رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند شاخ صوبہ جھارکھنڈ زون ۳ کا اجتماعی امتحان بحسن وخوبی اختتام پذیر
رابطہ مدارس اسلامیہ عربیہ دارالعلوم دیوبند کے قیام کے مقاصد میں ملک کے مدارس کو مرکز سے مربوط کرکے اس کی ہدایات کی روشنی میں نظام تعلیم وتربیت کو مستحکم اور فعال بنانا ہے تاکہ قوم وملت کے نونہالوں میں علوم اسلامیہ میں بہتر صلاحیت پیدا ہو اور علوم نبویہ کا قیمتی اور مبارک اثاثہ نسلاً بعد نسلِ سینہ بہ سینہ منتقل ہوتا رہے اور تاقیامت قرآن وسنت کی روشنی میں امت کی صحیح رہنمائی کا فریضہ انجام پاتا رہے ۔ چناں چہ مدارس کے بچوں میں علوم دینیہ کے تئیں مسابقتی جذبات کو فروغ دینے کے لیے مرکز کی ہدایات پر ملک کے جملہ مربوط مدارس میں سالانہ اجتماعی امتحانات کا نظم کیا جاتا ہے تاکہ مدارس کے اساتذہ وطلباء میں احساس ذمہ داری پیدا ہو اور بہتر تعلیم وتربیت کا خوش گوار ماحول پروان چڑھتا رہے ۔ حسب روایات سابقہ اس سال بھی مورخہ ۲۸؍رجب المرجب ۱۴۴۶ھ مطابق ۲۹؍جنوری ۲۰۲۵ء بروز بدھ ریاست جھارکھنڈ کا مرکزی ادارہ مدرسہ حسینیہ حسین آباد کڈرو ‘رانچی میں اجتماعی امتحان سالانہ کا نظم کیا گیا
جس میںضلع رانچی ‘لوہردگا ‘ گملا کے تقریباً ۱۵؍مدارس کے درجہ حفظ وعربی اول ودوم پر مشتمل ۲۱۸؍ طلباء نے شرکت کی اور اصول وضوابط کو ملحوظ رکھتے ہوئے متعلقہ ممتحنین کو پروقار ماحول میں امتحان دیا ۔درجہ عربی میں سوالات کی رازداری ‘درمیانِ امتحان مطلوبہ نگرانی کا خصوصی اہتمام رہا ۔ رابطہ کا یہ امتحان دونشستوں پر مشتمل تھا ۔ نشست اول ۹تا ۱۲؍بجے اور نشست ثانی ۲تا۴؍بجے جاری رہا ۔ درجہ حفظ کے تینوں فروعات کے لیے ممتحن کی حیثیت سے (۱) جناب قاری محمد اشتیاق صاحب مدرس مدرسہ حسینیہ مانگو جمشیدپور (۲) جناب قاری شہادت صاحب مدرس مدرسہ جامعۃ الشیخ چترا (۳) مفتی عمرفاروق صاحب مظاہری قاضی شریعت دارالقضا امارت شرعیہ لوہردگا کی خدمات حاصل کی گئیں ۔ امتحان کے جملہ نظم وضبط اور شفاف ماحول میں امتحان کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں حضرت مولانا محمد صاحب مہتمم مدرسہ حسینیہ ومعاون صدر رابطہ مدارس جھارکھنڈ ‘ حضرت مولانا عبدالقیوم صاحب قاسمی ضلعی صدر رابطہ مدارس ‘ حضرت مولانا نجم الدین صاحب قاسمی مہتمم جامعہ حسینیہ جامعہ نگر ‘رانچی ‘حضرت مولانا دلاور حسین صاحب قاسمی صدرمدرس دارالعلوم قاسمیہ مدرسہ چوک بلسوکرا‘ حضرت مولانا شہاب الدین صاحب مظاہری وحضرت مولانا محمد مصطفیٰ صاحب مظاہری مدرس مدرسہ عالیہ عربیہ پترا ٹولی کانکے ‘ جناب حاجی قطیب الحق صاحب مہتمم دارالعلوم حسینیہ کوکدوروکا مخلصانہ کرداررہا ۔
حضرت مولانا محمد صاحب مہتمم مدرسہ حسینیہ اور ان کے مخلص اساتذۂ کرام بالخصوص حضرت مفتی محمد قمر عالم قاسمی ‘ حضرت مفتی محمد نصیر الدین صاحب مظاہری ‘حضرت قاری اسعد حسین صاحب ‘مولانا محمد اقبال عادل صاحب ومولانا محمد اسرافیل صاحب وغیرہم نے مربوط مدارس سے آنے والے مہمانان رسول اور ان کے اساتذہ وسرپرستان کی خدمت ‘ضیافت کا فریضہ بحسن وخوبی انجام دیا ۔ رب کریم جملہ واردین وصادرین اور مرکز امتحان مدرسہ حسینیہ رانچی کو ہر طرح کی ترقیات سے نوازے اور شروروفتن سے حفاظت فرمائے ۔آمین ۔اس امتحان میں درج ذیل مدارس کے طلباء نے شرکت کی ‘ مدرسہ حسینیہ‘کڈرو‘رانچی ‘ دارالعلوم قاسمیہ مدرسہ چوک بلسوکرا‘ مدرسہ عالیہ عربیہ پتراٹولی کانکے ‘ جامعہ حسینیہ جامعہ نگر ‘دارالعلوم اشرفیہ پیروٹولہ‘ مدرسہ اسلامیہ محمودیہ سرسا مڑما ‘ جامعہ اسلامیہ رڑگائوں ‘ دارالعلوم حسینیہ کوکدورو‘ جامعہ عربیہ قاسم العلوم بیاسی ‘ مدرسہ عربیہ تجویدالقرآن ہوسیر ‘ مدرسہ امدادالعلوم اٹکی ‘ ارشد المدارس بسواگملا‘ مدرسہ دینیہ عربیہ اٹکی ‘ مفیدالاسلام ملت نگر باری ڈیہہ ‘ جامعہ عثمانیہ اوینا ۔یہ رپورٹ مولانا دلاور حسین قاسمی صدر مدرس دارالعلوم قاسمیہ مدرسہ چوک بلسوکرا نے دی ۔