سنجیدہ غور و فکر کیا گیا اور اس بات پر تبادلۂ خیال ہوا کہ اس مشکل وقت میں بچوں کے تحفظ، ان کی رہائی اور انہیں بحفاظت ان کے والدین تک پہنچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
تحفظ ائمہ مساجد و مؤذنین ٹیم کے ذمہ داران نے اس موقع پر کہا کہ بارہا والدین اور ذمہ داران کو اس بات کی تاکید کی جا چکی ہے کہ کم عمر بچوں کو دور دراز علاقوں میں نہ بھیجا جائے بلکہ اپنے ہی علاقے، شہر یا اطراف کے معتبر اداروں میں تعلیم دلائی جائے، تاکہ ان کی بہتر نگرانی اور حفاظت ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بھی اس نوعیت کے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں، جن سے والدین کو شدید پریشانی اور بچوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ افسوس کہ بار بار سمجھانے کے باوجود بعض افراد لاپروائی کا مظاہرہ کرتے ہیں، جس کا خمیازہ معصوم بچوں کو اٹھانا پڑتا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ اس وقت متعلقہ ذمہ داران کی جانب سے بھرپور کوششیں جاری ہیں تاکہ تمام بچوں کو بحفاظت ان کے والدین تک پہنچایا جا سکے اور انہیں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر معززینِ علاقہ اور دیگر ذمہ داران بھی موجود رہے، جن میں محترم علی حاجی علی صاحب اور جناب اجے سنگھ صاحب بطور خاص شریک رہے۔ جناب اجے سنگھ صاحب ایک شریف، بااخلاق اور خدمتِ خلق کے جذبہ سے سرشار شخصیت ہیں، جو فضائی خدمات کے شعبہ سے وابستہ رہ چکے ہیں اور عوامی خدمت میں سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔
آخر میں وفد نے امیرِ شریعت، مفتی اعظم حضرت مولانا مفتی محمد احمد خان صاحب کا شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کی دینی و ملی خدمات کو قبول فرمائے اور سب کو ملت و سماج کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔








