جمعیۃ الشباب پہرا کے زیر اہتمام ” ایک شام معین گریڈیہوی کے نام” ایک ادبی محفل کا شاندار انعقاد
پہرا گریڈیہہ، جمعیۃ الشباب پہرا کے زیر اہتمام ایک علمی و ادبی پروگرام بنام ” ایک حسین شام معین گریڈیہوی کے نام” کا شاندار انعقاد کیا گیا، یہ پروگرام جناب معین گریڈیہوی صاحب کے اعزاز میں منعقد کیا گیا، جناب معین الدین صاحب جھارکھنڈ کے ضلع گریڈیہہ سے تعلق رکھتے ہیں اور بہار کی راجدھانی پٹنہ میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں، موصوف ایک بہترین شاعر و ادیب ہونے کے ساتھ افسانہ نگار، ہدایت کار، ڈرامہ نگار بھی ہیں۔ اس پروگرام کے کنوینر جناب مفتی مجاہد حسین پہراوی نے حاضرین کے سامنے موصوف کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ ایسے بہت کم لوگ ہیں جو ایک ساتھ اتنی ساری خوبیوں کے مالک ہوتے ہیں، ان کی شخصیت سر زمین پہرا کے لیے بلکہ پورے صوبے کے لیے باعث صد افتخار ہے۔ انھوں نے موصوف کا استقبال اس شعر کے ساتھ کیا کہ ۔
سلیقے سے ہواؤں میں جو خوشبو گھول سکتے ہیں
ابھی کچھ لوگ باقی ہیں جو اردو بول سکتے ہیں
انھوں نے حاضرین کے سامنے گفتگو کرتے ہوئے اردو زبان کے فروغ اور نشر و اشاعت پر زور دیا۔ قاری سجاد صاحب کی تلاوت سے محفل کا آغاز ہوا اور اس کے بعد جناب معین گریڈیہوی صاحب نے حمدیہ کلام، نعتیہ کلام، نظم اور اپنی خوب صورت غزلوں سے سامعین کو خوب محظوظ کیا۔ پروگرام میں پیش کیے گئے کچھ خوب صورت شعر یہ ہیں۔
نعتیہ کلام سے
گلشن دل میں کھلا جب ان کی سنت کا گلاب
عمر بھر کھلتا رہے گا میری قسمت کا گلاب
جاگ جائے گا مقدر میرا بھی محشر کے دن
جب ملے گا آپ کی مجھ کو شفاعت کا گلاب
ماں کے حوالے سے
بھول سکتا نہیں میں یہاں عمر بھر
ماں کے لب پہ جو مچلی مجھے دیکھ کر
وہ ہنسی اور خوشی بھی سلامت رہے
میرے آنگن میں جنت سلامت رہے
اس ادبی پروگرام کی میزبانی جناب مولانا معراج صاحب مظاہری اور جناب قاری سجاد صاحب نے کی، جبکہ بہ طور خاص بھائی عابد صاحب، مزمل بھائی، ریاض صاحب، افضل صاحب مظہر صاحب، مولانا جلال الدین صاحب ماسٹر مشرف صاحب وغیرہ موجود تھے۔